دیہی ترقیات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

یکم جولائی 2026 سے پورے دیہی ہندوستان میں وکست بھارت جی رام جی ایکٹ کا تاریخی آغاز

دیہی روزگار کو مضبوط بنانے کے لیے 125 دن کی قانونی مزدوری کی ضمانت

منریگا سے وکست بھارت جی رام جی میں ہموار منتقلی یقینی بنائی جائے گی

روزگار، معاش اور دیہی ترقی کو تیز کرنے کے لیے 95,692 کروڑ روپے کا بجٹ مختص

موجودہ جاب کارڈ برقرار رہیں گے، جاری منصوبے بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 11 MAY 2026 12:09PM by PIB Delhi

ہندوستان کے دیہی ترقیاتی سفر میں اہم سنگِ میل طے کرتے ہوئے، حکومتِ ہند نے 11 مئی 2026 کو وکست بھارت، گارنٹی فار روزگار اینڈ آجیویکا مشن (گرامین)(وی بی۔ جی رام جی) ایکٹ 2025 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جسے یکم جولائی 2026 سے ملک بھر میں نافذ کیا جائے گا۔

وی بی۔ جی رام جی ایکٹ کے نافذ ہونے کے ساتھ ہی مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) 2005 منسوخ ہو جائے گا۔ یہ اقدام ہندوستان کے دیہی ترقیاتی نظام میں تاریخی تبدیلی کی علامت ہے اور وکست بھارت @2047 کے قومی وژن کے مطابق مربوط، مستقبل سے ہم آہنگ اور پیداواری دیہی ترقی کے نئے دور کا آغاز کرے گا۔

نئے نظام کے تحت ہر دیہی خاندان، جس کے بالغ افراد غیر ہنر مند دستی کام کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر تیار ہوں گے، انہیں ہر مالی سال میں 125 دن کے بااجرت روزگار کی قانونی ضمانت حاصل ہوگی۔ اس توسیع شدہ ضمانت کا مقصد معاشی تحفظ کو مضبوط بنانا، دیہی آمدنی میں اضافہ کرنا اور گاؤں کی سطح پر پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔

وی بی۔ جی رام جی ایکٹ کے نفاذ سے متعلق گزٹ نوٹیفکیشن دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

مزدوروں کو اپنی مزدوری کی طلب کے مطابق مقررہ مدت کے اندر روزگار فراہم کیا جائے گا۔ اگر ایسا نہ ہو سکا تو ایکٹ کی دفعات کے مطابق مزدور بے روزگاری بھتہ پانے کے حقدار ہوں گے۔

اس ایکٹ میں اجرت کی بروقت اور شفاف ادائیگی پر خاص زور دیا گیا ہے۔ اجرت کی رقم بدستور ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر(ڈی بی ٹی) کے ذریعے مزدوروں کے بینک یا ڈاک خانے کے کھاتوں میں براہِ راست منتقل کی جائے گی۔ اجرت کی ادائیگی ہفتہ وار بنیاد پر یا مسٹر رول بند ہونے کے پندرہ دن کے اندر کی جائے گی۔ مقررہ مدت میں ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں مزدور ایکٹ کی دفعات کے مطابق تاخیر کے معاوضے کے حق دار ہوں گے۔

حکومتِ ہند نے وکست بھارت، جی رام جی ایکٹ 2025 کے مؤثر نفاذ کے لیے جامع مالی بندوبست  کیے ہیں۔ مالی سال 2026 تا 2027 کے لیے مرکزی حکومت نے 95,692.31 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، جو دیہی روزگار پروگرام کے لیے بجٹ تخمینے کے مرحلے پر اب تک کی سب سے بڑی رقم ہے۔

ریاستوں کے متوقع حصے کو شامل کرنے کے بعد پروگرام  کی مجموعی لاگت 1.51 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرنے کا اندازہ ہے۔ توقع ہے کہ یہ رقم دیہی بنیادی ڈھانچے کی ترقی، بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دیہی آمدنی میں اضافے کو نئی رفتار دے گی۔

ہموار، آسان اور مزدورموافق منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے منریگا کے تحت روزگار نئے ایکٹ کے نفاذ تک بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گا۔ 30 جون تک منریگا کے تحت جاری تمام منصوبے محفوظ رہیں گے اور وکست بھارت جی رام جی کی دفعات کے مطابق نئے نظام میں بغیر کسی تعطل کے منتقل کر دیے جائیں گے۔ دیہی مزدوروں کو بروقت کام کی فراہمی اور اجرت کی فوری ادائیگی حکومت کی ترجیح رہے گی۔

حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو طلب اور زمینی ضروریات کے مطابق مناسب بجٹ فراہم کیا ہے تاکہ وی بی- جی رام جی ایکٹ کے نفاذ سے پہلے کسی بھی اہل دیہی خاندان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

موجودہ ای- کے وائی سی تصدیق شدہ منریگا جاب کارڈ، گرامین روزگار گارنٹی کارڈ جاری ہونے تک، وی بی- جی رام جی کے تحت مؤثر رہیں گے۔ جن مزدوروں کے پاس جاب کارڈ موجود نہیں ہیں، وہ گرام پنچایت کی سطح پر رجسٹریشن کر سکتے ہیں۔ صرف ای- کے وائی سی زیرِ التوا ہونے کی بنیاد پر کسی مزدور کو روزگار سے محروم نہیں کیا جائے گا، جبکہ ای- کے وائی سی مکمل کرنے کے لیے سہولتوں کا انتظام ریاستی حکومتیں مقامی سطح پر جاری رکھیں گی۔

وی بی- جی رام جی ایکٹ 2025 کے تحت مختلف مسودہ ضوابط دیہی ترقی کی وزارت کی جانب سے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں سے مشاورت کے بعد تیار کیے جا رہے ہیں۔

  • معیاری اختصاص کے لیے معروضی پیمانوں سے متعلق اصول
  • عبوری انتظامات سے متعلق اصول
  • قومی سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اصول
  • مرکزی گرامین روزگار گارنٹی کونسل کے اصول
  • انتظامی اخراجات سے متعلق اصول
  • شکایات کے ازالے سے متعلق اصول
  • اجرت اور بے روزگاری بھتہ کی ادائیگی کے طریقۂ کار سے متعلق اصول
  • اضافی اخراجات برداشت کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق اصول
  • بغیر قانون ساز اسمبلی والے مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کی اسکیم کے اخراجات برداشت کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق اصول۔

مہاتما گاندھی نریگا سے وی بی- جی رام جی میں ہموار منتقلی یقینی بنانے کے لیے عبوری انتظامات سے متعلق قواعد میں مناسب دفعات شامل کی جا رہی ہیں، جن کے جلد شائع ہونے کی توقع ہے۔ مذکورہ بالا مختلف دیگر قواعد کے مسودے بھی تیار کر لیے گئے ہیں اور انہیں عوامی مشاورت کے لیے جلد جاری کیا جائے گا۔

توقع ہے کہ وکست بھارت، جی رام جی ایکٹ 2025  سےروزگار کے مواقع، دیہی ترقی اور دیہات میں خود کفالت کو نئی رفتار ملے گی۔ گرام پنچایتوں کو دیہی تبدیلی کا مرکزی ستون بنا کر یہ ایکٹ ایک بااختیار، خوشحال اور ترقی یافتہ دیہی ہندوستان کی تعمیر میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اکثر پوچھے جانے والے سوالات پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تفصیلی وضاحت نامہ  دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 

ش ح۔ م ش ع۔ن م۔

U-6897

                          


(ریلیز آئی ڈی: 2259737) وزیٹر کاؤنٹر : 11