کابینہ

کابینہ نے کولکاتہ پورٹ ٹرسٹ کا نیا نام شیاما پرساد مکھرجی ٹرسٹ کرنے کو منظوری دی

Posted On: 03 JUN 2020 5:13PM by PIB Delhi

نئی دہلی،  3/مئی 2020 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ نے کولکاتہ پورٹ ٹرسٹ کا نیا نام شیاما پرساد مکھرجی پورٹ رکھنے کو اپنی منظوری دے دی ہے۔

کولکاتہ پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز نے 25 فروری 2020 کو منعقدہ اپنی میٹنگ میں ایک قرارداد منظور کرکے ماہر قانون،معلم، مفکر اور عوام الناس کے لیڈر شیاما پرساد مکھرجی کی کثیر جہتی صلاحیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کولکاتہ پورٹ ٹرسٹ کا نیا نام شیاما پرساد مکھرجی پورٹ، کولکاتہ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

کولکاتہ بندرگاہ کی 150ویں یوم تاسیس سے متعلق افتتاحی تقریب کے موقع پر 12 جنوری 2020 کو مغربی بنگال کے عوام کے جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ اعلان کیا گیا کہ کولکاتہ بندرگاہ کا نام بدل کر اسے نیا نام ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کیا جائے گا، جنھیں مغربی بنگال کا سب سے لائق سپوت اور قومی اتحاد کو بنائے رکھنے میں پیشرو، بنگال کی ترقی کا خواب سجانے والا، صنعت کاری کے لئے باعث تحریک اور ایک قوم کے لئے ایک قانون کا زبردست حامی مانا جاتا تھا۔

پس منظر:

کولکاتہ بندرگاہ پہلی اہم بندرگاہ ہونے کے ساتھ ساتھ ندی کے کنارے واقع ملک کی پہلی بندرگاہ ہے۔ 1870 کے ایکٹ V کے مطابق کلکتہ بندرگاہ کی اصلاحات کے لئے کمشنروں کی تقرری پر 17 اکتوبر 1870 کو یہ ایک ٹرسٹ کے زیر انتظام آئی۔ اس کا ذکر انڈین پورٹ ایکٹ 1908 کے  تحت اہم بندرگاہوں سے متعلق پہلے شیڈول، جزو اوّل کے نمبرشمار 1 میں ملتا ہے اور اس کا انتظام و انصرام میجر پورٹ ٹرسٹ ایکٹ 1963 کے مطابق ہوتا ہے۔ کولکاتہ بندرگاہ نے اپنے سفر کے 150 سال طے کئے ہیں۔ یہ تجارت، کامرس اور اقتصادی ترقی کے لئے ہندوستان کا اہم دروازہ ہے۔ یہ آزادی کے لئے ہندوستان کی جدوجہد، پہلی اور دوسری عالمی جنگ اور ملک میں بالخصوص مشرقی ہندوستان میں ہورہی سماجی – اقتصادی تبدیلیوں کی گواہ بھی رہی ہے۔

عام طور پر ہندوستان کی اہم بندرگاہوں کے نام شہر یا اس قصبے کے نام پر ہیں جہاں وہ واقع ہیں، حالانکہ خصوصی معاملات میں یا معروف و مشہور لیڈروں کے تعاون پر غور کرنے کے سبب کچھ بندرگاہوں کے نام پہلے بھی قومی رہنماؤں کے نام پر کئے گئے ہیں۔ نہیوا شیوا پورٹ ٹرسٹ کو 1989 میں جواہر لال نہرو پوسٹ ٹرسٹ کا نام دیا گیا۔ ٹیوٹی کورین پورٹ ٹرسٹ کا نام بدل کر 2011 میں وی او چدمبرنار پورٹ ٹرسٹ کردیا گیا اور اینور پورٹ لمیٹڈ کو معروف مجاہد آزادی اور تمل ناڈو کے سابق وزیر اعلیٰ جناب کے کاماراجار پورٹ لمیٹڈ کردیا گیا۔ حال میں 2017 میں کاندلا پورٹ کا نام بدل کر دین دیال بندرگاہ کردیا گیا۔ اس کے علاوہ متعدد ہوائی اڈوں کے نام ہندوستان کے عظیم لیڈروں کے نام پر رکھے گئے ہیں۔

 

******

 

م ن۔ م م۔ م ر

U-NO. 3022

03.06.2020


(Release ID: 1629261) Visitor Counter : 302