وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

قومی فلم ایوارڈزپروگرام، ملک کے بہترین سیاحتی مقامات پر منعقد ہوں گے


مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اگلے قومی فلم ایوارڈز تقاریب کی خاطر اپنی بہترین سیاحتی مقامات  کی تجویز پیش کرنے کے لیے ریاستوں کو مدعو کیا

قومی فلم ایوارڈز ،کانفرنس رومز تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ عوام تک پہنچیں گے: اشونی ویشنو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 22 SEP 2026 1:09PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر جناب اشونی ویشنو نے آج کہا کہ قومی فلم ایوارڈز کو ملک کے بہترین سیاحتی مقامات تک لے جایا جا رہا ہے۔ یہ پہل وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے اس تصور سے متاثر ہے کہ قومی تقریبات کو روایتی مقامات تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں ملک بھر کے مختلف مقامات تک لے جایا جائے اور عوام کو ان سے جوڑا جائے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جناب اشونی ویشنو نے کہا، ’’ہم معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی کے وژن سے متاثر ہوکر قومی فلم ایوارڈز کو ملک کے بہترین سیاحتی مقامات تک لے جارہے ہیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ایکتا نگر نے پوری دنیا میں اپنی پہچان بنائی ہے اور یہ ایک انتہائی پرکشش سیاحتی مقام ہے، جہاں دنیا کا سب سے بلند مجسمہ، سردار ولبھ بھائی پٹیل کا مجسمہ، قائم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہندوستان کی معزز صدر اور ملک بھر سے بھارتی فلمی صنعت کی ممتاز شخصیات ایسے معروف سیاحتی مقام کا دورہ کریں گی تو اس سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس مقام کے بارے میں جاننے اور اسے دیکھنے کا موقع ملے گا۔

وزیر موصوف نے کہا کہ کوشش یہ ہے کہ قومی فلم ایوارڈز کو کانفرنس روم تک محدود رکھنے کے بجائے عوام کے قریب لایا جائے اور سیاحت کے ذریعے اسے فروغ دیا جائے اور مزید آگے بڑھایا جائے۔

جناب اشونی ویشنو نے تمام ریاستوں کو دعوت دی کہ وہ قومی فلم ایوارڈز کی میزبانی کے لیے اپنے بہترین سیاحتی مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ تجاویز میں بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ سیاحتی مقام کی ہمہ جہت ترقی کا منصوبہ بھی شامل ہونا چاہیے۔ جس ریاست کی تجویز منتخب ہوگی، وہ مجوزہ سیاحتی مقام پر آئندہ قومی فلم ایوارڈز کی میزبانی کرے گی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/sep/image001_20260922131049_2bb4fa.jpg

وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ جب وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جی 20 سربراہ اجلاس کی میزبانی کی تھی تو اس کے پروگرام ملک کے مختلف حصوں اور مختلف ریاستوں میں منعقد کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومی فلم ایوارڈز کو بھی اسی وسیع تر سوچ کے تحت ملک کے مختلف حصوں تک لے جایا جارہا ہے، جس کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ فلم اور سیاحت کو کس طرح ایک ساتھ جوڑا جاسکتا ہے۔

جناب اشونی ویشنو نے کہا کہ فلم اور سیاحت کو ایک ساتھ جوڑنے سے سیاحتی مقامات کو فائدہ پہنچے گا اور قومی فلم ایوارڈز کو کانفرنس روم سے باہر نکال کر ملک بھر میں حقیقی سیاحتی مقامات تک پہنچانے میں بھی مدد ملے گی۔

****

ش ح۔ع ح۔م ش

U.NO-3905


(ریلیز آئی ڈی: 2313369) وزیٹر کاؤنٹر : 11