وزیراعظم کا دفتر

انڈیا آئیڈیاز سمٹ سے وزیراعظم کا کلیدی خطاب


عالمی معاشی استحکام مضبوط گھریلو اقتصادی صلاحیتوں کےذریعے حاصل کیاجاسکتا ہے: وزیراعظم

ہندوستان‘ آتم نربھر بھارت’کی پُرزوراپیل کے ذریعے ایک خوشحال اور مستحکم دنیا بنانے کے لئے تعاون فراہم کررہاہے: وزیراعظم

ہندوستان میں سرمایہ کاری کیلئے اس سے بہتر کبھی کوئی وقت نہیں رہا ہے:وزیراعظم

ہندوستان مواقع کی سرزمین کے طور پر اُبھر رہاہے:وزیراعظم

ہند-امریکہ شراکت داری عالمی وباکے بعد تیزی کے ساتھ دنیا کو پٹری پر لانے میں ایک اہم رول ادا کرسکتی ہے:وزیراعظم

Posted On: 22 JUL 2020 9:25PM by PIB Delhi

نئی دہلی:22 جولائی، 2020:

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج انڈیا آئیڈیاز سمٹ سے کلیدی خطاب کیا۔ اس سمٹ کی میزبانی یو ایس-انڈیا بزنس کونسل (یو ایس آئی بی سی) کررہا ہے۔ اس سال کی سمٹ کامرکزی خیال ‘ایک بہتر مستقبل کی تعمیر’ ہے۔

وزیراعظم نے یو ایس آئی بی سی کو اس سال 45ویں سالگرہ منانے کیلئے مبارکباد دی۔ انہوں نے ہند-امریکہ اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینےکیلئے یو ایس آئی بی سی کی قیادت کاشکریہ ادا کیا۔

مضبوط گھریلو اقتصادی صلاحیتوں کے ذریعے عالمی اقتصادی استحکام

وزیراعظم نے غریب اور کمزور لوگوں کو ترقی کے ایجنڈے میں اولین مقام دینے کی ضرورت کےبارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ‘ایز آف لیونگ’ (زندگی بسر کرنے کی آسانی) اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ‘ایز آف بزنس’ (تجارت کرنے کی آسانی)ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وبا نے معاشی اقتصادی استحکام کی اہمیت کےبارے میں ہمیں یاد دلادی ہے۔ عالمی اقتصادی استحکام کو مضبوط گھریلو اقتصادی صلاحیتوں کےذریعے حاصل کیاجاسکتا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ ہندوستان ‘آتم نربھر بھارت’ کی پُرزور اپیل کےذریعے ایک خوشحال اور مستحکم دنیابنانے کیلئے تعاون کررہاہے۔

ہندوستان کھلے پن ، مواقع اور اختیارات کا کامل امتزاج پیش کرتاہے

وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان کے تئیں عالمی سطح پر رجائیت پائی جاتی ہے کیوں کہ ہندوستان کھلے پن، مواقع اور اختیارات کا کامل امتزاج پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 6 برسوں کے دوران ملک کی معیشت کو مزید کشادہ اور اصلاحات پر مبنی  بنانے کی  کوششیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقتصادی اصلاحات نے مسابقت،اضافہ شدہ شفافیت، وسیع ڈیجیٹائزیشن ،وسیع اختراع اور مزید پالیسی استحکام کو یقینی بنایا ہے۔

ایک حالیہ رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں شہری انٹرنیٹ یوزر سے زیادہ دیہی انٹرنیٹ یوزر ہیں۔ ہندوستان کو مواقع کی سرزمین قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اب تقریباً نصف بلین فعال انٹرنیٹ یوزر  ہیں جبکہ نصف بلین سے زائد لوگوں کو انٹرنیٹ سے مزید جوڑاجارہا ہے۔ انہوں نے سرحدی ٹیکنالوجیوں 5جی، بگ ڈیٹا اینالائٹکس،کوانٹم کمپیوٹنگ، بلاک چین اور انٹرنیٹ  میں مواقع کا بھی ذکرکیا۔

مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع

وزیراعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستان کے اندر مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے زراعت کے شعبوں میں کی گئی حالیہ تاریخی اصلاحات کے بارے میں گفتگو کی اور کہا کہ زرعی ساز وسامان اور مشینری ، زرعی سپلائی چین، خوراک کی ڈبہ بندی کے سیکٹر، ماہی پروری اور نامیاتی پیداوار سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے مواقع ہیں۔اس بات کو نوٹ کرتےہوئے کہ ہندوستان میں حفظان صحت کاشعبہ ہرسال 22فیصد سے زیادہ تیزی کے ساتھ ترقی کررہا ہےاور میڈیکل ٹیکنالوجی، ٹیلی میڈیسن اور ڈائگنوسٹک کی پیداوار میں ہندوستانی کمپنیوں کی   پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب حفظان صحت کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کی توسیع کرنے کا بہترین وقت ہے۔

وزیراعظم نے متعدد دیگر شعبوں کا ذکرکیا جس میں سرمایہ کاری کرنے کے وسیع مواقع ہیں، ان شعبوں میں توانائی سیکٹر،مکانات کی تعمیر سمیت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ، سڑکیں، شاہراہیں،بندرگاہیں  اور شہری ہوابازی شامل ہیں۔ شہری ہوابازی کے شعبے میں سرکردہ نجی انڈین ایئرلائنسیں آنے والی دہائی میں ایک ہزار سے زائد نئے طیاروں کو شامل کرنے کا  منصوبہ بنارہی ہیں۔اس طرح سے کسی بھی سرمایہ کار کیلئے جو کہ ہندوستان  میں مینوفیکچرنگ کی سہولتیں قائم کرناچاہتاہے، اس کے لئے  مواقع پیداہورہےہیں۔ اسی طرح سے رکھ رکھاؤ،مرمت اور آپریشن سہولتیں قائم کرنے کیلئے بھی مواقع پیداہورہےہیں۔ انہوں نےکہا کہ ہندوستان دفاع کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری  (ایف ڈی آئی) کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 74 فیصد تک کررہاہے۔ دفاعی آلات اور پلیٹ فارم کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرنےکیلئے ملک میں دو دفاعی راہداریاں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ نجی اور غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے  خصوصی ترغیبات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے خلائی شعبے میں کی جارہی اہم اصلاحات کا بھی ذکر کیا۔

فائنانس اور بیمہ کے سیکٹر میں سرمایہ کاری کو مدعو کرنے کیلئے وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے بیمہ میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے ایف ڈی آئی کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 49فیصد کردیا ہےجبکہ انشورنس کی تیسری پارٹی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے 100فیصد ایف ڈی آئی کی اجازت دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت،زراعت، تجارت اور لائف انشورنس میں  بیمہ کور بڑھانے کیلئے  بڑے پیمانے پر وسیع مواقع ہیں۔

ہندوستان میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری

وزیراعظم نے عالمی بینک کی تجارت کرنے کی آسانی کی درجہ بندی میں ہندوستان کے بڑھتے مقام کے بارے میں گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہر سال ہندوستان غیرملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں ریکارڈ بلندیوں کوچھو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سال  20-2019 کے دوران ہندوستان میں ایف ڈی آئی کی آمد 74 بلین ڈالر تھی جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے 20فیصد کا اضافہ ہے۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عالمی وبا کے دوران بھی ہندوستان نے اس سال اپریل اور جولائی کے درمیان 20 بلین ڈالر سے زیادہ کی غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا ہے۔

ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے بہترین وقت

وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان کے پاس وہ سب کچھ ہے جس کی ضرورت عالمی اقتصادی بازیابی کو قوت فراہم کرنے کیلئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ترقی کا مطلب ایک ایسے ملک کے ساتھ تجارتی مواقع میں اضافہ ہے جس پر اعتماد کیاجاسکتا ہے۔ بڑھتی ہوئی کشادگی کے ساتھ عالمی استحکام میں اضافہ، بازار تک رسائی کےساتھ مسابقت میں اضافہ اور ہنرمند افرادی وسائل کی دستیابی کےساتھ سرمایہ کاری پر منافع میں اضافہ ہے۔امریکہ اور ہندوستان کو ایک فطری شراکت دار قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے مابین یہ شراکت داری عالمی وبا کے بعد تیزی کے ساتھ دنیا کو پٹری  پر لانے میں ایک اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ امریکی سرمایہ کاروں تک پہنچتے  ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنےکیلئے اس سے بہتر کبھی بھی کوئی وقت نہیں رہا ہے۔

 

-----------------------

 

م ن۔م ع۔ ع ن

U NO: 4088



(Release ID: 1640530) Visitor Counter : 271