وزارت اطلاعات ونشریات
ہندوستانی فلمی صنعت کے فروغ کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات کے دو بڑے فیصلے
प्रविष्टि तिथि:
29 JUN 2026 8:27PM by PIB Delhi
مرکزی وزارت اطلاعات و نشریات نے ہندوستانی فلمی صنعت کی ترقی اور ملک بھر میں سنیما گھروں کی تعداد بڑھانے کے مقصد سے دو اہم فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔ ان فیصلوں کا مقصد فلم سازی، تقسیم، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سنیما بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینا ہے۔
یہ فیصلے مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات جناب اشونی ویشنو کی صدارت میں نئی دہلی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں وزارت کے سینئر حکام نے شرکت کی، جہاں وزیر موصوف نے فلمی صنعت کی پیداوار، تقسیم اور تکنیکی انضمام کو مضبوط بنانے کے لیے فوری ساختی اقدامات کی ہدایت دی۔
وزارت نے ایک اعلیٰ سطحی مطالعاتی گروپ بھی تشکیل دیا ہے، جس کی سربراہی معروف شاعر، نغمہ نگار اور سینسر بورڈ کے چیئرمین پرسون جوشی کریں گے۔ اس گروپ میں فلمی صنعت کے ماہرین اور ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ ماہرین بھی شامل ہوں گے۔
یہ گروپ ہندوستانی سنیما کو درپیش مواقع اور چیلنجوں کا تفصیلی جائزہ لے گا اور شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سفارشات پیش کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی فلموں کو عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بنانے کے لیے قابلِ عمل تجاویز بھی دے گا۔
مطالعاتی گروپ ہندوستانی فلموں کی عالمی منڈی میں مسابقت بڑھانے، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ورچوئل پروڈکشن جیسی نئی ٹیکنالوجیز کے اثرات، فلم سازوں کے لیے ادارہ جاتی مالی معاونت اور نئے سرمایہ کاری ذرائع، فلموں کی تیاری اور تقسیم کے لیے سرمایہ حاصل کرنے میں پیش آنے والی مشکلات، نیز ریاستی حکومتوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔
گروپ ملک بھر کے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ وزارت کو پیش کرے گا۔
دوسرے اہم فیصلے کے تحت وزارت نے ریاستی حکومتوں کے لیے ماڈل اسٹیٹ سنیما ریگولیشنز بھی تیار کیے ہیں۔ چونکہ سنیما گھروں اور تھیٹروں کا نظم و نسق ریاستی دائرۂ اختیار میں آتا ہے اور مختلف ریاستوں میں اجازت ناموں کے الگ الگ ضابطے رائج ہیں، اس لیے اسے سنیما بنیادی ڈھانچے کی ترقی، خصوصاً چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں، ایک بڑی رکاوٹ تصور کیا جاتا رہا ہے۔
وزارت نے تمام متعلقہ فریقوں سے مشاورت کے بعد یہ ماڈل ضوابط تیار کرکے تمام ریاستی حکومتوں کو بھیج دیے ہیں اور ان سے اپیل کی ہے کہ وہ انہیں اختیار کریں۔ وزارت ان ضوابط کے مؤثر نفاذ میں بھی ریاستوں کی ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
وزارت کے مطابق ان دونوں اقدامات سے ہندوستانی فلمی صنعت کو جدید، مضبوط اور عالمی سطح پر زیادہ مسابقتی بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ ہندوستانی سنیما تخلیقی صلاحیت، ثقافت اور اختراع کا مؤثر ذریعہ بنا رہے گا۔
************
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 9336)
(रिलीज़ आईडी: 2279184)
आगंतुक पटल : 10