وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav

مرکز نے ریاستوں سے زور دے کر کہا کہ وہ انڈیا سینی ہب پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے عالمی فلم پروڈکشن کو مقامی طور پر سہولت فراہم کریں؛ ساتھ ہی پسماندہ علاقوں میں کم لاگت سنیما کے فروغ کے لیے روڈ میپ بھی پیش کیا


فلمی اجازت ناموں کے عمل کو آسان بنانے سے بھارتی فلمی شعبے میں کاروبار کرنے کی سہولت میں اضافہ ہوا ہے؛ وزیر مملکے ڈاکٹر ایل مورگن نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر سنیما کی پہل خواتین اور مقامی برادریوں کو بھی بااختیار بناتی ہے

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے عوامی ابلاغ میں مرکز اور ریاستوں کے مابین ہم آہنگی کو مضبوط کرنے اور میڈیا و تفریحی شعبے میں تخلیقی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ریاستوں/ مرکز زیرانتظام علاقوں کے اطلاعات و عوامی روابط کے سکریٹریوں کی کانفرنس کی میزبانی کی

مرکز نے ریاستوں سے کہا ہے کہ پریس سیوا پورٹل کے مکمل نفاذ کو یقینی بنائیں، اس کے لیے نامزد حکام کو مطلع کریں تاکہ جرائد کے اندراج اور تعمیل کے عمل میں سہولت فراہم ہو

مرکز نے ریاستوں کو ترغیب دی کہ وہ آئی ایف ایف آئی اور ویوز کا فائدہ اٹھائیں تاکہ مقامات اور صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے، تقریبات کی منظوری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے، تفریحی ڈھانچے کو فروغ دیا جا سکے اور کل کے تخلیقی ذہنوں کو پروان چڑھایا جا سکے

Posted On: 05 AUG 2025 6:39PM by PIB Delhi

اطلاعات و نشریات کی وزارت نے 5 اگست 2025 کو وگیان بھون، نئی دہلی میں ریاستوں اور مرکز زیرانتظام علاقوں کے اطلاعات و عوامی روابط (آئی اینڈ پی آر) کے سکریٹریوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس کی میزبانی کی۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مورگن، سکریٹری اطلاعات و نشریات جناب سنجے جاجو اور دیگر سینیئر حکام نے کانفرنس سے خطاب کیا۔ اس کانفرنس کا مقصد عوامی ابلاغ میں مرکز اور ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، پریس سیوا پورٹل اور انڈیا سینی ہب کے مکمل نفاذ اور فعال کارکردگی کو یقینی بنانا، اور فلمی ڈھانچے کی ترقی اور ہندوستان کی تخلیقی معیشت کو مختلف خطوں میں فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

 

میڈیا اصلاحات اور ہندوستان کی تخلیقی معیشت کا فروغ

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مورگن نے کہا کہ انڈین سینی ہب پورٹل کو ایک متحد سنگل ونڈو سسٹم میں تبدیل کر دیا گیا ہے جو پورے ہندوستان میں فلم سازی کے اجازت ناموں اور خدمات تک آسان اور مربوط رسائی فراہم کرتا ہے۔ جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) کی خصوصیات اور مشترکہ فارم کے ساتھ، یہ کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ دیتا ہے اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان کی فلم دوست پالیسیوں کو اجاگر کرتا ہے۔

 

 

وزیر موصوف نے گراس روٹ سطح پر سنیما سے متعلق ایسی پہل کو بھی اجاگر کیا جو کم لاگت تھیٹروں کے ذریعے خواتین اور مقامی برادریوں کو بااختیار بناتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ویوز 2025 اور آئی ایف ایف آئی گوا جیسے بڑے عالمی پروگرام عالمی ٹیلنٹ کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں، ہندوستان کی تخلیقی معیشت کو فروغ دیتے ہیں، دنیا بھر میں ثقافتی سفارت کاری کو آگے بڑھاتے ہیں اور آنے والے کل کے تخلیقی ذہنوں کو با اختیار بناتے ہیں۔

انہوں نے حال ہی میں قائم کیے گئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کری ایٹو ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی) پر خصوصی توجہ دی، جس کا مقصد نوجوانوں کو اینیمیشن، گیمنگ، موسیقی اور دیگر تخلیقی شعبوں میں مہارت فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے تخلیق کاروں کی معیشت کو فروغ دینے کے لیے حکومت ہند کی کوششوں کو بھی نمایاں کیا۔

 

میڈیا کی ترقی کے لیے اشتراکی طرز حکمرانی

اس موقع پر سکریٹری اطلاعات و نشریات جناب سنجے جاجو نے مؤثر ابلاغ اور میڈیا کی ترقی میں مرکز اور ریاستوں کے باہمی تعاون کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل تخلیق کاروں اور مقامی زبان کے میڈیا کے بڑھتے ہوئے رجحان اور ضلع کی سطح پر اطلاعات و عوامی روابط کے ڈھانچے کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اشاعتی عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے پریس سیوا پورٹل کے ساتھ انضمام کریں اور میڈیا محکموں میں بکھری ہوئی ذمے داریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

 

 

جناب جاجو نے سنیما اور مواد کی تخلیق کی معاشی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ بڑے شہروں سے آگے بڑھ کر مقامی ٹیلنٹ کی معاونت ضروری ہے۔ فلم سازی کو فروغ دینے اور تخلیق کاروں کو اپنے مواد سے آمدنی حاصل کرنے کے قابل بنانے کے لیے انڈیا سینی ہب جیسی پہل کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے ویوز سمٹ کو ایک عالمی تحریک قرار دیا اور آئی ایف ایف آئی گوا کے دوران ایک ریڈیو کنکلیو منعقد کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تاکہ میڈیا کے شعبے میں مکالمے اور تعاون کو مزید گہرا کیا جا سکے۔

 

اہم توجہ کے شعبے:

کانفرنس کے اہم توجہ کے شعبوں میں سے ایک ریاستوں اور مرکز زیرانتظام علاقوں کے متعلقہ افسران کو پریس سیوا پورٹل کے بارے میں آگاہ کرنا اور ان کا اندراج کرنا تھا۔ یہ پورٹل پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریوڈیکلز ایکٹ 2023 کے تحت ہندوستان کے پریس رجسٹرار جنرل نے تیار کیا ہے، جو ایک سنگل ونڈو ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے اور جرائد کے اندراج اور تعمیل کے عمل کو آسان بناتا ہے۔

ایک اور اہم پہلو انڈیا سینی ہب پورٹل پر زور دینا تھا، جسے 28 جون 2024 کو نئے سرے سے شروع کیا گیا۔ یہ پورٹل اب پورے ہندوستان میں فلم سے متعلق سہولت کاری کے لیے ایک سنگل ونڈو سسٹم کے طور پر کام کرتا ہے، جو فلم بندی کے اجازت ناموں، ترغیبات اور وسائل کے نقشے تک مرکزی، ریاستی اور مقامی سطح پر مربوط رسائی فراہم کرتا ہے۔ سات ریاستوں اور دو مرکز زیرانتظام علاقوں نے مکمل انضمام مکمل کر لیا ہے، جب کہ اکیس ریاستوں اور چھ مرکز زیرانتظام علاقوں کو کامن ایپلیکیشن فارم کے ذریعے شامل کیا جا چکا ہے۔

انڈیا سینی ہب پورٹل جغرافیائی معلوماتی نظام (جی آئی ایس) پر مبنی مقامات کی میپنگ، صنعت کے ماہرین سے حاصل کردہ مواد، اور فلم بندی، غیر فلم بندی اور ترغیبات کے لیے الگ الگ ورک فلو کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ کانفرنس میں درخواستوں کی کارروائی اور تصدیق شدہ ڈیٹا فراہم کرنے پر بات ہوئی تاکہ ہندوستان کو ایک عالمی فلم بندی کی منزل کے طور پر مزید پرکشش بنایا جا سکے۔

کانفرنس میں پسماندہ علاقوں میں کم لاگت سنیما ہالوں کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی۔ دنیا میں فلموں کے سب سے بڑے پیداواری ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود، بھارت میں سنیما کے ڈھانچے تک رسائی غیر متوازن رہی ہے۔ وزارت نے ماڈیولر اور موبائل سنیما ماڈل تیار کرنے کی تجویز دی تاکہ درجہ-3 اور درجہ-4 شہروں، دیہی علاقوں اور ترقی کے خواہاں اضلاع کو خدمات فراہم کی جا سکیں۔

کانفرنس میں اس بات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا کہ کس طرح جی آئی ایس میپنگ کے ذریعے کم اسکرین کثافت والے علاقوں کی نشاندہی کی جائے، موجودہ عوامی ڈھانچے کو دوبارہ استعمال میں لایا جائے، سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعے لائسنس کے عمل کو آسان بنایا جائے اور نجی سرمایہ کاری کو کم لاگت سنیما ڈھانچے کی طرف راغب کرنے کے لیے ٹیکس اور زمین کی پالیسی پر مبنی ترغیبات پیش کی جائیں۔

 

 

بین الاقوامی فلم فیسٹیول آف انڈیا (آئی ایف ایف آئی) اور ویوز (WAVES) بازار جیسے بڑے فلم اور مواد کے پلیٹ فارموں میں شرکت بھی بحث میں شامل ہے۔ ریاستوں اور مرکز زیر انتظام علاقوں کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ ان پلیٹ فارموں کو اپنی فلم بندی کے مقامات کی نمائش، علاقائی ترغیبات کو فروغ دینے اور مقامی ٹیلنٹ کی حمایت کے لیے استعمال کریں۔ 55ویں آئی ایف ایف آئی میں 114 ممالک سے شرکت دیکھی گئی اور اس سے منسلک WAVES بازار نے 30 ممالک کے 2,000 سے زیادہ صنعتی مندوبین کی میزبانی کی۔ ریاستیں خصوصی پویلین قائم کرکے، انڈین پینوراما میں داخلوں کی سہولت فراہم کرکے اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی نمائش کے لیے نامزد کرکے ان مواقع سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں۔

بحث کا ایک اور اہم شعبہ ہندوستان کی رواں تفریحی معیشت کی ترقی تھا۔ کانفرنس میں ریاستوں کے ساتھ ایونٹ کے لیے موجودہ کھیلوں اور ثقافتی بنیادی ڈھانچے کو استعمال کرنے، انڈیا سنے ہب میں اجازت کے کام کے بہاؤ کو ضم کرنے، نوڈل افسروں کی تقرری، اور لائیو تفریحی انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے لیے پالیسی اور مالی تعاون کے قیام کے بارے میں بات چیت کی گئی۔

 

اس اعلیٰ سطحی بات چیت کا مقصد میڈیا، مواصلات اور تخلیقی معیشت کی ترقی میں تعاون کو تقویت دینا تھا، جو کہ ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور ثقافتی طور پر متحرک معاشرے کے طور پر ہندوستان کی ترقی میں تعاون کرتا ہے۔

**********

ش ح۔ ف ش ع

                                                                                                                                       U: 4136

 


(Release ID: 2152771)