امور داخلہ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندی دیوس 2024 کے موقع پر مرکزی وزیر داخلہ اور امداد باہمی کے وزیر جناب امت شاہ کا پیغام

Posted On: 14 SEP 2024 9:15AM by PIB Delhi

مرکزی وزیر داخلہ اور امدادِ باہمی کے وزیر جناب امت شاہ نے آج ہندی دیوس کے موقع پر ہم وطنوں کو نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ ہندی دیوس پر اپنے پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ مبارک دن ہم سب کے لیے بہت اہم ہے، کیونکہ 14 ستمبر 1949 کو بھارت کی دستور ساز اسمبلی نے ہندی کو یونین کی سرکاری زبان کے طور پر قبول کیا تھا۔ جناب امت شاہ نے کہا کہ اس کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں اور ہم اس سال سرکاری زبان کی ڈائمنڈ جوبلی منانے جا رہے ہیں۔ 75 سال کا یہ سفر ہندی، دفتری زبان اور ہماری تمام ریاستوں کی متعلقہ زبانوں کے لیے بہت اہم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندی نے کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، لیکن آج اس مقام پر کھڑے ہو کر وہ یہ ضرور کہہ سکتے ہیں کہ ہندی کا کسی مقامی زبان سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ہندی تمام ہندوستانی زبانوں کی دوست ہے اور ہندی و دیگر زبانیں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواہ گجراتی زبان ہو، مراٹھی ہو، تیلگو ہو، ملیالم ہو، تمل ہو یا بنگلہ، ہر زبان ہندی کو مضبوط کرتی ہے اور ہندی ہر زبان کو مضبوط کرتی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر ہم ہندی تحریک کو غور سے دیکھیں، خواہ وہ راجگوپالاچاری جی ہوں، مہاتما گاندھی ہوں، سردار ولبھ بھائی پٹیل ہوں، لالہ لاجپت رائے ہوں، نیتا جی سبھاش چندر بوس ہوں یا آچاریہ کرپلانی ہوں، ان سبھی کا تعلق غیر ہندی بولنے والے علاقوں سے تھا۔ انہوں نے کہا کہ شری آئینگر اور شری کے ایم منشی کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی نے دستور ساز اسمبلی کو ایک رپورٹ پیش کی تھی کہ ہندی کو سرکاری زبان کے طور پر تسلیم کیا جائے اور ہندی اور ہماری دیگر تمام زبانوں کو تقویت دی جائے۔ ان دونوں قائدین کا تعلق بھی غیر ہندی بولنے والے علاقوں سے تھا۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں گذشتہ 10 برسوں میں ہندی اور مقامی زبانوں کو مضبوط بنانے کے لیے بہت کام کیا گیا ہے۔ مودی جی نے بہت سے بین الاقوامی فورمز پر ہندی میں خطاب کیا ہے اور ہندی کی اہمیت کو نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں پیش کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی نے ملک کے اندر ہماری زبانوں کے تئیں فخر کے احساس کو بھی بڑھایا ہے۔ ان 10 برسوں میں، ہم نے کئی ہندوستانی زبانوں کو مضبوط کرنے کی بہت کوششیں کی ہیں۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے نئی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان میں ابتدائی تعلیم دینے کو اہمیت دے کر ہماری تمام زبانوں اور ہندی کو ایک نئی زندگی دی ہے۔

جناب امت شاہ نے کہا کہ ہم نے ان 10 برسوں میں ایک ٹول ’کنٹھستھ‘ تیار کیا ہے۔ ہم نے گزشتہ 10 برسوں میں پارلیمانی سرکاری زبان کمیٹی کی چار رپورٹیں پیش کی ہیں اور سرکاری کاموں میں ہندی کو نمایاں کرنے کے لیے کام کیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں، دفتری زبان کا محکمہ آٹھویں شیڈول میں درج تمام زبانوں میں ہندی سے ترجمہ کے لیے ایک پورٹل بھی لا رہا ہے، جس کے ذریعے ہم مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی حرف یا تقریر کو بہت ہی کم وقت میں تمام زبانوں میں ترجمہ کر سکیں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ اس سے ہندی اور مقامی زبانوں کو کافی تقویت ملے گی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آج وہ ایک مرتبہ پھر سب کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہماری زبانیں دنیا کی امیر ترین زبانوں میں شامل ہیں۔ ہندی ہمیں اور ہماری تمام زبانوں کو جوڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دستور ساز اسمبلی کی روح ہے کہ ملک کے تمام شہری ایک دوسرے سے ہندوستانی زبان میں بات چیت کریں، چاہے وہ ہندی ہو، تمل ، تیلگو، ملیالم یا گجراتی۔ ہندی کو مضبوط کرنے سے یہ تمام زبانیں بھی لچکدار ہوں گی اور پھلے پھولیں گی اور انضمام کے عمل سے تمام زبانیں ہماری ثقافت، تاریخ، ادب، گرامر اور ہمارے بچوں کے سنسکار کو بھی آگے لے جائیں گی۔

مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ اس لیے وہ ہندی دیوس کے موقع پر تمام ہم وطنوں سے اپیل کرنا چاہتے ہیں کہ آئیے عہد لیں، ہندی اور اپنی مقامی زبانوں کو مضبوط کریں اور سرکاری زبان کے محکمے کے اس کام کی حمایت کریں۔ ایک بار پھر ہندی دیوس پر تمام ہم وطنوں کو بہت سی نیک خواہشات۔ آئیے سرکاری زبان کو مضبوط کریں۔ وندے ماترم۔

**********

(ش ح –ا ب ن)

U.No:10926


(Release ID: 2054868) Visitor Counter : 64