صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدرجمہوریہ ہند نے خلا کے پہلے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی

Posted On: 23 AUG 2024 1:31PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو نے آج (23 اگست 2024)نئی دہلی میں، بھارت منڈپم میں منعقدہ   خلا کےپہلے قومی دن کی تقریب میں شرکت کی۔ 23 اگست 2023 کو چاند کی سطح پر ‘وکرم’ لینڈر کی کامیاب لینڈنگ کی یاد میں قومی خلائی دن منایا جا رہا ہے۔ صدرجمہوریہ نے اس موقع پر ‘روبوٹکس چیلنج’ اور‘بھارتیہ انترکش ہیکاتھون’  میں جتنے والوں کو انعامات پیش کیے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اِسرو کا اپنے ابتدائی دنوں سے ہی شاندار سفر رہا ہے۔ اس نے خلائی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اِسرو نے ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں بھی انمول تعاون کیا ہے۔ انہوں نے ملک اور سائنس کی خدمات کے جذبے سے سرشار سائنسدانوں کی ستائش کی،جنہوں نے کم سے کم وسائل کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کے خلائی پروگرام کو دنیا کے بہترین خلائی پروگراموں میں شامل کیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہمارا ملک خلائی سائنس میں مسلسل ترقی کرے گا اور ہم بہترین کارکردگی کے نئے معیار قائم کرتے رہیں گے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان کے خلائی شعبے کی ترقی غیر معمولی ہے۔ محدود وسائل کے ساتھ کامیابی سے مکمل ہونے والا مریخ مشن ہویا ایک ساتھ سو سے زیادہ سیٹلائٹس کا کامیاب لانچ، ہم نے بہت سی متاثر کن کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ خلائی تحقیق نے انسانوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے اور ہمارے تخیل کو حقیقت میں بدل دیا ہے، لیکن خلائی تحقیق ایک مشکل کام ہے۔ خلائی تحقیق کے دوران مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی تحقیق سائنس کی ترقی کو تیز کرتی ہے اور انسانی زندگی کو بہتر بناتی ہے۔ صحت اور ادویات، نقل و حمل، سیکورٹی، توانائی، ماحولیات اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی سمیت بہت سے شعبوں نے خلائی شعبے میں ہونے والی پیش رفت سے فائدہ اٹھایا ہے۔

صدر جمہوریہ نے بتایا کہ خلائی شعبے کو نجی شعبے کے لیے کھولنے کے ساتھ ہی اسٹارٹ اپس کی تعداد میں بہت تیز رفتاری سے اضافہ ہوا ہے۔ اس سے نہ صرف خلائی تحقیق میں ترقی ہوئی ہے، بلکہ ہمارے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو دکھانے اور نکھارنے کے نئے مواقع بھی ملے ہیں۔ ا نہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ چند ماہ قبل ہی ایک ہندوستانی کمپنی نے کامیابی سے سنگل پیس3 ڈی پرنٹ شدہ نیم کرایوجینک انجن سے چلنے والا راکٹ لانچ کیا، جو اس طرح کی پہلی کامیابی ہے۔

صدرجمہوریہ نے کہا کہ ہمیں مستقبل کے چیلنجز کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ خلائی ملبہ خلائی مشنوں کے لیے مسائل پیدا کر سکتا ہے۔ انہوں نے ‘محفوظ اور پائیدارآپریشنز مینجمنٹ سے متعلق اِسرو کے نظام’ کی سہولت کی تعریف کی جو خلائی تحقیق کی سرگرمیوں میں مسلسل پیش رفت کو یقینی بنانے کے لیے چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی  ظاہر کی کہ ہندوستان سال 2030 تک اپنے تمام خلائی مشنوں کو ملبے سے پاک کرنے کے لیے آگے بڑھ رہا ہے۔

 

Please click here to see the President's Speech -

****

 

ش ح۔ا گ۔ن ع

U:10146


(Release ID: 2048141) Visitor Counter : 66