وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے سمندری طوفان ’’ریمل‘‘ کے اثرات کا جائزہ لیا


وزیر اعظم کو متاثرہ ریاستوں پر سمندر ی طوفان کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت متاثرہ ریاستوں کو مکمل مدد فراہم کرانے کا عمل جاری رکھے گی

ضرورت کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں؛ ان ٹیموں نے انخلاء، ایئر لفٹنگ اور روڈ کلیئرنس جیسے آپریشن انجام دیے

وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو صورتحال پر نظر رکھنے اور بازبحالی کے لیے ضروری تعاون فراہم کرانے کی غرض سے باقاعدگی کے ساتھ معاملات کا جائزہ لینے کی ہدایت دی

Posted On: 02 JUN 2024 2:34PM by PIB Delhi

وزیر اعظم نے آج اپنی رہائش گاہ 7 لوک کلیان مارگ، نئی دہلی  میں سمندری طوفان ‘‘ریمل‘‘کے اثرات کا جائزہ لیا۔

میٹنگ کے دوران وزیر اعظم کو متاثرہ ریاستوں پر طوفان کے اثرات کے بارے میں بتایا گیا۔ میزورم، آسام، منی پور، میگھالیہ اور تری پورہ میں زمین کھسکنے اور سیلاب کی وجہ سے انسانی جانوں کے اتلاف اور مکانات و املاک کو پہنچنے والے نقصان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ضرورت کے مطابق این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ ٹیموں نے انخلاء، ایئر لفٹنگ اور روڈ کلیئرنس جیسے آپریشن انجام دیے ہیں۔ میٹنگ کے دوران اس بات کا ذکر کیا گیا کہ وزارت داخلہ ریاستی حکومتوں کے ساتھ باقاعدہ طور پر رابطے میں ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہند طوفان سے متاثرہ ریاست کو مکمل مدد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ وزیر اعظم نے وزارت داخلہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے اور بحالی کے لیے ضروری مدد فراہم کرنے کی غرض سے معاملے کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔

وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری، کابینہ سکریٹری، ہوم سکریٹری، ارضیاتی سائنس کی وزارت کے سکریٹری، ڈی جی این ڈی آر ایف اور ممبر سکریٹری این ڈی ایم اے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم کے دفتر اور متعلقہ وزارتوں کے دیگر سینئر افسران بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔

**********

(ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:7132



(Release ID: 2022514) Visitor Counter : 54