وزیراعظم کا دفتر

روزگار میلے کے تحت 51000 سے زائد تقرری نامے تقسیم کرنے کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 28 OCT 2023 3:16PM by PIB Delhi

نمسکار۔

روزگار میلے کا یہ سفر اس مہینے ایک اہم موڑ پر پہنچا ہے۔ گذشتہ برس ماہ اکتوبر میں ہی روزگار میلے کا آغاز ہوا تھا۔ تب سے مرکز اور این ڈی اے کے زیر اقتدار، بھاجپا کے زیر اقتدار ریاستوں میں روزگار میلے کا اہتمام مسلسل کیا جا رہا ہے، بار بار کیا جا رہا ہے۔ اب تک لاکھوں نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کے تقرری نامے دیے جا چکے ہیں۔ آج بھی 50 ہزار سے زائد نوجوانوں کو سرکاری نوکری دی گئی ہے۔ دیوالی میں ابھی چند روز باقی ہیں، تاہم تقرری نامے حاصل کرنے والے 50 ہزار نوجوانوں کے کنبوں کے لیے یہ موقع دیوالی سے ذرابھی کم نہیں ہے۔ آپ سبھی نے سخت محنت سے یہ مقام حاصل کیا ہے۔  اس کے لیے آپ سبھی میرے نوجوان ساتھی خصوصاً ہماری بیٹیاں بہت بہت مبارکباد کی مستحق ہیں۔ آپ کے کنبوں کو بالخصوص میری جانب سے بہت ساری نیک خواہشات۔

ساتھیو،

ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منعقد ہونے والے روزگار میلے نوجوانوں کے تئیں ہماری عہد بندگی کا ثبوت ہے۔ ہماری حکومت نوجوانوں کے مستقبل کو مدنظر رکھ کر مشن موڈ میں کام کر رہی ہے۔ ہم نہ صرف روزگار دے رہے ہیں، بلکہ پورے نظام کو شفاف بھی بنائے ہوئے ہیں، جس سے تقرری کے عمل پر نوجوانوں کا اعتماد برقرار  ہے۔ ہم نے بھرتی کے عمل کو نہ صرف سہل کیا ہے بلکہ چند امتحانات کو ازسر نو وضع بھی کیا ہے۔  اسٹاف سیلکشن کمیشن (ایس ایس سی) کے بھرتی کے عمل میں جو وقت صرف ہوتا تھا وہ وقت اب تقریباً نصف ہوگیا ہے۔ یعنی سرکولر لیٹر جاری ہونے سے لے کر تقرری نامہ دینے تک کے وقت کو کافی کم کر دیا ہے۔ اس سے نوجوانوں کے وقت کی بڑی بچت ہوئی ہے۔ نوجوانوں کے مفاد میں حکومت نے ایک اور اہم تبدیلی کی ہے۔ ایس ایس سی نے چند امتحانات کو ہندی، انگریزی اور 13 علاقائی زبانوں میں لینا شروع کر دیا ہے۔ اس سے بڑی تعداد میں ان نوجوانوں کو نوکری کے لیے درخواست گزارنے کا موقع حاصل ہو رہا ہے، جن کی راہ میں زبان ایک دیوار بن کر کھڑی تھی۔

ساتھیو،

آج بھارت جس سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اس سے ہر شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ آپ نے دیکھا ہوگا، چند ہی روز قبل گجرات کے دھورڈو گاؤں کو، آپ کو معلوم ہوگا دھورڈو کچھ ضلع میں پاکستان کی سرحد پر واقع ایک گاؤں ہے۔ اس دھورڈو گاؤں کو اقوام متحدہ نے ’بیسٹ ٹورزم ولیج‘ کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ اس سے پہلے کرناٹک کے ہوئسلا مندروں اور مغربی بنگال کے شانتی نکیتن کو عالمی ورثہ جاتی مقام کی شناخت حاصل ہوئی تھی۔ آپ تصور کر سکتے ہیں کہ اس سے یہاں سیاحت کے امکانات اور معیشت کی توسیع کے امکانات میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔ پہلے، سیاحت میں اضافے کا سیدھا مطلب ہے کہ وہاں روزگار کے نئے مواقع تیزی سے بڑھیں گے، جس کا فائدہ، یہ سیاحت کا ہی تو نتیجہ ہے، جس کا فائدہ آس پاس کے ہوٹل، چھوٹے چھوٹے دکاندار، بس چلانے والے، ٹیکسی چلانے والے، آٹو رکشا چلانے والے، یہاں تک کہ ٹورسٹ گائڈ کا کام کرنے والے، سبھی کو حاصل ہوتا ہے۔ ایسے ہی کھیل کود کا شعبہ ہے۔ یہ ایسے شعبے بھی ہیں جو روزگار کے نئے مواقع تیار کر رہے ہیں۔ قومی – بین الاقوامی کھیلوں میں ہمارے کھلاڑی تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ یہ حصولیابیاں ہمارے ملک کے کھیل کود کے منظرنامے میں بڑی تبدیلی اور ترقی کی جانب اشارہ کرتی ہیں۔ اور جب کھیل کود کے شعبے کی ترقی ہوتی ہے تو صرف بہتر کھلاڑی ہی تیار ہوتے ہیں، ایسا نہیں ہے بلکہ اس سے تربیت فراہم کار، فزیو تھراپسٹ  حضرات، ریفری حضرات اور اسپورٹس نیوٹریشنسٹ جیسے دیگر مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

ساتھیو،

ہم روزگار دینے والے روایتی شعبوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔ اور اس کے ساتھ ہی، ہم قابل احیاء توانائی، خلاء، آٹومیشن اور دفاعی برآمدات جیسے نئے شعبوں کو فروغ دے رہے ہیں۔ ڈرون تکنالوجی میں امکانات کے نئے دروازے کھل گئے ہیں۔ آج کسان ڈرونس کا فصلوں کی تجزیہ کاری اور غذائی اجزاء کے چھڑکاؤ میں استعمال دھیرے دھیرے بہت بڑھ رہا ہے۔ سوامتوا یوجنا کے تحت ڈرونس کا لینڈ میپنگ میں استعمال ہو رہا ہے۔ آپ نے کچھ روز قبل ایک ویڈیو دیکھا ہوگا۔ ہماچل پردیش کے لاہول اسپتی میں آئی سی ایم آر نے ڈرون کی مدد سے ایک جگہ سے دوسری جگہ دوا پہنچائی۔ اس کام میں پہلے دو گھنٹے کا وقت لگتا تھا لیکن ڈرون کی مدد سے یہ 20، 25، 30 منٹ میں ہی، اس سے بھی کم وقت میں کام ہوگیا۔ ڈرونس نے بڑی تعداد میں اسٹارٹ اپس کو بھی فروغ دیا ہے۔ اس شعبے میں ہورہی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو نئے قسم کے ڈرونس ڈیزائننگ میں مدد مل رہی ہے۔

میرے پریوار جنو،

اسی مہینے، ہم نے محترم باپو کا یوم پیدائش بھی منایا ہے۔ گاندھی جی نے چرخے کو سوادیشی اور کرم یوگ کی ایک مضبوط علامت کےطور پر استعمال کیا۔ جو کھادی اپنی چمک کھو چکی تھی، اس کی چمک بھی اب واپس لوٹ آئی ہے۔ 10 برس قبل کھادی کی فروخت تقریباً 30 ہزار کروڑ روپئے کے بقدر تھی۔ اب یہ سوا لاکھ کروڑ روپئے سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔ اس سے کھادی اور دیہی صنعت میں روزگار کے متعدد نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ خصوصاً خواتین کو اس سے بہت مدد حاصل ہوئی ہے۔

ساتھیو،

ہر ملک کے پاس الگ طرح کی قوت ہوتی ہے۔ کسی کے پاس قدرتی وسائل ہوتے ہیں، کوئی معدنیات سے مالامال ہے، تو کسی کے پاس طویل ساحل سمندر کی قوت ہوتی ہے۔ لیکن اس قوت کو بروئے کار لانے کے لیے، جس سب سے بڑی طاقت کی ضرورت ہوتی ہے، وہ ہے ہماری نوجوان قوت۔ نوجوان طاقت جتنی زیادہ مضبوط ہوگی، ملک اتنا زیادہ ترقی کرے گا۔ آج بھارت اپنے نوجوانوں کی قوت کو ہنرمندی اور تعلیم کے ذریعہ نئے مواقع سے مستفید ہونے کے لیے تیار کر رہا ہے۔ مستقبل کی جدید ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں جدید قومی تعلیمی پالیسی نافذ کی جا رہی ہے۔ ملک میں بڑی تعداد میں نئے میڈیکل کالج، آئی آئی ٹی، آئی آئی ایم یا ٹریپل آئی ٹی جیسے ہنرمندی ترقیات کے ادارے کھولے گئے ہیں۔ کروڑوں نوجوانوں کو پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے تحت تربیت فراہم کی گئی ہے۔ ہمارے ملک میں کروڑوں کاریگر اپنے روایتی کاروبار سے روزی  روٹی کماتے ہیں۔ ایسے وشوکرما کاریگروں  کے لیے پی ایم وشوکرما اسکیم بھی شروع کی گئی ہے۔ آج تکنیک کے دور میں سب کچھ تیزی سے تبدیل ہو رہا ہے، اس لیے ہر کسی کو اپنے ہنر اور علم کو اپ ڈیٹ کرتے رہنا ہوگا۔ کوئی بھی نیا ہنر سیکھنے کے بعد یہ بہت ضروری ہے کہ اسے مسلسل بہتر بنانے اور نئے ہنر سیکھنے کی کوشش کی جائے۔ پی ایم وشوکرما اسکیم کے تحت کاریگروں کے روایتی ہنر کو جدید تکنالوجی اور ٹولس سے جوڑا جا رہا ہے۔

میرے پریوار جنو،

نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تیار کرنا، تعمیر قوم کے عمل کا اہم حصہ ہے۔ یہ ترقی یافتہ بھارت کے ہدف کو حاصل کرنے کی سمت میں ایک ضروری قدم ہے۔ سرکاری ملازمین کے طور پر آپ کو ایسی تمام اسکیموں کو آگے بڑھانا ہے، انہیں زمین پر نافذ کرنا ہے۔ آج، آپ سبھی تعمیر ملک کے ہمارے سفر میں اہم شراکت دار بن کر ہم سے جڑ رہے ہیں۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اپنے خوابوں کو آج پورا کر رہے ہیں لیکن آپ اہل وطن کے خوابوں کی ملکیت لے رہے ہیں۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ اس سفر کو ہدف تک پہنچانے میں تیزی سے آپ کا فعال تعاون ازحد ضروری ہے۔ آئی – جی او ٹی پورٹل پر آپ اپنے علم میں اضافہ کرتے چلیں۔ آپ کا ہر قدم ملک کو ترقی کے راستے پر تیزی سے آگے لے جانے میں مدد فراہم کرے گا۔ ایک مرتبہ پھر آپ سبھی کو میری جانب سے بہت بہت مبارکباد۔ آپ کے پریوارجنو کو بھی بہت بہت مبارکباد اور آنے والا پورا وقت، آج تو شرد پورنیما ہے۔ آنے والا پورا وقت تیوہاروں کا ہے، آپ جہاں ہوں، خواہ سرکاری کام میں مصروف ہوں لیکن ’ووکل فار لوکل‘ اس اصول کو ہر جگہ پہنچایئے، آپ اپنے پریوارجنو کو بھی بتایئے کہ ہم ووکل فار لوکل کے لیے پابند عہد رہیں گے اور وہ ہی روزگار کے نئے مواقع کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ ایک مرتبہ پھر آپ سب کو بہت بہت مبارکباد۔ بہت بہت شکریہ۔

**********

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:401



(Release ID: 1972591) Visitor Counter : 115