وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے روزگار میلہ کے تحت 51 ہزار سے زائد تقرری نامے تقسیم کیے


‘‘آپ اس ‘امرت کال’ کے‘امرت رکشک’ ہیں’’

‘گزشتہ چند برسوں میں، ہم نے نیم فوجی دستوں کی بھرتی کے عمل میں بہت بڑی تبدیلیاں کی ہیں’

‘قانون کی حکمرانی کے سائے  میں محفوظ ماحول ترقی کی رفتار کو تیز کرتا ہے’

‘گزشتہ 9 برسوں میں تبدیلی کا ایک نیا دور دیکھا جا سکتا ہے’

‘9 سال قبل اسی دن شروع کی گئی جن دھن یوجنا نے گاؤں  اور غریب کو معاشی طور پر بااختیار بنانے میں بڑا کردار ادا کیا ہے’

‘جن دھن یوجنا نے ملک میں سماجی اور اقتصادی تبدیلی کو تیز کرنے میں، جو کردار ادا کیا ہے، وہ  واقعی اس قابل ہے کہ اس کا مطالعہ کیاجائے’

‘حکومت اور گورننس میں تبدیلی لانے کے مشن میں آپ تمام نوجوان میری سب سے بڑی طاقت ہیں’

Posted On: 28 AUG 2023 11:58AM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والوں کو 51,000 سے زیادہ تقرری  نامے تقسیم کیے ہیں۔ روزگار میلہ ملک بھر میں 45 مقامات پر منعقد ہوا۔ اس روزگار میلہ کے پروگرام کے ذریعے، وزارت داخلہ مختلف مرکزی مسلح پولیس فورس (سی اے پی ایف) جیسے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)، سشستر سیما بل (ایس ایس بی)، آسام رائفلز، سینٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، انڈو تبتی بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ساتھ ساتھ دہلی پولیس میں اہلکاروں کی بھرتی کر رہی ہے۔  ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے بھرتی ہونے والے، وزارت داخلہ کے تحت مختلف اداروں میں کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی)، سب انسپکٹر (جنرل ڈیوٹی) اور نان-جنرل ڈیوٹی کیڈر کی پوسٹوں جیسے مختلف عہدوں پر کام کریں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نئے تقرری پانے والے افراد کو ‘امرت کال’ کے دوران ‘امرت رکشک’ کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے انہیں امرت رکشک کہا کیونکہ نئے تعینات ہونے والے نہ صرف ملک کی خدمت کریں گے بلکہ ملک اور اہل وطن کی بھی حفاظت کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ‘‘آپ اس ‘امرت کال’ کے  ‘امرت رکشک’ ہیں’’۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ روزگار میلہ کا یہ ایڈیشن ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب قوم فخر اور اعتماد سے لبریز ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندریان 3 اور پرگیان روور مسلسل چاند کی تازہ ترین تصاویر منتقل کر رہے ہیں۔ اس باوقار لمحے میں، وزیر اعظم نے کہا کہ نئے بھرتی ہونے والے اپنی زندگی کے سب سے اہم سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے  تمام نئے تعینات ہونے والوں اور ان کے اہل خانہ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم نے اس ذمہ داری پر زور دیا، جو دفاع یا سیکورٹی اور پولیس فورسز  کے لیے  منتخب کئے جانے کےساتھ ساتھ آتی ہے اور کہا کہ حکومت فورسز کی ضروریات کے بارے میں بہت سنجیدہ ہے۔ انہوں نے نیم فوجی دستوں کی بھرتی میں بڑی تبدیلیوں کا ذکر کیا۔ بھرتی کا عمل درخواست داخل کرنے سے لے کر حتمی انتخاب تک تیز ہو گیا ہے، پہلے کی طرح انگریزی یا ہندی کی جگہوں پر 13 مقامی زبانوں میں امتحانات منعقد کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے نکسلی تشدد سے متاثرہ علاقوں میں سیکڑوں قبائلی نوجوانوں کی موجودہ اصولوں  میں نرمی کرتے ہوئے  بھرتی کرنے کا ذکر کیا۔ انہوں نے سرحدی علاقے اور انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں کے نوجوانوں کے لیے خصوصی کوٹہ کے بارے میں بھی بتایا۔

قوم کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے نئے بھرتی ہونے والوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قانون کی حکمرانی کے ذریعے محفوظ ماحول ترقی کی رفتار کو تیز کرتا ہے۔ اتر پردیش کی مثال دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ذکر کیا کہ ریاست کبھی ترقی میں پیچھے رہ گئی تھی اور جرائم کے معاملے میں بھی سرکردہ ریاستوں میں سے ایک تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتر پردیش میں قانون کی حکمرانی کے آغاز کے ساتھ، ریاست اب ترقی کی نئی بلندیوں کو چھونے کے قابل ہے اوراس ریاست میں خوف سے پاک ایک نیا معاشرہ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘امن و امان کے اس طرح کے انتظامات سے لوگوں کے دلوں میں پیدا ہونے والےیقین کی تصدیق ہوتی ہے’۔ انہوں نے اس بات کا ذکر  کیا کہ جرائم کی شرح میں کمی کے ساتھ ریاست میں سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور یہ بھی نشاندہی کی کہ جن ریاستوں میں جرائم کی شرح زیادہ ہے، وہاں بہت کم سرمایہ کاری ہو رہی ہے اور روزگار کے تمام مواقع رک گئے ہیں۔

سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشت کے طور پر ہندوستان کی حیثیت کا ذکر کرتے ہوئے، وزیراعظم نریندر مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ‘ہندوستان اس دہائی کے دوران دنیا کی تین اعلی معیشتوں میں شامل ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ ‘مودی انتہائی ذمہ داری کے ساتھ ایسی ضمانتیں دیتے ہیں’۔ عام شہری پر بڑھتی ہوئی معیشت کے اثرات کو جاری رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ معیشت کی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے یہ ضروری ہے کہ ہر شعبہ ترقی کرے۔ انہوں نے وبائی امراض کے دوران ادویہ سازی کی صنعت کے کردار کے بارے میں بات کی۔ آج ہندوستان کی ادویہ سازی کی صنعت کی مالیت تقریباً 4 لاکھ کروڑ روپے ہے اور ایک اندازے کے مطابق 2030 تک اس صنعت کی مالیت تقریباً 10 لاکھ کروڑ روپے ہوگی۔ اس ترقی کا مطلب یہ ہے کہ فارما انڈسٹری کو آنے والے برسوں میں مزید نوجوانوں کی ضرورت ہو گی، جس سے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔

آٹوموبائل اور موٹر گاڑیوں میں استعمال ہونے والے کل پرزوں کی صنعت کی توسیع پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ دونوں صنعتوں کی مالیت 12 لاکھ کروڑ روپےسے زیادہ ہے اور آنے والے برسوں میں اس میں مزید اضافہ ہونے کی امید ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آٹوموبائل انڈسٹری کو اس شرح نمو کو برقرار رکھنے کے لیے مزید نوجوانوں کی ضرورت ہوگی، جس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کے بارے میں  بھی بات کی، جس کی مالیت گزشتہ سال تقریباً 26 لاکھ کروڑروپے تھی اور کہا کہ اگلے ساڑھے تین برسوں میں یہ مالیت بڑھ کر 35 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچ جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ‘توسیع کے ساتھ روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوتا ہے’۔

بنیادی ڈھانچے کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بتایا کہ گزشتہ نو برسوں  کے دوران  مرکزی حکومت نے بنیادی ڈھانچے پر 30 لاکھ کروڑ سے زیادہ خرچ کیے ہیں۔ اس سے روابط کے ساتھ ساتھ سیاحت اور مہمان نوازی کو فروغ مل رہا ہے، نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 2030 تک سیاحت کا شعبہ معیشت میں 20 لاکھ کروڑ سے زیادہ کا تعاون پیش کرے  گا، جس سے 13-14 کروڑ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ صرف اعداد وشمار نہیں ہیں، بلکہ یہ ترقی عام شہریوں کی زندگیوں کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے، زندگی گزارنے میں آسانی اور آمدنی میں اضافہ کرکے متاثر کرے گی۔

وزیر اعظم نے اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ ‘گزشتہ 9 برسوں میں حکومت کی کوششوں سے وجود میں آنے والے تبدیلی کے نئے دور کا مشاہدہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس بارے میں بتایا کہ ہندوستان نے گزشتہ سال ریکارڈ برآمدات کرنا عالمی منڈی میں ہندوستان میں تیار کی جانے والی اشیاء کی مانگ میں اضافہ کی علامت ہے۔جناب مودی نے کہا کہ اس کے نتیجے میں پیداوار میں اضافہ ہوا ہے، روزگار میں اضافہ ہوا ہے اور اس طرح  کنبوں کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان دنیا کا دوسرا سب سے بڑا موبائل بنانے والا ملک بن گیا ہے اور ہندوستان میں موبائل فون کی مانگ میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے موبائل مینوفیکچرنگ میں کئی گنا اضافے کا سہرا حکومت کی کوششوں کے سرباندھا۔ جناب مودی نے ذکر کیا کہ ملک اب دیگر برقیاتی آلات اور سازوسامان پر بھی توجہ مرکوز کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے  اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہندوستان آئی ٹی اور ہارڈویئر مینوفیکچرنگ سیکٹر میں موبائل مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کامیابی کی تاریخ کو دہرائے گا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ‘وہ دن دور نہیں جب میڈ ان انڈیا لیپ ٹاپ اور پرسنل کمپیوٹرز ہمیں فخر کے احساس سے سرشار کردیں گے’۔ ‘ووکل فار لوکل’ کے منتر کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ہندوستانی ساختہ لیپ ٹاپ اور کمپیوٹرز کی خریداری پر زور دے رہی ہے، جس کے نتیجے میں پیداوار اور روزگار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے نئے بھرتی ہونے والوں کے کندھوں پر عائدہونے والی  ذمہ داری کا ایک بار پھر سے احساس دلایا ، تاکہ ملک میں ہونے والی معاشی ترقی کے لیے ایک محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

وزیر اعظم نے 9 سال پہلے آج کے دن پردھان منتری جن دھن یوجنا کے آغاز کو یاد کیا۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ‘اس اسکیم نے دیہاتوں اور غریبوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ روزگار پیدا کرنے میں بڑا کردار ادا کیا ہے’۔ انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پچھلے 9 برسوں کے دوران 50 کروڑ سے زیادہ بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ اس اسکیم سے غریبوں اور محروموں تک براہ راست فائدہ پہنچانے میں مدد ملی ہے اور اس سے قبائلی، خواتین، دلتوں اور دیگر محروم طبقات کے لیے ملازمتوں اور خود روزگاری کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملی ہے۔ بہت سے نوجوانوں کو بینکنگ کرسپانڈنٹ، بینک دوست کے طور پر نوکریاں ملی ہیں۔ وزیراعظم مودی نے بتایا کہ 21 لاکھ سے زیادہ نوجوان بینک دوست یا بینک ساکھیوں کے طور پر اس شعبے سے جڑے ہوئے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن دھن یوجنا نے مدرا یوجنا کو بھی تقویت دی۔ انہوں نے بتایا کہ مدرا یوجنا کے تحت اب تک 24 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے بغیر ضمانت کے قرضے تقسیم کیے گئے ہیں۔ مستفید ہونے والوں میں 8 کروڑ افراد پہلی بار کاروبار کرنے والے ہیں۔ پی ایم سوانیدھی اسکیم کے تحت، تقریباً 45 لاکھ خوانچہ فروشوں کے لیے پہلی بار ضمانت کے بغیر قرضوں کی منظوری دی گئی۔ ان اسکیموں سے فائدہ اٹھانے والوں میں خواتین، دلت، پسماندہ اور قبائلی نوجوانوں کی بڑی تعداد ہے۔ وزیر اعظم نے اپنی گفتگو کا سلسلہ  جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  جن دھن کھاتوں نے دیہات میں خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو مضبوط کیا ہے۔  انہوں نے مزید کہا کہ ‘‘جن دھن یوجنا نے ملک میں سماجی اور اقتصادی تبدیلی کو تیز کرنے میں جو کردار ادا کیا ہے وہ واقعی ایک ایسا معاملہ ہے جس کا  مطالعہ کیاجانا چاہئے’’۔

وزیر اعظم نے کئی روزگار میلوں میں لاکھوں نوجوانوں سے خطاب کا ذکر کیا اور کہا کہ انہیں عوامی خدمت یا دیگر شعبوں میں روزگار ملا ہے۔ وزیر اعظم نے ریمارکس دیے کہ ‘حکومت اور طرز حکمرانی میں تبدیلی لانے کے مشن میں آپ تمام نوجوان میری سب سے بڑی طاقت ہیں’۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آج کے نوجوان ایک ایسی نسل سے آئے ہیں، جہاں ہر چیز صرف ایک کلک کی دوری پر ہے۔  وزیر اعظم نے تیز ترسیل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ آج کی نسل مسائل کے مستقل حل کی تلاش میں ہے نہ کہ بکھرے ہوئے مسائل کے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بطور سرکاری ملازمین، نئے بھرتی ہونے والوں کو ایسے فیصلے کرنے ہوں گے جو طویل مدت تک عوام کے لیے فائدہ مند ہوں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ‘آپ جس نسل سے تعلق رکھتے ہیں، وہ کچھ حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ یہ نسل کسی کا احسان نہیں چاہتی، یہ صرف یہ چاہتی ہے کہ کوئی ان کے راستے میں رکاوٹ نہ بنے۔ انہوں نے تقرری یافتگان کی طرف سے بطور سرکاری ملازم عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ اس افہام و تفہیم سے کام کریں گے تو امن و امان برقرار رکھنے میں کافی مدد ملے گی۔

خطاب کے اختتام پر، وزیر اعظم نے نیم فوجی دستوں کے طور پر سیکھنے کے رویے کو برقرار رکھنے پر زور دیا اور آئی جی او ٹی کرمایوگی پورٹل پر دستیاب 600 سے زیادہ کورسز پر روشنی ڈالی۔ اس پورٹل پر 20 لاکھ سے زیادہ سرکاری ملازمین نے رجسٹریشن کرایا ہے۔وزیر اعظم نے کہاکہ  میں آپ سب سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ بھی اس پورٹل میں شامل ہوں اور اس کا فائدہ اٹھائیں۔ آخر میں، وزیر اعظم نے نئے بھرتی ہونے والوں کی زندگی میں جسمانی تندرستی اور یوگا کو روزانہ کی مشق کے طور پر شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

پس منظر:

سی اے پی ایف کے ساتھ ساتھ دہلی پولیس کو مضبوط کرنے سے ان فورسز کو اپنا کثیر جہتی کردار ادا کرنے ، جیسے کہ داخلی سلامتی، انسداد دہشت گردی، شورش کا مقابلہ کرنے، بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنےمیں مدد ملے گی۔

روزگار میلہ وزیر اعظم کے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اولین ترجیح دینے کے عزم کی تکمیل کی طرف ایک قدم ہے۔ توقع ہے کہ روزگار میلہ مزید روزگار پیدا کرنے میں ایک محرک کے طور پر کام کرے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں ان کی شرکت کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔

نئے شامل کردہ تقرری یافتہ افراد کو ‘آئی جی او ٹی کرم یوگی’پورٹل پر ایک آن لائن ماڈیول،‘کرم یوگی پرارمبھ’ کے ذریعے خود کو تربیت دینے کا موقع بھی مل رہا ہے، جہاں 673 سے زیادہ ای- لرننگ کورسز ‘کسی بھی جگہ، کسی بھی  آلہ کا استعمال’ سیکھنے کے فارمیٹ کے لیے دستیاب کرائے گئے ہیں۔

*************

ش ح۔ش م۔ ت ع

U-8907



(Release ID: 1952874) Visitor Counter : 120