وزارت دفاع
azadi ka amrit mahotsav

ستتّرہویں (77 ویں) یوم آزادی کی تقریبات کے لیے اسٹیج تیار ہے،  وزیراعظم جناب نریندر مودی لال قلعہ سے جشن کی قیادت کریں گے


تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 1800  افراد کو خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا  ہے

Posted On: 13 AUG 2023 11:01AM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی  15 اگست کو دہلی کے تاریخی لال قلعہ سے 77واں جشن آزادی منانے میں قوم کی قیادت کریں گے۔ وہ قومی پرچم لہرائیں گے اور تاریخی عمارت کی فصیل سے قوم سے خطاب کریں گے۔ اس سال کے یوم آزادی کے موقع پر ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کی تقریبات اختتام  پذیر ہوں گی  جن کا آغاز وزیر اعظم نے 12 مارچ، 2021 کو احمد آباد، گجرات کے سابرمتی آشرم سے کیا تھا ، اور یہ یومِ آزادی ایک بار پھر ، بھارت کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے جناب نریندر مودی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیےملک کو نئے ولولے اور جوش کے ساتھ ’امرت کال‘ میں داخل کرے گا۔ 77 ویں یوم آزادی منانے کے لیے متعدد نئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ گذشتہ سال کے مقابلے میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔

مہمانانِ خصوصی

لال قلعہ کی تقریبات میں خصوصی مہمانوں کے طور پر شرکت کے لیے ملک بھر سے مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے تقریبا  1800  افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ یہ پہل حکومت کے ’جن بھاگیداری‘وژن سے ہم آہنگ ہے۔

ان خصوصی مہمانوں میں 400 سے زیادہ درخشاں گاؤں کے 660 سے زیادہ سرپنچ ، کسان پروڈیوسر آرگنائزیشن اسکیم سے 250، پردھان منتری کسان سمان ندھی اسکیم اور پردھان منتری کوشل وکاس یوجنا کے 50-50 شرکا، سینٹرل وسٹا پروجیکٹ کے 50 شرم یوگی (تعمیراتی مزدور)، جس میں نئی پارلیمنٹ کی عمارت بھی شامل ہے، سرحدی سڑکوں کی تعمیر، امرت سروور اور ہر گھر جل یوجنا کی تعمیر میں شامل کارکن، نیز پرائمری اسکول کے اساتذہ، نرسوں اور ماہی گیروں میں سے 50-50 افراد شامل ہیں۔ ان میں سے کچھ خصوصی مہمان نیشنل وار میموریل کا دورہ کریں گے اور دہلی میں اپنے قیام کے حصے کے طور پر رکشا راجیہ منتری جناب اجے بھٹ سے ملاقات کریں گے۔

لال قلعہ میں تقریب دیکھنے کے لیے ہر ریاست / مرکز کے زیر انتظام علاقے کے 75 جوڑوں کو بھی ان کے روایتی لباس میں مدعو کیا گیا ہے۔

سیلفی پوائنٹس

نیشنل وار میموریل، انڈیا گیٹ، وجے چوک، نئی دہلی ریلوے اسٹیشن، پرگتی میدان، راج گھاٹ، جامع مسجد میٹرو اسٹیشن، راجیو چوک میٹرو اسٹیشن، دہلی گیٹ میٹرو اسٹیشن، آئی ٹی او میٹرو گیٹ، نوبت خانہ اور شیش گنج گردوارہ سمیت 12 مقامات پر سیلفی پوائنٹس لگائے گئے ہیں۔

ان اسکیموں/ اقدامات میں گلوبل ہوپ، ویکسین اور یوگا، اجولا یوجنا، خلائی طاقت، ڈیجیٹل انڈیا، اسکل انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا، سوچھ بھارت، سشکت بھارت، نیا بھارت، پاورنگ انڈیا، پردھان منتری آواس یوجنا اور جل جیون مشن شامل ہیں۔

تقریبات کے ایک حصے کے طور پر، وزارت دفاع کے ذریعہ 15 سے 20 اگست تک MyGovپورٹل پر ایک آن لائن سیلفی مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ ان 12 مقامات میں سے ایک یا زیادہ پر سیلفی لیں اور مقابلہ میں حصہ لینے کے لیےانھیںMyGov پلیٹ فارم پر اپ لوڈ کریں۔ آن لائن سیلفی مقابلے میں ہر سیلفی پوائنٹ کے لیے ایک یعنی کل بارہ فاتحین کا انتخاب کیا جائے گا۔ جیتنے والوں میں سے ہر ایک کو 10،000 روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔

ای-دعوت نامے

تمام سرکاری دعوت نامے آمنترن پورٹل (www.aamantran.mod.gov.in) کے ذریعے آن لائن بھیجے گئے ہیں۔ اس پورٹل کے ذریعے 17 ہزار ای-دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

 

تقریب

لال قلعہ پہنچنے پر وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، رکشا راجیہ منتری جناب اجے بھٹ اور سکریٹری دفاع جناب گریدھر ارمانے وزیر اعظم کا استقبال کریں گے۔ سکریٹری دفاع دہلی ایریا کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل دھیرج سیٹھ کا وزیر اعظم سے تعارف کرائیں گے۔ اس کے بعد جی او سی دہلی ایریا جناب نریندر مودی کو سلامی بیس لے جائیں گے جہاں مشترکہ انٹر سروسز اور دہلی پولیس گارڈ وزیر اعظم کو عام سلامی پیش کریں گے۔ اس کے بعد وزیر اعظم گارڈ آف آنر کا معائنہ کریں گے۔

وزیر اعظم کے لیے گارڈ آف آنر دستے میں آرمی، ایئر فورس اور دہلی پولیس کے ایک ایک افسر اور 25 اہلکار اور بحریہ کے ایک افسر اور 24 اہلکار شامل ہوں گے۔ بھارتی فوج اس سال کوآرڈینیٹنگ سروس ہے۔ گارڈ آف آنر کی کمان میجر وکاس سانگوان کریں گے۔ وزیر اعظم گارڈ میں فوج کے دستے کی قیادت میجر اندرجیت سچن کریں گے، بحریہ کے دستے کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر ایم وی راہل رمن کریں گے اور فضائیہ کے دستے کی کمان اسکواڈرن لیڈر آکاش گنگاس  سنبھالیں گے۔ دہلی پولیس کے دستے کی کمان ایڈیشنل ڈی سی پی سندھیا سوامی کریں گی۔

گارڈ آف آنر کا معائنہ کرنے کے بعد وزیر اعظم لال قلعہ کی فصیل پر جائیں گے جہاں وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ، رکشا راجیہ منتری جناب اجے بھٹ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل آر ہری کمار اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وی آر چودھری ان کا استقبال کریں گے۔ جی او سی ، خطہ دہلی وزیر اعظم کو قومی پرچم لہرانے کے لیے اسٹیج پر لے جائیں گے۔

پرچم کشائی کے بعد ترنگے کو ’قومی سلامی‘ دی جائے گی۔ ایک جے سی او اور 20 دیگر عہدوں پر مشتمل آرمی بینڈ قومی پرچم لہرانے اور قومی سلامی پیش کرنے کے دوران قومی ترانہ بجائے گا۔ بینڈ کی قیادت نائب صوبیدار جتندر سنگھ کریں گے۔

میجر نکیتا نائر اور میجر جیسمین کور قومی پرچم لہرانے میں وزیر اعظم کی مدد کریں گے۔ اسے ایلیٹ 8711 فیلڈ بیٹری (سیرمونیل) کے بہادر جوانوں کی جانب سے 21 توپوں کی سلامی کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔ سیرمونیل بیٹری کی کمان لیفٹیننٹ کرنل وکاس کمار کریں گے اور گن پوزیشن آفیسر نائب صوبیدار (اے آئی جی) انوپ سنگھ ہوں گے۔

وزیر اعظم کے ذریعہ قومی پرچم لہرانے کے وقت آرمی ، نیوی ، ایئر فورس اور دہلی پولیس کے پانچ افسران اور 128 دیگر رینکس پر مشتمل نیشنل فلیگ گارڈ قومی سلامی پیش کرے گا۔ فوج کے میجر ابھینو دیتھا اس انٹر سروسز گارڈ اور پولیس گارڈ کی کمان سنبھالیں گے۔

نیشنل فلیگ گارڈ میں فوج کے دستے کی قیادت میجر مکیش کمار سنگھ کریں گے، بحریہ کے دستے کی قیادت لیفٹیننٹ کمانڈر ہرپریت مان کریں گے اور فضائیہ کے دستے کی کمان اسکواڈرن لیڈر شری چودھری کریں گے۔ دہلی پولیس کے دستے کی کمان ایڈیشنل ڈی سی پی ششانک جیسوال کریں گے۔

جیسے ہی وزیر اعظم کے ذریعے قومی پرچم لہرایا جائے گا، لائن اسٹرن فارمیشن میں بھارتی فضائیہ کے دو ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر مارک تھری دھرو اس مقام پر پھول برسائیں گے۔ ہیلی کاپٹر کے کپتان ونگ کمانڈر امبر اگروال اور اسکواڈرن لیڈر ہمانشو شرما ہوں گے۔

پھول برسانے کے بعد وزیر اعظم قوم سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کے خطاب کے اختتام پر نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کے کیڈٹ قومی ترانہ گائیں گے۔ ملک بھر کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے گیارہ سو (1100) لڑکے اور لڑکیاں این سی سی کیڈٹس (آرمی، نیوی اور ایئر فورس) قومی جوش و ولولے کے اس تہوار میں حصہ لیں گے۔ گیان پتھ پر بلیچر لگائے گئے ہیں جن پر کیڈٹس آفیشیل سفید لباس میں بیٹھیں گے۔

اس کے علاوہ یونیفارم میں ملبوس این سی سی کیڈٹس کو جشن کے ایک حصے کے طور پر گیان پتھ پر بٹھایا جائے گا۔ ایک اور خاص بات جی -20 لوگو ہوگی ، جو لال قلعہ میں پھولوں کی سجاوٹ کا حصہ ہوگا۔

**********

 

(ش ح – ع ا – ع ر)

U.No:8300


(Release ID: 1948268) Visitor Counter : 289