وزیراعظم کا دفتر

سری لنکا کے صدر کے دورۂ ہند پر وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا پریس بیان

Posted On: 21 JUL 2023 1:40PM by PIB Delhi

عزت مآب، صدر رنل وکرم سنگھے،

دونوں ممالک کے مندوبین،

میڈیا کے سبھی ساتھی،

نمسکار!

آیو بوون!

ونکم!

میں صدر وکرم سنگھے اور ان کے وفد کا ہندوستان میں پرتپاک خیرمقدم کرتا ہوں۔ آج صدر وکرما سنگھے اپنے عہدے کا ایک سال مکمل کر رہے ہیں۔ اس موقع پر، میں ہم سب کی طرف سے انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گزشتہ ایک سال سری لنکا کے عوام کے لیے چیلنجوں سے بھرا رہا ہے۔ ایک قریبی دوست کی حیثیت سے، ہمیشہ کی طرح، ہم اس بحران کے دوران سری لنکا کے لوگوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہے ہیں۔ اور جس ہمت کے ساتھ انھوں نے ان چیلنجوں سے بھرے حالات کا سامنا کیا، اس کے لئے میں سری لنکا کے لوگوں کا دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

دوستو،

ہمارے تعلقات ہماری تہذیبوں کی طرح ہی قدیم بھی ہیں اور وسیع بھی ہیں۔ ہندوستان کی پالیسی ’’پڑوسی سب سے پہلے‘‘اور ’’ساگر‘‘ ویژن دونوں میں بھی سری لنکا کا ایک اہم مقام ہے۔ آج ہم نے دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے خیالات کا اشتراک کیا۔ ہمارا ماننا ہے کہ ہندوستان اور سری لنکا کے سیکورٹی مفادات اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ اور اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہم ایک دوسرے کی سلامتی اور حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے مل جل کر کام کریں۔

دوستو،

آج ہم نے اپنی اقتصادی شراکت داری کے لیے ایک وژن دستاویز کو اپنایا ہے۔ یہ وژن دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان سمندری، فضائی، توانائی اور عوام سے عوام کے رابطے کو مضبوط بنانے کا ہے۔ یہ وژن سیاحت، بجلی، تجارت، اعلیٰ تعلیم اور ہنر کی ترقی میں باہمی تعاون کو تیز کرنے کا ہے۔یہ وژن سری لنکا کے ساتھ ہندوستان کی طویل مدتی وابستگی کا ہے۔

دوستو،

ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اقتصادی اور تکنیکی تعاون کے معاہدے پر بات چیت جلد ہی شروع کی جائے گی۔ اس سے دونوں ممالک کے لیے تجارتی اور اقتصادی تعاون کے نئے امکانات کھلیں گے۔ہم نے ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان فضائی رابطہ بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ کاروبار اور لوگوں کی آمد و رفت کو بڑھانے کے لیے، تمل ناڈو کے ناگاپٹنم اور سری لنکا میں کانکے-سنتورئی کے درمیان مسافر فیری خدمات شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بجلی کے گرڈز کو جوڑنے کے کام کو تیز کیا جائے گا۔بھارت اور سری لنکا کے درمیان پیٹرولیم پائپ لائن کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی کی جائے گی۔اس کے علاوہ لینڈ برج کی فزیبلٹی کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ آج سری لنکا میں  یو پی آئی (UPI) کو شروع کرنے کے لیے کیے گئے معاہدے سے Fintech کنکٹیوٹی میں بھی اضافہ ہوگا۔

دوستو،

آج ہم نے ماہی گیروں کے ذریعہ معاش سے متعلق مسائل پر بھی بات کی۔ ہم اس بات سے متفق ہیں کہ ہمیں اس معاملے میں انسانی رویہ کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ہم نے سری لنکا میں تعمیر نو اور باہمی مفاہمت پر بھی بات چیت کی۔ صدر وکرم سنگھے نے مجھے اپنے جامع نقطہ نظر کے بارے میں بتایا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ سری لنکا کی حکومت تملوں کی امنگوں کو پورا کرے گی۔ مساوات، انصاف اور امن کے لیے تعمیر نو کے عمل کو آگے بڑھائے گی۔ تیرہویں ترمیم کے نفاذ اور صوبائی کونسل انتخابات کرانے کی اپنے عہد بندی کو مکمل کرے گی اور  سری لنکا کے تمل برادری کے لئے  عزت اور احترام کی زندگی کو یقینی بنائے گی۔

دوستو،

یہ سال ہمارے دوطرفہ تعلقات کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہندوستانی نژاد تمل برادری سری لنکا میں اپنی آمد کے 200 سال مکمل کر رہی ہے۔ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اس موقع پر سری لنکا کے ہندوستانی نژاد تمل شہریوں کے لیے  75 کروڑ روپے کی لاگت کے مختلف منصوبے نافذ کئے جائیں گے۔ اس کے ساتھ  ساتھ ہندوستان، سری لنکا کے شمالی اور مشرقی علاقوں میں ترقیاتی پروگراموں میں بھی اپنا تعاون پیش کرے گا۔

عزت مآب

ایک مستحکم، محفوظ اور خوشحال سری لنکا نہ صرف ہندوستان کے مفاد میں ہے بلکہ پورے بحر ہند کے خطے کے مفاد میں ہے۔ میں ایک بار پھر یقین دلاتا ہوں کہ سری لنکا کے لوگوں کی اس جدوجہد کی گھڑی میں ہندوستان کے لوگ ان کے ساتھ ہیں۔

بہت بہت شکریہ۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔  ا ک۔ م ر

Urdu No. 7283



(Release ID: 1941388) Visitor Counter : 94