وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم  کا جاپان ، پاپوانیو گنی اورآسٹریلیا کا دورہ

Posted On: 16 MAY 2023 5:00PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندرمودی 19سے 21مئی 2023کے دوران جاپان کے شہرہیروشیماکا دورہ کریں گے ۔ وہ جاپان کی صدارت کے تحت جی-7سربراہ اجلاس کے لئے جاپان کے عزت مآب وزیراعظم جناب کشیدافومیوکی دعوت پر یہ دورہ کررہے ہیں ۔ اس سربراہ اجلاس کے دوران ، وزیراعظم ، جی -7اجلاس میں ساجھیدارملکوں کے ساتھ امن ،  ماحولیاتی توازن کو قائم رکھنے والے کرۂ ارض کے استحکام وخوشحالی، خوراک ، کھاد اور توانائی کی یقینی فراہمی ، صحت ، صنفی مساوات ، آب وہواکی تبدیلی اورماحولیات ، ہرطرح کے حالات کے لئے سازگاربنیادی ڈھانچہ اور ترقیاتی تعاون جیسے شعبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے ۔

وزیراعظم ، جاپان کے وزیراعظم کشیدا فومیوکے ساتھ دوطرفہ میٹنگ کریں گے ۔ وہ اس سربراہ اجلاس کے شانہ بشانہ  ، اجلاس میں شرکت کرنے والے  بعض دیگرلیڈروں کے ساتھ بھی دوطرفہ میٹنگیں کریں گے ۔

وزیراعظم اس سربراہ اجلاس کے بعد پاپوانیوگنی میں پورٹ مورسبائی کے لئے روانہ ہوجائیں گے ، جہاں وہ 22مئی 2023کو  پاپوانیوگنی کے وزیراعظم عزت مآب  جناب جیمس مارپے کے ساتھ بھارت ۔بحرالکاہل جزائر تعاون سے متعلق فورم  (ایف آئی پی آئی سی  IIIسربراہ اجلاس ) کی تیسری چوٹی میٹنگ کی مشترکہ طورپرصدارت کریں گے ۔ ایف آئی پی آئی سی کی تشکیل 2014میں کی گئی تھی اوراس میں بھارت اوربحرالکاہل جزائرکے    14 ممالک  (پی آئی سیز)شامل ہیں ۔ان ممالک کے نام کُک آئی لینڈس ، فیڈریٹڈ اسٹیٹس آف مائکرونیشیا ، فجی ، کیری باتی ، نورو، نیو، پلاؤ، پاپوانیوگنی ، ریپبلک آف مارشل آئی لینڈس ، سموعا، سولومن آئی لینڈس ، ٹونگا ، تووالو اورونواتو۔

وزیراعظم جناب نریندرمودی پاپوانیو گنی میں دوطرفہ ملاقات کریں گے ۔ ان ملاقاتوں میں گورنر-جنرل سرباب ددائے اوروزیراعظم جیمس مارپے کے ساتھ میٹنگیں شامل ہیں ۔ بھارت کے کسی بھی وزیراعظم کا پاپوانیو گنی کا یہ پہلادورہ ہوگا۔

اس کے بعد ، وزیراعظم جناب نریندرمودی  آسٹریلیاکے وزیراعظم عزت مآب جناب اینتھنی البانیز کی دعوت پر22سے 24مئی 2023کو آسٹریلیا کے شہرسڈنی کا دورہ کریں گے ۔ جہاں وہ امریکہ کے صدرعزت مآب جناب جوزف آر۔بائیڈن جونیئر اور جاپان کے وزیراعظم عزت مآب جناب کشیدافومیو  کے ساتھ کواڈ رہنماؤں کے سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔ یہ سربراہ اجلاس لیڈروں کو ، بھارت –بحرالکاہل خطے میں ترقی کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے اور ایک کھلے اورمبنی برشمولیت  بھارت –بحرالکاہل خطے کے لئے اپنے ویژن کو آگے بڑھانے کا ایک موقع فراہم کرے گا۔

اپنے دورے کے دوران وزیراعظم 24مئی 2023کو آسٹریلیا کے وزیراعظم اینتھنی البانیز کے ساتھ ایک دوطرفہ میٹنگ کریں گے ۔ وزیراعظم جناب نریندرمودی 23مئی 2023کو آسٹریلیا کے سی ای اوز اور ممتاز اورسرکردہ کاروباری افراد کے ساتھ بات چیت کریں گے اور ایک کمیونٹی تقریب میں آسٹریلیامیں مقیم بھارتی افراد سے خطاب کریں گے ۔

***********

(ش ح ۔ ع م۔ ع آ)

U -5467



(Release ID: 1927164) Visitor Counter : 80