وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم نے کرناٹک کے شہر میسورو میں ترقیاتی پہل قدمیوں کا آغاز کیا


وزیراعظم نے میسورو میں ناگن پلّی ریلوے اسٹیشن میں سب-اربن ٹریفک کے لئے کوچنگ ٹرمنل کا سنگ بنیاد رکھا

اے آئی آئی ایس ایچ  میسورو میں قوت گویائی سے متاثرہ افراد کے لئے عمدگی کے مرکز کو بھی  قوم کے نام وقف کیا گیا

کرناٹک اس بات کی ایک بہترین مثال ہے کہ ہم اپنی قدیمی ثقافت کو مالا مال کرکے کس طریقے سے اکیسویں صدی کے عزائم کو حقیقت کی شکل دے سکتے ہیں

ڈبل انجن کی حکومت، عام  آدمی کو بنیادی سہولتوں اور  با وقار زندگی کے ساتھ منسلک کرنے کی غرض سے پوری توانائی کے ساتھ کام کر رہی ہے

گزشتہ 8 برسوں میں، حکومت نے ہر شخص تک خدمات کی مؤثر رسائی  کے توسط سے سماجی انصاف  کو بااختیار بنایا ہے

ہم دِویانگ افراد کے لئے وقار اور موقعوں کو یقینی بنا رہے ہیں اور دویانگ انسانی وسائل کو ملک کی ترقی کا ایک کلیدی ساجھیدار بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں

Posted On: 20 JUN 2022 8:45PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی نے  آج میسورو میں ناگن پلّی  ریلوے اسٹیشن پر سب-  اربن ٹریفک کے لئے ایک کوچنگ ٹرمنل کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ کوچنگ ٹرمنل میسورو کے مہاراجہ کالج گراؤنڈ  کے مقام پر ایک تقریب میں سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ٹرمنل 480  کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ کوچنگ ٹرمنل میں ایک  ایم ای ایم یو  شیڈ بھی  ہوگا  اور اس کی بدولت  موجودہ میسورو یارڈ میں ٹرینوں کا رش کم ہوگا اور میسورو سے مزید  ایم ای ایم یو  ٹرین خدمات  اور طویل فاصلے کی ٹرینیں چلانے میں سہولت ہوگی اور  اس کے ساتھ ہی خطے  میں کنکٹی وٹی  اور سیاحت  دونوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ اس سے  شہر کے اندر  یومیہ  سفر کرنے والوں کے ساتھ ساتھ طویل دوری  کے مقامات تک کا سفر  کرنے والوں کو فائدہ ہوگا۔

پروگرام کے دوران، وزیراعظم نے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ  آف اسپیچ اینڈ ہیئرنگ (اے آئی آئی ایس ایچ) کے مقام پر قوت گویائی  سے متاثرہ افراد کے لئے عمدگی  کے ایک مرکز کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ یہ مرکز جدید ترین لیبارٹریوں سے آراستہ  ہے اور اس میں امراض  کی تشخیص، تجزیہ اور  قوت گویائی  سے متاثرہ  افراد کی باز آباد  کاری  سے متعلق سہولتیں دستیاب ہیں۔

کرناٹک کے گورنر ، جناب  تھاور چند گہلوت، وزیراعلیٰ جناب بسوراج بومئی اور مرکزی وزیر  جناب پرہلاد جوشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیراعظم جناب نریند رمودی نے  کہا کہ  کرناٹک ایک ایسی ریاست ہے کہ جہاں ملک کی اقتصادی  اور روحانی خوشحالی کو ایک ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  کرناٹک اس بات کی ایک مکمل اور بہترین مثال ہے کہ ہم  اپنی قدیم ثقافت کو مالا مال بنا کر  اکیسویں صدی کے اپنے عزائم  کو کس طریقے سے حقیقت کی شکل دے سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  اس سرزمین نے ملک کو نلواڈی کرشنا  ووڈیار، سر ایم وسِویسریا اور راشٹریہ کوی کوویمپو جیسی عظیم شخصیات دی ہیں۔ ان عظیم شخصیات  نے بھارت کی وراثت اور ترقی میں گراں قدر تعاون کیا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈبل انجن  کی سرکار، عام  آدمی  کو بنیادی سہولتوں اور وقار کی زندگی  کے ساتھ جوڑنے اور ان عظیم  شخصیات  کے نظریات  کو آگے لے جانے کی غرض سے پوری توانائی  کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے یاد دلایا کہ اس سے پہلے  فلاح وبہبود سے متعلق کوششیں، بہت چنندہ  طبقے  تک محدود  تھیں۔ انہوں نے اس بات کو  اجاگر کیا کہ گزشتہ  8 برسوں میں  ان کی حکومت  کے ذریعہ  بنائی گئی اسکیموں میں اس جذبے کو ترجیح دی گئی ہے، کہ ان اسکیموں سے معاشرے کے سبھی  طبقات اور سبھی شعبے  مستفید ہوسکیں۔ ایک جانب، ہم نے  اسٹارٹ اپ پالیسی کے تحت  نوجوانوں کو ترغیبات فراہم کی ہیں، تو دوسری جانب، ہم پی ایم کسان سمان ندھی  کے ذریعہ کسانوں کو  رقم بھی دستیاب کرا رہے ہیں (کرناٹک کے 56  لاکھ چھوٹے کسانوں کے کھاتوں میں 10ہزار  کروڑ ر وپے سے زیادہ فراہم کئے گئے ہیں)۔ ایک ملک – ایک راشن کارڈ جیسی پہل قدمیوں کے   ذریعہ، اب یہ اسکیمیں پورے بھارت کا احاطہ کر رہی ہیں۔ کرناٹک کے 4.25  کروڑ سے زیادہ  غریب  لوگ، گزشتہ   دو سال سے  بھی زیادہ  عرصے سے مفت راشن حاصل کر رہے ہیں۔ آیوشمان  کے تحت، ریاست کے 29  لاکھ  سے زیادہ  غریب مریضوں کا مفت  علاج کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے، جنہوں نے اس تقریب سے پہلے مستفید افراد سے بات چیت بھی کی تھی، اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ  حکومت کا پیسہ ، عوام میں اعتماد پیدا کر رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ  گزشتہ 8 برسوں کے دوران، حکومت نے  ہر شخص  تک خدمات  کی رسائی  کو یقینی بنا کر ،  سماجی انصاف  کو بااختیار بنایا ہے۔ فلاح وبہبود سے متعلق اسکیموں کو پوری طرح بروئے کار لانے کی کوششوں کی بدولت، بھارت کے عام شہریوں میں، بغیر  کسی تفریق  کے فوائد  حاصل کرنے سے متعلق یقین مزید مستحکم ہوا ہے۔ انہوں نے کہا  کہ ان کی حکومت اس بات کی مسلسل کوششیں کر رہی ہے کہ ہمارے  معذوری سے متاثرہ  ساتھیوں کو دوسروں پر کم سے کم انحصار کرنا پڑے۔ اس لئے، ہماری کرنسی میں  دویانگ افراد کی سہولت کی غرض سے نئی  خصوصیات  کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پورے ملک میں معذوری سے متاثرہ افراد کی تعلیم سے متعلق کورسز  کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ سُگمیا بھارت،  کے ذریعہ ان افراد کی  دفاتر تک رسائی میں سہولت پیدا کی جارہی ہے اور اس عمل کو شفاف بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپ ایکو نظام کو دعوت  دی کہ وہ دویانگ افراد کے مسائل کا حل تلاش کرنے کے لئے کام کریں۔ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف اسپیچ اینڈ ہیئرنگ (اے آئی آئی ایس ایچ)  کو دویانگ انسانی وسائل کو ملک کی ترقی میں ایک کلیدی ساجھیدار بنانے میں معاونت کے مقصد سے، قوت  گویائی سے متاثرہ افراد  کے لئے عمدگی  کے ایک مرکز کو آج قوم کے نام وقف کیا گیا ہے۔

وزیراعظم جناب نریندر مودی  نے، اس بات کو نمایاں کیا کہ گزشتہ 8  برسوں میں، مرکزی  حکومت نے، کرناٹک میں 5  ہزار  کلو میٹر قومی شاہراہوں کی تعمیر  کے مقصد سے  تقریبا  70  ہزار کروڑ  روپے مختص کئے ہیں۔ آج بینگلورو میں قومی شاہراہوں کے پروجیکٹوں میں سے ایک کا سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جس پر  7  ہزار کروڑ روپے  سے زیادہ کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈبل انجن  کی سرکار، عام ٓدمی کے رہن سہن میں سہولت پیدا کرنے کی غرض سے، ان پروجیکٹوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر کام کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے مطلع کیا کہ سال 2014  سے پہلے کرناٹک میں ریلوے کے لئے  اوسطاً  800  کروڑ روپے مختص کئے جاتے تھے اور اب اس کے مقابلے اس سال ہی  اس کام کے لئے 7000 کروڑ روپے مختص کئے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ  ریاست میں  34000 کروڑ روپے  مالیت کے ریلوے پروجیکٹوں پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے اس جانب توجہ مبذول کرائی کہ 2014  سے پہلے  10  سالوں میں محض  16 کلو میٹر طویل ریلوے لائن کی بجلی کاری ہوئی  تھی اور اس کے مقابلے  گزشتہ  8  سالوں میں ہی  1600 کلو میٹر  طویل ریلوے لائن کی بجلی کاری کی جا چکی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب  کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے عوام کی دعاؤں کی بدولت، ڈبل انجن کی سرکار کو ترغیب ملتی رہے گی  کہ وہ ریاست کی ترقی کی خاطر انتھک کام کر تی رہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۰۰۰۰۰۰۰۰

(ش ح-  ع م- ق ر)

U-6711



(Release ID: 1835786) Visitor Counter : 135