وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے   پانی کے عالمی دن کے موقع پر ‘ جَل شکتی ابھیان : کیچ دا رین ’ مہم کا آغاز کیا


کین بیتوا لنک پروجیکٹ کے لئے تاریخی  ایم او اے پر دستخط کئے گئے

بھارت کی ترقی اور  خود کفالت  ، پانی کی سکیورٹی اور پانی کی کنکٹیویٹی پر منحصر ہے : وزیر اعظم

پانی کی ٹسٹنگ  انتہائی سنجیدگی کے ساتھ کی جا رہی ہے : پی ایم

Posted On: 22 MAR 2021 2:25PM by PIB Delhi

نئی دلّی ، 22 مارچ / وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے  آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے  پانی کے عالمی دن کے موقع پر ‘ جل شکتی ابھیان : کیچ دا رین ’ مہم کا آغاز کیا ۔  کین بیتوا لنک پروجیکٹ   کے نفاذ کے لئے ، جو دریاؤں کو مربوط کرنے  سے متعلق   قومی  منصوبے کا پہلا  پروجیکٹ  ہے ، وزیر اعظم کی موجودگی میں  مدھیہ پردیش اور اتر پردیش کے وزرائے اعلیٰ نے معاہدے کی عرضداشت   ( ایم او اے ) پر دستخط کئے  ۔  وزیر اعظم نے راجستھان ، اترا کھنڈ ، کرناٹک ، مہا راشٹر اور گجرات  میں  سرپنچوں اور  وارڈ کے پنچوں کے ساتھ  بات چیت بھی کی ۔

          اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے  کہا  کہ پانی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر  ‘ کیچ دا رین ’ مہم کو متعارف کرائے جانے کے ساتھ ساتھ کین – بیتوا رابطہ نہر  کے لئے بھی ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ  اٹل جی کے ، اُس خواب کو پورا کرنے کے لئے بہت اہم ہے ، جو  اتر پردیش اور مدھیہ پردیش   کے لاکھوں خاندانوں کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  پانی کی کفالت   اور پانی کے موثر  بندوبست کے بغیر   تیز تر ترقی ممکن نہیں ہے ۔  انہوں نے مزید کہا کہ  بھارت کی ترقی اور   بھارت کی خود کفالت   کا ویژن  ہمارے آبی مسائل اور آبی کنکٹیویٹی پر منحصر ہے ۔

          وزیر اعظم نے ، اِس بات کو اجاگر کیا کہ  بھارت کی ترقی کے ساتھ ساتھ پانی کے بحران کا چیلنج بھی تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کی موجودہ  نسل کی ذمہ داری ہے   کہ وہ آنے والی نسلوں کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت نے  اپنی پالیسیوں اور فیصلوں میں  پانی کی حکمرانی کو  ترجیح دی ہے ۔ پچھلے 6 برسوں کے دوران ، اِس سلسلے میں کئی  اقدامات کئے گئے ہیں ۔  انہوں نے  پردھان منتری کرشی سینچائی یوجنا  ، ہر کھیت کے لئے پانی کی مہم  - ہر کھیت کو پانی  ،  فی بوند زیادہ فصل مہم اور  نمامی گنگے مشن   ، جل جیون مشن  یا  اٹل بھوجن یوجنا   کا ذکر کیا ۔  انہوں نے کہا کہ اِن تمام اسکیموں پر  تیزی سے کام کیا جا رہا ہے ۔

          وزیر اعظم نے  ، اِس بات کی طرف اشارہ کیا کہ  بھارت جتنے بہتر طریقے سے بارش کے پانی کو   منضبط کرے گا  ، زیر زمین پانی پر ملک کا انحصار اُتنا ہی کم ہو گا ۔  اِس لئے  ‘ کیچ دا رین ’ جیسی مہم کی کامیابی   بہت اہم ہے ۔ انہوں نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ  جل شکتی ابھیان میں شہری اور دیہی دونوں علاقوں کو شامل کیا گیا ہے ۔  انہوں نے  آنے والے مانسون کے دنوں  میں پانی  کے تحفظ  کی کوششوں میں  اضافہ کرنے پر زور دیا ۔ سرپنچوں اور  ڈی ایم / ڈی سی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ، وزیر اعظم نے کہا کہ    ‘ جل شپتھ  ’ ، جو پورے ملک میں  منعقد کی جا رہی ہے ، ہر شخص  کا عہد اور   اس کی فطرتِ ثانیہ  بننی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ  جب پانی سے متعلق ہماری فطرت میں تبدیلی ہو گی تو قدرت بھی ہماری  مدد کرے گی ۔

          وزیر اعظم نے اِس بات کو اجاگر کیا کہ   بارش کے پانی   کو ذخیرہ کرنے ( رین ہارویسٹینگ  ) کے علاوہ ، ہمارے ملک میں   دریاؤں کے پانی کے بندوبست  پر بھی  کئی دہائیوں  سے تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے ۔  ملک کو  پانی کے بحران سے بچانے کے لئے ، اب یہ ضروری ہو گیا ہے کہ اس سمت میں تیزی سے کام کیاجائے ۔ انہوں نے کہا کہ کین – بیتوا لنک پروجیکٹ  ، اِسی ویژن کا ایک حصہ ہے ۔  انہوں نے اِس پروجیکٹ کو  حقیقت میں بدلنے  کے لئے اتر پردیش اور مدھیہ پردیش   دونوں حکومتوں کی ستائش کی ۔

          وزیر اعظم نے کہا کہ  صرف ڈیڑھ سال پہلے تک  ہمارے ملک میں  19 کروڑ دیہی کنبوں  میں صرف   ساڑھے تین کروڑ  کنبوں کو ہی  پائپ کے ذریعے پینے والا پانی  میسر تھا ۔  انہوں نے اِس بات پر خوشی  کا اظہار کیا کہ جل جیون مشن کے آغاز کے بعد    تقریباً 4 کروڑ  نئے خاندانوں کو ، اِس مختصر مدت میں پینے کے پانی کے لئے  پائپ کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ   عوامی شرکت اور  مقامی حکمرانی کے ماڈل  جل جیون مشن   کی بنیاد ہیں ۔

          وزیر اعظم نے کہا کہ  آزادی کے بعد پہلی  مرتبہ  حکومت   پانی کی ٹسٹنگ  سے متعلق  اتنی سنجیدگی کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  پانی کی ٹسٹنگ    کی اِس مہم میں  دیہی بہنوں اور بیٹیوں کو  فریق بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  کورونا کے دور  میں ہی تقریباً 4.5 لاکھ خواتین کو پانی کی  ٹسٹنگ  کی تربیت دی گئی ہے ۔   ہر گاؤں میں  پانی ٹسٹ کرنے کے لئے کم از کم 5 تربیت یافتہ خواتین   پہنچ رہی ہیں ۔  وزیر اعظم نے کہا کہ   پانی کی حکمرانی  میں   خواتین کی  بڑھتی ہوئی شرکت کے ساتھ یقیناً بہتر نتائج حاصل ہوں گے ۔

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( ش ح  ۔ و ا ۔ ع ا ۔ 22.03.2021  )

U. No. 2878



(Release ID: 1706713) Visitor Counter : 232