وزیراعظم کا دفتر

اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کی مہم کی انسانی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ہے : پی ایم


بھارت میں تیار کردہ ویکسین کی کارکردگی اور اُن کے محفوظ ہونے کے بارے میں ماہرین اور سائنس دانوں کے اطمینان کے بعد ہی ایمرجنسی استعمال کی اجازت دی گئی ہے : پی ایم

پوری دنیا میں 60 فی صد بچوں کو بھارت میں بنی لائف سیونگ ویکسین دی جاتی ہیں : پی ایم

Posted On: 16 JAN 2021 1:46PM by PIB Delhi

 

نئی دلّی ، 16 جنوری / وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو  کانفرنسنگ کے ذریعے  کووڈ – 19 ٹیکہ کاری مہم کا  پورے بھارت میں آغاز کیا ۔  یہ ٹیکہ کاری  کا  دنیا کا سب سے  بڑا پروگرام  ہے ، جس میں  ملک کے  پورے طول و ارض کا  احاطہ  کیا جا رہا ہے ۔

          وزیر اعظم نے  غیر معمولی بڑے  پیمانے پر ٹیکہ کاری کی اِس مہم  کی شروعات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں  3 کروڑ سے زیادہ  لوگوں کو  ، جو  دنیا کے کم از کم 100 ملکوں  کی آبادی سے بھی  زیادہ ہے ، ٹیکے لگائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا  کہ یہ ٹیکہ کاری مہم  دوسرے مرحلے میں 30 کروڑ  لوگوں کے لئے ہوگی ، جس میں بزرگوں  اور  سنگین بیماریوں سے متاثرہ لوگوں کو ٹیکہ  لگایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ  صرف تین ملک – بھارت ، امریکہ اور چین ایسے ملک ہیں ، جن کی آبادی 30 کروڑ سے زیادہ ہے ۔ جناب مودی نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر ٹیکہ کاری کی مہم  تاریخ میں کبھی نہیں چلائی گئی اور اس سے بھارت کی صلاحیت  کا اظہار ہوتا ہے ۔

          وزیر اعظم نے  لوگوں سے کہا کہ وہ  افواہوں اور پروپیگنڈے سے دور رہیں  کیونکہ   بھارت میں  تیار کردہ   ، اِن ویکسینز کو   ماہرین اور سائنسدانوں   کے ویکسین کے محفوظ ہونے اور ان کی کار کردگی  سے پوری طرح  مطمئن ہونے کے بعد ہی  ، اِن کی ایمرجنسی  استعمال کی اجازت دی گئی ہے ۔ بھارت کے  ویکسین کے  سائنسداں ، طبی نظام ، بھارتی عمل  اور اس سلسلے میں  ادارہ جاتی نظام   پر عالمی سطح  پر اعتماد  کیا جاتا ہے   اور یہ اعتماد  ایک مسلسل بہتر ریکارڈ کےذریعے  حاصل کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم نے  اس بات کو اجاگر کیا کہ  پوری دنیا میں  60 فی صد سے زیادہ بچوں کو   بھارت میں  تیار کردہ  لائف سیونگ  ویکسین دی جاتی ہیں  ، جنہیں بھارت میں سخت  سائنسی  ٹسٹ   سے گزارا جاتا ہے ۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت  میں  ویکسین کی مہارت  اور بھارتی ویکسین  کے سائنسدانوں پر اعتماد    ، بھارت میں تیار کردہ  کورونا ویکسین  سے مزید  مستحکم ہو گا ۔  بھارتی ویکسین  نہ صرف غیر ملکی ویکسینز سے زیادہ سستی  ہیں بلکہ   اُن  کا استعمال  بھی زیادہ آسان ہے ۔  وزیر  اعظم نے اس بات کا اشارہ کیا  کہ   کچھ غیر ملکی ویکسین  کی قیمت   500 روپئے فی خوراک  تک رکھی گئی ہے اور جنہیں منفی 70 ڈگری درجۂ حرارت پر  رکھنا ضروری ہے ۔  دوسری جانب بھارتی ویکسین   ایسی ٹیکنا لوجی پر مبنی ہے ،  جنہیں بھارت میں  کئی برسوں سے  استعمال کیا گیا ہے اور اُن کا ٹسٹ کیا جا چکا ہے ۔   ان ویکسینز کی  نقل و حمل اور   ان کو ذخیرہ  کرنے   کا عمل بھارت کی صورتِ حال کے لحاظ سے مناسب ہے  ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ  ہمیں  کورونا کے خلاف لڑائی میں  فیصلہ کن جیت  حاصل کرنے میں مدد کرے گی ۔

جناب مودی نے  کورونا  کے خلاف بھارتی اقدامات کو  خود اعتمادی اور خود کفالت سے تعبیر کیا   ۔ انہوں نے اِس بات کو اجاگر کیا  کہ  ہر ہندوستانی میں   اعتماد  کو کمزور  نہیں ہونے دیا جائے گا ۔ انہوں نے  ایک کورونا  لیب سے  2300 لیبس تک کے مضبوط نیٹ ورک  کے سفر ،   ماسک ، پی پی ای اور وینٹیلیٹر س کے لئے  دوسروں  پر منحصر  ہونے سے لے کر  برآمد کرنے کی صلاحیت تک کے سفر  کا ذکر کیا ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ  ٹیکہ کاری مہم  کے پہلے  مرحلے  کے دوران بھی  ویسی ہی خود اعتمادی اور خود کفالت  کے جذبے کا اظہار کریں ۔  

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔ ۔ ۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ۔   )

U. No. 445

 



(Release ID: 1689097) Visitor Counter : 220