وزارت اطلاعات ونشریات
آکاش وانی نے اپنے 90 سالہ جشن کے سلسلے میں ’’سُور پریرنا ویتھیکا‘‘ کا آغاز کیا
پدم وبھوشن پنڈت ہری پرساد چورسیا نے عظیم موسیقاروں کے اعزاز میں قائم تصویری گیلری کا افتتاح کیا
प्रविष्टि तिथि:
01 JUL 2026 6:23PM by PIB Delhi
آکاش وانی کے 90 برس مکمل ہونے اور 2027 میں ہندوستان میں ریڈیو نشریات کی صد سالہ تقریبات کے پیش نظر، آکاش وانی نے آج ’’سُور پریرنا ویتھیکا‘‘ کے نام سے ایک خصوصی تصویری گیلری کا افتتاح کیا، جو آکاش وانی اور ہندوستان کے نامور موسیقاروں کے درمیان دیرینہ تعلق کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ اس گیلری کا افتتاح پدم وبھوشن پنڈت ہری پرساد چورسیا نے نئی دہلی میں واقع آکاش وانی بھون کے رنگ بھون آڈیٹوریم میں کیا۔
/center>
تقریباً نو دہائیوں سے آکاش وانی ملک کے ممتازسرکاری نشریاتی ادارے کے طور پر خدمات انجام دیتا آ رہا ہے، جس نے ہندوستان کی عظیم موسیقی وراثت کے تحفظ اور فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے نامور فنکاروں کی پیشکش کو ملک بھر کے لاکھوں سامعین تک پہنچایا ہے۔اسی پائیدار وراثت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے ’’سُور پریرنا ویتھیکا‘‘ قائم کی گئی ہے، جو ان ممتاز فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جو آکاش وانی سے قریبی طور پر وابستہ رہے اور جنہیں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات سے نوازا گیا۔ اس اقدام کا مقصد ہندوستانی موسیقی میں ان کی گراں قدر خدمات کا تحفظ کرنا اور مستقبل کی نسلوں کے فنکاروں اور موسیقی سے محبت رکھنے والوں کے لیے تحریک کا ذریعہ بننا ہے۔

اس اقدام کے پہلے مرحلے میں موسیقی کی دنیا کی 20 ممتاز شخصیات کے پورٹریٹس کی نقاب کشائی کی گئی۔ گیلری میں بھارت رتن سے سرفراز شخصیات، جن میں ودوشی ایم ایس سبلکشمی (کرناٹک گائیکی)، پنڈت روی شنکر (ستار)، ودوشی لتا منگیشکر (پلے بیک سنگنگ )، استاد بسم اللہ خاں (شہنائی)، پنڈت بھیم سین جوشی (ہندوستانی کلاسیکی گائیکی) اور ڈاکٹر بھوپن ہزاریکا (لوک موسیقی) شامل ہیں، کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گیلری میں پدم وبھوشن اعزاز یافتہ شخصیات، جیسے پنڈت ہری پرساد چورسیا (بانسری)، استاد امجد علی خاں (سرود) اور استاد علاؤالدین خاں (سرود) کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے۔ مزید برآں، پدم بھوشن سے نوازے گئے فنکاروں میں استاد حافظ علی خاں (سرود)، پنڈت برجو مہاراج (کتھک)، استاد احمد جان تھرکوا (طبلہ)، پنڈت کرشناراؤ شنکر پنڈت (ہندوستانی گائیکی)، ودوشی شنو کھرانہ (گائیکی)، پنڈت دیبو چودھری (ستار)، ودوشی شرن رانی بیکلیوال (سرود)، استاد صابری خاں (سارنگی)، پنڈت راجن مشرا اور پنڈت ساجن مشرا (ہندوستانی گائیکی)، استاد اسد علی خاں (رودر وینا) اور استاد مشتاق حسین خاں (ہندوستانی گائیکی) شامل ہیں۔

اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے پرسا ر بھارتی کے چیف ایگزیکٹو افسر جناب گورو دویدی نے کہا کہ ’’سُور پریرنا ویتھیکا‘‘ کا افتتاح آکاش وانی کی جانب سے ان عظیم فنکاروں کے تئیں اظہارِ تشکر کی پہلی کڑی ہے، جن کی گراں قدر خدمات نے آکاش وانی کو ملک کے نمایاں ثقافتی اداروں میں شامل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مراحل میں مزید ممتاز فنکاروں کے پورٹریٹس بھی اس گیلری میں شامل کیے جائیں گے، نیز ملک بھر کے آکاش وانی مراکز میں مقامی سطح کے ممتاز موسیقاروں کے لیے بھی اسی نوعیت کی گیلریاں قائم کی جائیں گی۔
ہندوستانی موسیقی کے فروغ کے لیے آکاش وانی کے مسلسل عزم پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوامی نشریاتی ادارہ مختلف موسیقی روایات کی سرپرستی کرتا آیا ہے اور اس نے نسل در نسل فنکاروں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیا ہے، ساتھ ہی سامعین کے متنوع ذوق کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آکاش وانی کے مخصوص ڈیجیٹل چینلز ’’راگم‘‘ (ہندوستانی کلاسیکی موسیقی) اور ’’آرادھنا‘‘ (روحانی موسیقی) چوبیس گھنٹے دستیاب ہیں، جنہیں یوٹیوب، نیوز آن ایئر ایپ اور ویوز او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر سنا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آکاش وانی سے وابستہ فنکاروں نے ہندوستان کی عظیم موسیقی وراثت کو ملک اور دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے پدم وبھوشن پنڈت ہری پرساد چورسیا نے اس موقع کو ’’گھر واپسی‘‘ سے تعبیر کیا اور یاد کیا کہ آکاش وانی کے ساتھ ان کا موسیقی کا سفر اس کے بچوں کے پروگرام سے شروع ہوا تھا۔ انہوں نے آکاش وانی کو ایک ایسے خاندان سے تشبیہ دی جس نے نسل در نسل فنکاروں کی سرپرستی کی ہے، اور امید ظاہر کی کہ یہ عظیم ثقافتی روایت آئندہ بھی پھلتی پھولتی رہے گی اور اس ادارے کو ملک بھر کے سامعین کی محبت اور پذیرائی مسلسل حاصل ہوتی رہے گی۔
اس موقع کی رونق میں مزید اضافہ پنڈت روپک کلکرنی کی دلکش بانسری نوازی نے کیا، جو پنڈت ہری پرساد چورسیا کے ممتاز ترین شاگردوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔ مئیہر گھرانے کے نمایاں نمائندہ پنڈت کلکرنی عالمی شہرت یافتہ بانسری نواز ہیں، جو متعدد قومی اور بین الاقوامی اعزازات سے نوازے جا چکے ہیں اور آکاش وانی کے اعلیٰ درجے کے فنکار بھی ہیں۔ اپنے قابلِ احترام استاد کی موجودگی میں پیش کی گئی ان کی روح پرور موسیقی کو حاضرین نے بے حد سراہا۔

’’سُور پریرنا ویتھیکا‘‘ کا افتتاح آکاش وانی کی ان مسلسل کوششوں میں ایک اور اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جن کا مقصد ہندوستان کی عظیم موسیقی وراثت کا تحفظ کرنا اور ان عظیم فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے، جن کی گراں قدر خدمات نے ملک کی عوامی نشریاتی روایت کو مزید مالا مال کیا ہے۔
***
ش ح۔ ف ا۔ م ر
U-NO. 9431
(रिलीज़ आईडी: 2280124)
आगंतुक पटल : 9