وزارت آیوش
azadi ka amrit mahotsav

وزارتِ آیوش نے یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیے گئے یوگا پروگرام کی سب سے زیادہ ناظرین کی شرکت کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا


بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 سے قبل منعقدہ عالمی آن لائن یوگا پروگرام میں 4,35,831 تصدیق شدہ ناظرین نے شرکت کی

प्रविष्टि तिथि: 14 JUN 2026 12:56PM by PIB Delhi

بین الاقوامی یومِ یوگا (آئی ڈی وائی) 2026 سے قبل ایک تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے وزارتِ آیوش نے آج یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیے گئے یوگا پروگرام کے سب سے زیادہ ناظرین کی شرکت کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔ وزارتِ آیوش کے سرکاری یوٹیوب چینل پر براہِ راست نشر کیے گئے ایک خصوصی عالمی آن لائن یوگا سیشن میں 4,35,831 ناظرین نے شرکت کی۔

یہ ریکارڈ کوشش بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کے سلسلے میں وزارتِ آیوش کی عوامی بیداری سرگرمیوں کے تحت منعقد کی گئی۔ اس میں بھارت اور دنیا بھر سے یوگا کے مشق کاروں، طلبہ، تعلیمی اداروں، پیشہ ور افراد اور صحت و تندرستی میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔ پروگرام میں ’’کامن یوگا پروٹوکول(سی وائی پی)‘‘ پیش کیا گیا اور ’’یوگا 365‘‘ مہم کے تحت یوگا کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنانے کے وزارت کے عزم کو مزید تقویت ملی۔

وزارتِ آیوش نے 4,35,831 تصدیق شدہ ناظرین کا اندراج کیا، جو 2024 میں قائم کیے گئے 2,46,252 ناظرین کے سابقہ گنیز ورلڈ ریکارڈ سے کہیں زیادہ ہے۔ اس طرح نیا ریکارڈ سابقہ معیار سے 1,89,579 ناظرین زیادہ رہا اور یوٹیوب پر براہِ راست نشر کیے گئے یوگا پروگرام کی سب سے بڑی عالمی ناظرین تعداد کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوا۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آیوش کے مرکزی وزیرِ مملکت (آزادانہ چارج) اور صحت و خاندانی بہبود کے وزیرِ مملکت جناب پرتاپ راؤ جادھو نے اس تاریخی کامیابی میں تعاون کرنے پر دنیا بھر کے شہریوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا:

’’آج کی یہ کامیابی اس حقیقت کا مظہر ہے کہ یوگا صحت اور فلاح و بہبود کے مشترکہ مقصد کے ذریعے مختلف خطوں، ثقافتوں اور ممالک کے لوگوں کو باہم جوڑنے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ طرزِ زندگی کے طور پر یوگا کی بڑھتی ہوئی عالمی قبولیت کا عکاس ہے اور اس بات کے ہمارے اجتماعی عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے کہ یوگا کو روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنایا جائے۔ بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی جانب پیش قدمی کرتے ہوئے میں سبھی افراد سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ’یوگا 365‘ کے جذبے کو اپنائیں اور ایک زیادہ صحت مند، مضبوط اور باحوصلہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔‘‘

وزارتِ آیوش کے سکریٹری ویدیہ راجیش کوٹیچا نے اس تاریخی کامیابی میں حصہ لینے والے تمام متعلقہ فریقوں اور شرکاء کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا: ’’یہ کامیابی محض ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرنے تک محدود نہیں بلکہ اس پیغام کی بھی نمائندہ ہے جو ہم دنیا کو دینا چاہتے ہیں۔ غیر معمولی عوامی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صحت اور فلاح و بہبود کے لیے یوگا کی اہمیت کو عالمی سطح پر تیزی سے تسلیم کیا جا رہا ہے۔ ہمارا مقصد لوگوں کو اس بات کی ترغیب دینا ہے کہ وہ یوگا کو صرف ایک روزہ تقریب کے بجائے زندگی بھر کی مشق کے طور پر اپنائیں اور ’یوگا 365‘ کے تصور کو حقیقت میں تبدیل کریں۔‘‘

پروگرام کے دوران متعدد معزز وزراء کے خصوصی پیغامات بھی نشر کیے گئے، جن میں اڈیشہ کے وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود مکیش مہالنگ، پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر جناب کرن رجیجو، اور مدھیہ پردیش کے وزیرِ اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو شامل تھے۔ انہوں نے اس تاریخی کامیابی پر شرکاء کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے یوگا کو احتیاطی صحت نگہداشت اور ہمہ جہت فلاح و بہبود کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر اجاگر کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی روزمرہ زندگی میں یوگا کو شامل کرکے ’’یوگا 365‘‘ کے جذبے کو اپنائیں۔

یہ پروگرام وزارتِ آیوش نے مورارجی دیسائی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف یوگا (ایم ڈی این آئی وائی) اور دیگر شراکت دار اداروں کے اشتراک سے منعقد کیا۔ بھارت اور دنیا بھر سے شرکاء نے وزارتِ آیوش کے سرکاری یوٹیوب چینل کے ذریعے اس براہِ راست سیشن میں شرکت کی اور اجتماعی طور پر ’’کامن یوگا پروٹوکول (سی وائی پی)‘‘ پر عمل کیا، جبکہ پورے پروگرام کے دوران ہیبلڈ  ٹیم نے ماہرانہ رہنمائی فراہم کی۔

یہ کامیابی ایسے وقت میں حاصل ہوئی ہے جب بھارت ’’صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا‘‘ کے موضوع کے تحت بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 منانے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ موضوع طویل اور صحت مند زندگی کے فروغ، معیارِ زندگی میں بہتری اور تمام عمر کے افراد کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی صحت کے استحکام میں یوگا کے کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی مرکزی تقریب 21 جون کو کولکاتا، مغربی بنگال میں منعقد ہوگی، جہاں یوگا سے وابستہ افراد، مشق کار اور مختلف متعلقہ فریق صحت اور ہم آہنگی کی اس عالمی تحریک کے جشن میں شریک ہوں گے۔

وزارتِ آیوش نے تمام شرکاء، یوگا اداروں، تعلیمی تنظیموں، سرکاری محکموں، کارپوریٹ اداروں، سماجی تنظیموں اور دنیا بھر میں مقیم بھارتی برادری کے اراکین کا شکریہ ادا کیا، جن کی پُرجوش شرکت نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔

بین الاقوامی یومِ یوگا 2026 کی جانب پیش رفت کے ساتھ وزارتِ آیوش نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ یوگا کو طرزِ زندگی کے طور پر اختیار کریں اور ’’ہر گھر یوگا، ہر دن یوگا‘‘ کا پیغام عام کریں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0016LSD.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00244QU.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003R115.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0044D4Y.jpg

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-8585


(रिलीज़ आईडी: 2272641) आगंतुक पटल : 16
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: English , हिन्दी , Marathi , Assamese , Bengali , Gujarati , Odia , Tamil , Telugu , Kannada , Malayalam