وزیراعظم کا دفتر
وزیرِ اعظم ہند کی چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات
Posted On:
31 AUG 2025 1:58PM by PIB Delhi
وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی نے عوامی جمہوریہ چین کے صدر جناب شی جن پنگ سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رہنماؤں کی کانفرنس کے موقع پر تیانجن میں 31 اگست 2025 کو ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے اکتوبر 2024 میں کازان میں ہونے والی اپنی آخری ملاقات کے بعد دوطرفہ تعلقات میں مثبت پیش رفت اور مستقل رفتار کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اس بات کی توثیق کی کہ دونوں ممالک ترقی کے شراکت دار ہیں حریف نہیں اور یہ کہ ان کے اختلافات کو تنازعات میں نہیں بدلنا چاہیے۔ بھارت اور چین کے درمیان مستحکم تعلقات اور تعاون اور ان کے 2.8 ارب عوام کے درمیان باہمی احترام، باہمی مفاد اور باہمی حساسیت کی بنیاد پر تعلق، دونوں ممالک کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ کثیر قطبی دنیا اور کثیر قطبی ایشیا کے لیے بھی ضروری ہے جو اکیسویں صدی کے رجحانات سے ہم آہنگ ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سرحدی علاقوں میں امن اور سکون دوطرفہ تعلقات کی مسلسل ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے اطمینان کے ساتھ اس بات کا نوٹس لیا کہ گزشتہ سال کامیاب فوجی انخلا کے بعد سے سرحدی علاقوں میں امن قائم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرحدی مسئلے کو ایک منصفانہ، معقول اور باہمی طور پر قابلِ قبول حل کی طرف لے جایا جائے گا جو دونوں ممالک کے مجموعی تعلقات اور عوام کے طویل مدتی مفادات کے سیاسی تناظر سے آگے بڑھے۔
انہوں نے رواں ماہ کے اوائل میں دونوں ممالک کے خصوصی نمائندوں کی بات چیت میں کیے گئے اہم فیصلوں کو تسلیم کیا اور ان کی کوششوں کو مزید تعاون دینے پر اتفاق کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے براہِ راست پروازوں اور ویزا سہولت کو فروغ دینا ضروری ہے، جس کی بنیاد کیلاش مانسروور یاترا اور سیاحتی ویزا کے دوبارہ آغاز پر رکھی گئی ہے۔ معاشی اور تجارتی تعلقات کے حوالے سے انہوں نے اس حقیقت کو تسلیم کیا کہ ان کی دونوں معیشتیں دنیا کی تجارت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تجارتی خسارے کو کم کرنے اور باہمی تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے سیاسی اور اسٹریٹجک سمت سے آگے بڑھنا ضروری ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ بھارت اور چین دونوں اسٹریٹجک خودمختاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور ان کے تعلقات کو کسی تیسرے ملک کے تناظر میں نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ، علاقائی اور عالمی مسائل و چیلنجز— جیسے کہ دہشت گردی اور کثیرالجہتی فورمز میں منصفانہ تجارت— پر مشترکہ مؤقف کو وسعت دینا ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم نے ایس سی او کی صدارت کے لیے چین کی حمایت کا اظہار کیا اور تیانجن میں منعقدہ اجلاس کی کامیابی پر اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔ انہوں نے صدر شی کو برکس سمٹ 2026 کے لیے بھی مدعو کیا، جس کی میزبانی بھارت کرے گا۔ صدر شی نے دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارت کی برکس صدارت کی بھرپور حمایت کی پیشکش کی۔
وزیرِ اعظم نے چین کی کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کی پولٹ بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن جناب کائی چی سے بھی ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے جناب کائی کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے لیے اپنا نظریہ مشترک کیا اور دونوں رہنماؤں کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان کی حمایت طلب کی۔ جناب کائی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چین دوطرفہ تبادلوں کو بڑھانے اور تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان طے پائے گئے اتفاقِ رائے کو عملی شکل دی جا سکے۔
*****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 5499
(Release ID: 2162445)
Visitor Counter : 2
Read this release in:
Khasi
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Nepali
,
Bengali
,
Assamese
,
Manipuri
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam