وزارت اطلاعات ونشریات
azadi ka amrit mahotsav g20-india-2023

ہندوستانی سنیما کےبام  عروج تک پہنچنے کے لیے متھن دا  کی امید، استقامت اور خواب کے  حصول کے سفر کا جشن


دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ برائے 2022 نامور اداکار متھن چکرورتی کو دیا جائے گا

اداکار کا فلمی سفر انتہائی شاندار اور  باعث تحریک؛ ان کی لگن اور محنت نے انہیں حوصلہ مند اداکاروں اور فنکاروں کے لیے ایک رول ماڈل بنا دیا ہے:جناب اشونی ویشنو

مایہ نازاداکار اپنی فلمی خدمات کے ذریعے نسلوں کو متاثر کرے گا اوران کی  انسان دوستی اور عوامی خدمت  کا کام عمدگی اور ہمدردی کی دیرپا  روایت قائم کرے گا

Posted On: 30 SEP 2024 9:58AM by PIB Delhi

 مایہ ناز اداکار  جناب  متھن چکرورتی کو سال 2022 کے لیے دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات، ریلویز ، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی، جناب اشونی ویشنو نے ہندوستانی سنیما کے لیے ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں آج اس ایوارڈ کا اعلان کیا۔ وزیر موصوف نے فلمی صنعت کی ایک انتہائی قابل قدر اور مشہور شخصیت کو اعزاز دینے پر  انتہائی خوشی اور فخر کا اظہار کیا جو اپنی ہمہ گیر  کارکردگی اور اسکرین پرکرشماتی موجودگی کے لیے جانی جاتی ہے۔

متھن دا کا شاندار سفر

متھن چکرورتی،  جنھیں متھن دا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایک مشہور ہندوستانی اداکار، پروڈیوسر، اور سیاست داں ہیں، جو اپنے  ہمہ گیر کرداروں اور مخصوص رقص کے لیے پہچانے جاتے ہیں۔ انھوں نے اپنی فلموں میں مختلف قسم کے کردار ادا کیے ہیں، جس میں ایکشن سے بھرپور کرداروں  سے لے کر پُرجوش ڈرامائی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔

وزیر موصوف نے کہا کہ متھن چکرورتی کا ایک معمولی نوجوان کے  آغاز  سے مشہور فلمی آئیکن تک کا سفر، امید اور استقامت کے جذبے کو ابھارتا ہے، یہ ثابت کرتا ہے کہ جذبے اور لگن کے ساتھ، کوئی بھی  ولولہ انگیز خوابوں کو بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ ان کی لگن اور محنت نے انہیں حوصلہ مند اداکاروں اور فنکاروں کے لیے رول ماڈل بنا دیا ہے۔

متھن چکرورتی کی پیدائش 16 جون 1950 کو کولکتہ، مغربی بنگال میں ہوئی تھی، پیدائش کے وقت ان کا نام گورنگ چکرورتی تھا، انہوں نے اپنی پہلی ہی فلم‘‘مرگیہ’’ (1976) میں بہترین اداکار کا قومی فلم ایوارڈ حاصل کیا۔ مشہور فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا (ایف ٹی آئی آئی) کے سابق طالب علم، متھن چکرورتی نے اپنے فن کو نمایاں کیا اور سنیما میں اپنے شاندار کیریئر کی بنیاد رکھی۔

مرنال سین ​​کی فلم میں سنتھال باغی کے کردار نے انہیں قومی سطح پر اعزاز عطاکیا۔ 1980 کی دہائی میں ‘‘ڈسکو ڈانسر’’ (1982) میں اپنے کردار سے متھن نےخاصی مقبولیت حاصل کی، ایک ایسی فلم جس نے ہندوستان اور بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی کامیابی حاصل کی، جس نے انہیں ڈانسنگ سنسنیشن کے طور پر پہچان دلائی ۔ وہ ڈسکو ڈانسر (1982) میں اپنے مشہور کردار کے ساتھ  کافی مقبول ہو گئے ، ایک ایسی فلم جس نے نہ صرف ان کے غیر معمولی رقص کی مہارت  کو پیش کیا، بلکہ ہندوستانی سنیما میں ڈسکو میوزک کو بھی مقبول  عام کیا۔ اگنی پتھ میں ان کی اداکاری نے انہیں 1990 میں بہترین معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ  دلایا۔

بعد میں، انہوں نے تہادر کتھا (1992) اور سوامی وویکانند (1998) میں اپنے کرداروں کے لیے مزید دو قومی فلم ایوارڈز جیتے۔ اپنے وسیع کریئر کے دوران، متھن نے ہندی، بنگالی، اوڈیہ، بھوجپوری اور تیلگو سمیت مختلف ہندوستانی زبانوں میں 350 سے زیادہ فلموں میں کام کیا۔ وہ ایکشن سے لے کر ڈرامہ اور کامیڈی تک اپنی متنوع  کا ر کر دگی  کے لیے جانے جاتے ہیں، اور کئی ایوارڈز جیت چکے ہیں، جن میں بہترین اداکار کے تین قومی فلم ایوارڈز بھی شامل ہیں۔

متھن دا کی دوہری وراثت

مرکزی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ متھن دا کو نہ صرف ان کی فلمی کامیابیوں کے لیے بلکہ سماجی مقاصد کے تئیں ان کی لگن کے لیے بھی جانا جاتا ہے۔ وہ تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، اور پسماندہ کمیونٹیز کی مدد کرنے کے مقصد سے مختلف خیراتی کام میں سرگرم عمل رہے ہیں، جو معاشرے  کے لیے کچھ کرنے کے ان کے  عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے عوامی خدمت اور حکمرانی کے لیے اپنی وابستگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔

تقریباً پانچ دہائیوں پر محیط  کریئر میں، متھن چکرورتی  کو ہندوستانی سنیما میں ان کے اہم تعاون کےا عتراف میں ان کے  پورے کریئر میں انھیں متعدد ایوارڈز اور اعزازات عطا کیے گئے۔ انہیں حال ہی میں ہندوستانی سنیما میں ان کی شاندار خدمات کے لئے باوقار پدم بھوشن ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ فلموگرافی کے ساتھ جس میں کلاسک جیسے ‘‘ڈسکو ڈانسر،’’ اور‘‘گھر ایک مندر’’ شامل ہیں،  انھوں نے نہ صرف لاکھوں لوگوں کو محظوظ کیا ہے بلکہ بالی ووڈ اور علاقائی سنیما کے منظر نامے کو بھی تشکیل دیا ہے۔ ان کا اثر و رسوخ سلور اسکرین سے باہر بھی ہے، کیونکہ وہ فلم اور خدمت خلق  کے ذریعے نسلوں کو تحریک دےرہے ہیں۔

یہ ایوارڈ 8 اکتوبر 2024 بروز منگل کو منعقد ہونے والی 70ویں نیشنل فلم ایوارڈز کی تقریب کے دوران پیش کیا جائے گا۔ درج ذیل ممبران دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے:

  1. محترمہ آشا پاریکھ
  2. محترمہ خوشبو سندر
  3. جناب  وپل امرُت لال شاہ

باوقار دادا صاحب پھالکے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ نہ صرف متھن چکرورتی کی فنکارانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتا ہے بلکہ ایک ہمدرد اور لگن سے بھر پورفرد کے طور پر ان کی پائیدارروایت کو بھی تسلیم کرتا ہے جس نے بہت سے لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی پیدا کی ہے۔

******

ش ح۔ ف ا  ۔ ش ب ن

U-NO.627



(Release ID: 2060191) Visitor Counter : 17