وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم نے دیپوتسو کی شاندار تقریبات کا آغاز کیا
Posted On:
23 OCT 2022 8:00PM by PIB Delhi
’’آج ایودھیا ہندوستان کی ثقافتی تجدید کے سنہری باب کا عکس ہے‘‘
’’ان چراغوں کی روشنی اور اثرات ہندوستان کے اصولی منتر – ’ستیہ میو جیتے‘ کا اعلان ہے‘‘
’’دیپاولی کے دیے ہندوستان کے نظریات، اقدار اور فلسفے کی زندہ توانائی ہیں‘‘
’’دیا روشنی پھیلانے کے لیے جلتا ہے، لگن کا احساس پیدا کرتا ہے‘‘
|
دیپاولی کے موقع پر، وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج اتر پردیش کے ایودھیا میں دیپوتسو کی شاندار تقریبات کا آغاز کیا۔ وزیر اعظم نے شاندار میوزیکل لیزر شو کے ساتھ دریائے سریو کے کنارے رام کی پیڑی میں 3-ڈی ہولوگرافک پروجیکشن میپنگ شو کا بھی مشاہدہ کیا۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے بھگوان رام کی ستائش کی اور کہا کہ آج ایودھیا جی دیوں کی روشنی سے جگمگا رہی ہیں اور جذبات سے بھری ہوئی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’آج ایودھیا ہندوستان کی ثقافتی تجدید کے سنہری باب کا عکس ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ جب وہ پہلے راجیا بھشیک کے لیے یہاں آئے تھے تو انہوں نے اپنے اندر جذبات کا ایک تلاطم محسوس کیاتھا۔ وزیر اعظم نے تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جب بھگوان شری رام 14 سال کی جلاوطنی کے بعد واپس آئے تو ایودھیا کو کیسے سجایا گیا ہو گا۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’آج اس امرت کال میں، بھگوان رام کے آشیرواد سے، ہم ایودھیا کی الوہیت اور لافانییت کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ہم ان روایات اور ثقافتوں کے امین ہیں جہاں تہوار اور تقریبات لوگوں کی زندگی کا فطری حصہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’ہر سچ کی جیت اور ہر جھوٹ کی شکست کے بارے میں انسانیت کے پیغام کو زندہ رکھنے کی بات کی جائے تو ہندوستان کا کوئی مقابلہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ دیپاولی کے دیے ہندوستان کے نظریات، اقدار اور فلسفے کی زندہ توانائی ہیں۔‘‘ وزیر اعظم نے مزید کہا، ’’ان دیوں کی روشنی اور اثرات ہندوستان کے اصولی منتر – ’ستیہ میو جیتے‘ کا اعلان ہے۔‘‘
اپنشد کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ’’ستیہ میو جیتے نانرتم ستین پنتھا وتاتو دیویانا‘‘، جس کا مطلب ہے کہ جیت سچائی کی ہوتی ہے، جھوٹ کی نہیں۔ وزیر اعظم نے ہمارے سادھو سنتوں کے الفاظ کا بھی حوالہ دیا، ’’رامو راجمنی سدا وجےتے‘‘ جس کا مطلب ہے کہ جیت ہمیشہ رام کے اچھے اخلاق کی ہوتی ہے نہ کہ راون کے بد سلوک کی۔ دیے کی شعوری توانائی پر روشنی ڈالتے ہوئے، انہوں نے سادھو سنتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’دیپو جیوتیہ پربرہما دیپو جیوتی جناردنا‘‘ جس کا مطلب ہے کہ چراغ کی روشنی برہما کی شکل ہے۔ جناب مودی نے اپنے یقین کا اعادہ کیا کہ یہ روحانی روشنی ہندوستان کی تعمیر و ترقی کی رہنمائی کرے گی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر سب کو یاد دلایا کہ گوسوامی تلسی داس نے رام چرت مانس میں کیا کہا تھا اور اس کا حوالہ دیا، ’’جگت پرکاش پرکاشک رامو‘‘، جس کا مطلب ہے بھگوان رام پوری دنیا کو روشنی دینے والے ہیں اور پوری دنیا کے لیے ایک مینار کی طرح ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’یہ رحمدلی اور ہمدردی، انسانیت اور وقار، مساوات اور مہربانی کی روشنی ہے اور یہ ’سب کا ساتھ‘ کا پیغام ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے چراغ کے بارے میں اپنی نظم ’دیا‘ کی چند سطریں سنائیں، جو انہوں نے کئی سال پہلے گجراتی میں لکھی تھیں۔ انہوں نے نظم کا مفہوم بیان کیا جس کا مطلب ہے کہ چراغ امید اور حرارت، آگ اور آرام دیتا ہے۔ اگرچہ ہر کوئی چڑھتے سورج کی پوجا کرتا ہے، یہ دیا ہی ہے جو شام کے اندھیرے کو سہارا دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چراغ خود اندھیرے کو دور کرنے کے لیے جلتا ہے اور لوگوں کے ذہنوں میں لگن کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جب ہم خود غرضی سے اوپر اٹھتے ہیں تو ہمہ گیریت کا عہد خود بخود اس میں جذب ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب ہماری سوچ پوری ہوتی ہے تو ہم کہتے ہیں کہ یہ کارنامہ میرے لیے نہیں ہے، یہ انسانیت کی فلاح کے لیے ہے۔ دیپ (چراغ) سے دیپاولی تک، یہ ہندوستان کا فلسفہ ہے، یہی ہندوستان کی سوچ ہے اور ہندوستان کی ابدی ثقافت ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان کو قرون وسطی اور جدید دور میں تاریک دور کے برے اثرات کا سامنا کرنا پڑا، لیکن ہم وطنوں نے کبھی دیا جلانا بند نہیں کیا اور کبھی اعتماد پیدا کرنے سے باز نہیں آئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ہر ہندوستانی کورونا کی مشکلات کے دوران اسی جذبے سے چراغ لے کر کھڑا ہوا اور دنیا اس وبا کے خلاف ہندوستان کی لڑائی کی گواہ ہے۔ وزیر اعظم نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے کہا، ’’ہندوستان ماضی کے ہر اندھیرے سے نکلا اور ترقی کی راہ پر اپنی طاقت کی روشنی پھیلائی۔‘‘
پس منظر
دیپوتسو کا چھٹا ایڈیشن پہلی بار ہوگا جب وزیر اعظم ذاتی طور پر ان تقریبات کا حصہ بنیں گے۔ اس موقع پر 15 لاکھ سے زیادہ دیے (چراغ) روشن کیے جائیں گے اور مختلف ریاستوں کے مختلف رقص کے ساتھ پانچ متحرک ٹیبلوز اور گیارہ رام لیلا ٹیبلوز کی نمائش کی جائے گی۔
*****
ش ح – ق ت – ت ع
U: 11776
(Release ID: 1870561)
Visitor Counter : 155
Read this release in:
Bengali
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Manipuri
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam