وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے بالایوگی آڈی ٹوریم میں نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈو  کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت کی


’’وینکیا جی کی ہمیشہ فعال رہنے اور روابط قائم رکھنے کی ان کی خوبی انہیں مستقبل میں طویل عرصے تک عوامی زندگی سے مربوط رکھے گی‘‘

’’ہمیں ان توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے جو وہ تمام پارلیمانوں سے وابستہ رکھتے ہیں‘‘

’’بھاشینی جیسی پہل قدمیاں اور پارلیمانی مباحثوں سے ابھرنے والے نئے الفاظ کا سالانہ مجموعہ مادری زبان سے وینکیا جی کی محبت کی میراث کو آگے بڑھائے گا‘‘

Posted On: 08 AUG 2022 8:49PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج یہاں جی ایم سی بالایوگی آڈی ٹوریم میں نائب صدر جمہوریہ جناب ایم وینکیا نائیڈوں کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے جناب وینکیا نائیڈوں کی ہمیشہ فعال رہنے اور روابط قائم رکھنے کی خوبی کا ذکر کیا، جوکہ ایک ایسی خوبی ہے جس نے انہیں عوامی زندگی کی سرگرمیوں سے مربوط رہنے میں ہمیشہ مدد فراہم کی۔ جناب مودی نے وینکیا نائیڈو کے ساتھ اپنی طویل رفاقت  کو یاد کیا۔انہوں نے کہا کہ واجپئی حکومت میں جب جناب نائیڈو کو بطور وزیر منتخب کیا جانا تھا ، اس وقت انہوں نے دیہی ترقیات کی وزارت کو ترجیح دی تھی۔ انہوں نے اس وزارت کو ازحد اہمیت دیتے ہوئے کام کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جناب نائیڈو نے دیہی ترقیات کے ساتھ ساتھ شہری ترقیات ، دونوں وزارتوں کی ذمہ داری سنبھالی۔ وزیر اعظم نے نائب صدر جمہوریہ کے راجیہ سبھا کے اولین رکن ہونے، راجیہ سبھا کے چیئرمین ہونے اور نائب صدر جمہوریہ ہونے کے ان کے خصوصی امتیاز کا بھی ذکر کیا۔یہ اور اس کے علاوہ پارلیمانی امور کے وزیر کے طور پر حاصل ہوئے تجربے نے انہیں بڑی مہارت اور آسانی کے ساتھ ایوان کی کاروائی انجام دینے میں مدد فراہم کی۔

وزیر اعظم نے ایوان، اراکین اور کمیٹیوں کی اہلیت میں اضافہ کے لیے جناب نائیڈو کی کوششوں کی بھی ستائش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہمیں ان توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کرنی چاہئے جو وہ تمام پارلیمانوں سے وابستہ رکھتے ہیں۔

وقت کی انتظام کاری سے متعلق جناب نائیڈو کے نظم و ضبط کی ستائش کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے یہ بھی بتایا کہ کیسے کورونا سے متعلق پابندیوں کے دوران ، نائب صدرجمہوریہ نے ’ٹیلی یاترا‘ کا اہتمام کیا تھا، جس کے تحت انہوں نے ان لوگوں سے فون پر بات چیت کی تھی جن سے وہ اپنی طویل عوامی زندگی کے دوران رابطے میں آئے تھے، انہوں نے اس مشکل دور میں ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ اسی طرح وہ وبائی مرض کے دوران تمام رکن پارلیمنٹ کے ساتھ بھی رابطہ میں رہے۔ وزیر اعظم نے وہ واقعہ بھی یاد کیا جب بہار کے دورے کے دوران، جناب نائیڈو کے ہیلی کاپٹر کو مجبوری کے تحت لینڈ کیا گیا تھا اور ایک کاشتکار نے ان کی مدد کی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جناب نائیڈو نے آج تک اس کاشتکار سے رابطہ قائم رکھا ہے۔ وزیر اعظم نے یہ امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں طویل عرصے تک اسی لگن اور حکمت و دانائی کے ساتھ عوامی زندگی میں لوگوں کو رہنمائی فراہم کرتے رہیں گے۔

جناب نائیڈو کے ذریعہ مادری زبان کو دی جانے والی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے بھاشینی- زبانوں کا قومی عوامی ڈجیٹل پلیٹ فارم کا ذکر کیا، جس کا مقصد آرٹی فیشل انٹیلی جنس اور دیگر ابھرتی ہوئی تکنالوجیوں کی قوت کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کے لیے خدمات اور مصنوعات تیار کرنا ہے۔ انہوں  نے دونوں ایوانوں کے اراکین سے اس پر ایک نظر ڈالنے کی اپیل کی۔ انہوں نے راجیہ سبھا کے اسپیکر اور ڈپٹی چیئرمین سے ایسے نئے الفاظ، جو مباحثوں کی وجہ سے مادری زبان میں ابھر کر سامنے آئے ہیں، کو جمع کرنے اور ملک کی زبانوں کو مالامال بنانے کے لیے انہیں شامل کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اچھے الفاظ کے کلکشن کو جاری کرنے کی سالانہ روایت کا آغاز کرکے، ہم مادری زبان سے وینکیا جی کی محبت کی میراث کو آگے بڑھائیں گے۔

**********

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:8910



(Release ID: 1850131) Visitor Counter : 135