وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے ممبئی میں راج بھون میں جل بھوشن بلڈنگ اور آزادی پسندوں کی گیلری کا افتتاح کیا


مہاراشٹر میں جگت گرو شری سنت توکارام مہاراج سے لے کر بابا صاحب امبیڈکر تک سماجی مصلحین کی ایک زرخیز وراثت ہے

جدوجہد آزادی کو کسی نہ کسی واقعے تک محدود رکھنے کا رجحان ہے جبکہ ہندوستان کی آزادی میں لاتعداد لوگوں کی ’تپسیا‘ شامل ہے

آزادی کی تحریک کا ’مقامی سے عالمی تک‘ کا جذبہ ہمارے آتم نربھر بھارت ابھیان کی طاقت ہے

مہاراشٹر کے کئی شہر 21ویں صدی میں ملک کے ترقی کے مراکز بننے جا رہے ہیں

Posted On: 14 JUN 2022 6:21PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ممبئی کے راج بھون میں جل بھوشن بلڈنگ اور انقلابیوں کی گیلری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے گورنر جناب بھگت سنگھ کوشیاری اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ جناب ادھو ٹھاکرے بھی موجود تھے۔

شروعات میں، وزیر اعظم نے آج وٹ پورنیما اور کبیر جینتی پر لوگوں کو مبارکباد دی۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مہاراشٹر نے ملک کو کئی شعبوں میں متاثر کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ جگت گرو شری سنت توکارام مہاراج سے لے کر باباصاحب امبیڈکر تک سماجی مصلحین کی بے حد زرخیز وراثت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مہاراشٹر سے سنت دنیشور مہاراج، سنت نام دیو، سنت رام داس اور سنت چوکھمیلا نے ملک کو توانائی سے مالا مال کیا ہے۔ اگر ہم سوراجیہ کی بات کریں، وزیر اعظم نے کہا، چھترپتی شیواجی مہاراج اور چھترپتی سنبھاجی مہاراج کی زندگی آج بھی ہر ہندوستانی میں حب الوطنی کے جذبے کو مضبوطی عطا کرتی ہے۔ وزیر اعظم نے راج بھون کے فن تعمیر میں قدیم اقدار اور جدوجہد آزادی کی یادوں کو شامل کرنے کا بھی ذکر کیا اور راج بھون کو لوک بھون میں تبدیل کرنے کے جذبے کی تعریف کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دانستہ یا نا دانستہ ہم ہندوستان کی آزادی کو چند واقعات تک محدود رکھتے ہیں۔ جبکہ ہندوستان کی آزادی میں لا تعداد لوگوں کی ’تپسیا‘ شامل تھی اور مقامی سطح پر بہت سے واقعات کا اجتماعی اثر قومی سطح کا تھا۔ انھوں نے کہا کہ سماجی، خاندانی یا نظریاتی کردار سے قطع نظر، تحریک کا مقام، چاہے ملک کے اندر ہو یا بیرون ملک، اس کا مقصد ایک تھا - ہندوستان کی مکمل آزادی۔ وزیر اعظم نے بال گنگا دھر تلک، چاپیکر برادران، واسودیو بلونت پھڑک، اور میڈم بھیکائی جی کاما کے کثیر المثال تعاون کو یاد کیا۔ انھوں نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ آزادی کی جدوجہد مقامی اور عالمی سطح پر پھیلی ہوئی ہے۔ انھوں نے غدر پارٹی، نیتا جی کی زیر قیادت آزاد ہند فوج اور شیام جی کرشنا ورما کے انڈیا ہاؤس کو عالمی سطح پر جدوجہد آزادی کی مثالوں کے طور پر پیش کیا۔ ”مقامی سے عالمی تک کا یہ جذبہ ہمارے آتم نربھر بھارت ابھیان کی بنیاد ہے“، انھوں نے کہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گمنام ہیروز کے تئیں بے حسی طویل عرصے تک جاری رہی۔ انھوں نے بتایا کہ کس طرح عظیم آزادی پسند جنگجو شیام جی کرشنا ورما کی باقیات کو ہندوستان پہنچنے کے لیے اتنے لمبے عرصے تک انتظار کرنا پڑا جب تک کہ جناب مودی خود انھیں ہندوستان واپس نہیں لے آئے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ممبئی خوابوں کا شہر ہے، تاہم مہاراشٹر میں ایسے بہت سے شہر ہیں، جو 21ویں صدی میں ملک کی ترقی کے مراکز بننے جا رہے ہیں۔ اس سوچ کے ساتھ، ایک طرف، ممبئی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنایا جا رہا ہے اور ساتھ ہی ساتھ دیگر شہروں میں بھی جدید سہولیات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

جل بھوشن 1885 سے مہاراشٹر کے گورنر کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ اس کی عمر مکمل ہونے پر اسے منہدم کر دیا گیا اور اس کی جگہ ایک نئی عمارت کی منظوری دی گئی۔ نئی عمارت کا سنگ بنیاد اگست 2019 میں ہندوستان کے معزز صدر نے رکھا تھا۔ نئی تعمیر شدہ عمارت میں پرانی عمارت کی تمام خصوصیات کو محفوظ کیا گیا ہے۔ 2016 میں مہاراشٹر کے اس وقت کے گورنر جناب ودیا ساگر راؤ کو راج بھون میں ایک بنکر ملا تھا۔ اس سے قبل انگریز اسے اسلحہ اور گولہ بارود کے خفیہ ذخیرہ کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ بنکر کی 2019 میں تزئین و آرائش کی گئی۔ گیلری کو بنکر میں اپنی نوعیت کے ایک میوزیم کے طور پر تیار کیا گیا ہے، تاکہ مہاراشٹر کے آزادی پسندوں اور انقلابیوں کی خدمات کو یاد کیا جا سکے۔ یہ واسودیو بلونت پھڈکے، چاپیکر برادران، ساورکر برادران، میڈم بھیکاجی کاما، وی بی گوگٹے، 1946 میں بحریہ کی بغاوت، اور دیگر کے تعاون کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

 

                                               **************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 6490



(Release ID: 1834032) Visitor Counter : 169