وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم مودی نے بے سہارا جانوروں کی امداد کرنے پر سبکدوش فوجی افسران کی ستائش کی


میجر پرمیلا سنگھ (سبکدوش) نے اپنی بچت سے جانوروں کے کھانے اور علاج کا بندوبست کیا

وزیر اعظم نے لکھا ، آپ کا قدم معاشرے کے لئے تحریک کا باعث ہے

یہ بے سہارا جانوروں کے لئے بھی مشکل گھڑی ہے اور ہمیں ان کی ضروریات اور درد کےتئیں حساس ہونے کی ضرورت ہے: وزیر اعظم

Posted On: 18 JUL 2021 12:44PM by PIB Delhi

نئی دہلی۔ 18  جولائی     وزیر اعظم ، نریندر مودی نے راجستھان کے کوٹہ کی رہائشی اور ہندوستانی فوج سے میجر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والی پرمیلا سنگھ کو ان کی مہربانی اور خدمات کے لیے خط لکھ کر ستائش کی ہے۔ دراصل کورونا کورونا میں لاک ڈاؤن کے دوران  جہاں لوگ اپنے اپنے گھروں میں خورد و نوش کا انتظام کرنے مصروف تھے، اسی دوران میجر پرمیلا سنگھ (سبکدوش) نے  اپنے والد شیام ویر سنگھ کے ساتھ مل کر لاچار اور بے سہارا جانوروں کی دیکھ بھال کی ، ان کا دکھ درد سمجھا اور ان کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ میجر پرمیلا اور ان کے والد نے اپنی جمع پونجی سے سڑکوں پر گھومتے ہوئے آوارہ جانوروں کے کھانے پینے  اور علاج کا بندوبست کیا۔ وزیر اعظم مودی نے میجر پرمیلا کی تعریف کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو معاشرے کے لئے تحریک کا باعث قرار دیا ہے۔

وزیر اعظم نے خط میں لکھا ہے ، 'پچھلے تقریبا ڈیڑھ سالوں میں ، ہم نے صبر و تحمل کے ساتھ غیرمعمولی حالات کا سامنا کیا ہے۔ یہ ایسا تاریخی دور ہے جسے لوگ زندگی بھر نہیں بھول پائیں گے۔ یہ نہ صرف انسانوں کے لئے بلکہ متعدد جانداروں کے لئے بھی ایک مشکل دور ہے ۔ ایسی صورتحال میں ، آپ کا یہ عمل قابل تحسین ہے کہ آپ بے سہارا جانوروں کے درد اور ضروریات کے لئے حساس رہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے انفرادی سطح پر پوری صلاحیت کے ساتھ کام کیا۔

مزید برآں، وزیر اعظم مودی نے خط میں کہا کہ اس مشکل وقت میں ، ایسی بہت ساری مثالیں دیکھی گئی ہیں جس نے ہمیں انسانیت پر فخر محسوس کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے امید ظاہر کی کہ میجر پرمیلا اور ان کے والد اسی طرح اپنے اقدامات سے معاشرے میں شعور پیدا کرتے ہوئے اپنے کاموں سے لوگوں کو مسلسل تحریک دیتے رہیں گے۔

اس سے قبل میجر پرمیلا سنگھ نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ جانوروں کی دیکھ بھال کا جو کام انہوں نے لاک ڈاؤن کے دوران شروع کیا تھا ، وہ اب بھی جاری ہے۔انہوں نے خط میں بے سہارا جانوروں کے درد کا اظہار کرتے ہوئے معاشرے کے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ان کی مدد کرنے کے لیے  آگے آنے کی اپیل کی ہے۔   

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح ۔ رض  ۔ ج ا  (

U-6666

 


(Release ID: 1736550) Visitor Counter : 245