وزیراعظم کا دفتر

گجرات میں متعدد پروجیکٹوں کے افتتاح اور انھیں قوم کے نام وقف کرنے کے موقع پر وزیر اعظم کی تقریر کا متن

Posted On: 16 JUL 2021 7:39PM by PIB Delhi

نمسکار،

کابینہ کے میرے ساتھی اور گاندھی نگر کے رکن پارلیمنٹ جناب امت شاہ جی، ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو جی، گجرات کے وزیر اعلیٰ وجے روپانی جی، نائب وزیر اعلیٰ نتن بھائی، ریلوے کی مرکزی وزیر مملکت محترمہ درشنا زردوش جی، حکومت گجرات کے دیگر وزراء، پارلیمنٹ میں میرے ساتھی اور گجرات ریاستی بی جے پی کے صدر جناب سی آر پاٹل جی، دیگر اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی اور میرے عزیز بھائیو اور بہنو، آپ سب کو نمسکار۔

آج کا دن، اکیسویں صدی کے بھارت کی تواقعات کا، نوجوان بھارت کے جذبات اور امکانات کی بہت بڑی علامت ہے۔ سائنس اور ٹیکنالوجی ہو، بہتر شہری لینڈ اسکیپ ہو یا پھر کنیکٹیوٹی کا جدید بنیادی ڈھانچہ، نئے بھارت کی نئی پہچان میں آج ایک اور کڑی جڑ رہی ہے۔ میں نے یہاں دہلی سے تمام پروجیکٹوں کی رونمائی تو کی ہے، لیکن ان کو بالمشافہ دیکھنے کی خواہش کا میں بیان نہیں کرسکتا۔ میں موقع دیکھتے ہی خود بھی اسے دیکھنے کے لئے آؤں گا۔

بھائیو اور بہنو،

آج ملک کا ہدف صرف کنکریٹ کے ڈھانچے کھڑا کرنا نہیں ہے، بلکہ آج ملک میں ایسے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر ہورہی ہے جن کی اپنی ایک خصوصیت ہو۔ بہتر پبلک اسپیس ہماری لازمی ضرورت ہے۔ اس طرح سے کبھی پہلے سوچا نہیں جاتا تھا۔ ہماری ماضی کی شہری منصوبہ میں اس کو بھی ایک طرح سے عیش و عشرت کے ساتھ جوڑ دیا گیا تھا۔ آپ نے بھی غور کیا ہوگا کہ ریئل اسٹیٹ اور ہاؤسنگ کمپنیوں کی تشہیر کا فوکس کیا ہوتا ہے۔ پارک کے روبرو گھر یا پھر سوسائٹی کے مخصوص پبلک اسپیس کے اردگرد ہوتا ہے۔ یہ اس لئے ہوتا ہے کیونکہ ہمارے شہروں کی ایک بڑی آبادی معیاری پبلک اسپیس اور معیاری عوامی زندگی سے محروم رہی ہے۔ اب شہری ترقیات کی پرانی سوچ کو درکنار کرتے ہوئے ملک جدیدیت کی سمت میں گامزن ہے۔

ساتھیو،

احمدآباد میں سابرمتی کا کیا حال تھا، یہ کون بھول سکتا ہے؟ آج وہاں پانی کی دھار کے ساتھ ساتھ ریور فرنٹ، پارک، اوپن جم، سی پلین، یہ سب ہماری خدمت میں دستیاب ہے۔ یعنی ایک طرح سے پورا ماحولیاتی نظام بدل چکا ہے۔ یہی بدلاؤ کانکریا میں کیا گیا ہے۔ پرانے احمدآباد کی ایک جھیل اتنی چہل پہل کا مرکز بن جائے گی، یہ پہلے کبھی سوچا ہی نہیں گیا۔

ساتھیو،

بچوں کی فطری نشوونما کے لئے تفریح کے ساتھ ساتھ ان کے سیکھنے اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بھی موقع ملنا چاہئے۔ سائنس سٹی ایک ایسا پروجیکٹ ہے جو ری کریئیشن اور کریئیٹیوٹی یعنی تفریح اور تخلیقی صلاحیت کو آپس میں جوڑتا ہے۔ اس میں ایسی تفریحی سرگرمیاں ہیں جو بچوں میں تخلیقیت کو فروغ دیتی ہیں۔ اس میں کھیل کود ہے، موج مستی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بچوں کو کچھ نیا سکھانے کا پلیٹ فارم بھی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے، بچے اکثر ماں باپ سے روبوٹس اور جانوروں کے بڑے کھلونوں کی مانگ کرتے ہیں۔ کچھ بچے کہتے ہیں کہ گھر میں ڈائناسور لے آؤ، کوئی شیر پالنے کی زد کرنے لگتا ہے۔ اب والدین یہ سب کہاں سے لائیں؟ بچوں کو یہ متبادل ملتا ہے سائنس سٹی میں۔ جو یہ نیا نیچر پارک بنا ہے، یہ خاص طور سے میرے ننھے ساتھیوں کو بہت پسند آنے والا ہے۔ اتنا ہی نہیں، سائنس سٹی میں بنی ایکویٹکس گیلری، وہ تو اور بھی لطف دینے والی ہے۔ یہ ملک کے ہی نہیں بلکہ ایشیا کے چوٹی کے ایکویریم میں سے ایک ہے۔ ایک ہی جگہ پر دنیا بھر کے سمندری حیاتیاتی تنوع کا دیدار اپنے آپ میں انوکھا احساس دینے والا ہے۔

وہیں روبوٹکس گیلری میں روبوٹس کے ساتھ بات چیت دلچسپی کا مرکز تو ہے ہی، ساتھ ہی یہ روبوٹکس کے شعبے میں کام کرنے کے لئے ہمارے نوجوانوں کو ترغیب بھی دے گی۔ بچوں کے من میں تجسس پیدا کرے گی۔ طب، زراعت، خلا، دفاع، ایسے متعدد شعبوں میں روبوٹس کیسے کام آسکتے ہیں، اس کا تجربہ یہاں ہمارے نوجوان ساتھی کرپائیں گے۔اور ہاں، روبو کیفے میں روبوٹک شیف کا بنایا اور روبوٹ ویٹرس کا پیش کیا ہوا کھانا کھانے کا لطف شاید ہی وہاں گیا ہوا کوئی شخص وہاں جائے بغیر رہے گا۔ کل جب سوشل میڈیا پر میں نے ان کی تصویریں پوسٹ کیں تو ایسے تبصرے بھی پڑھنے کو ملے کہ ایسی تصویریں تو ہم بیرونی ممالک میں ہی دیکھتے تھے۔ لوگوں کو یقین ہی نہیں ہورہا ہے کہ یہ تصویریں بھارت کی ہیں، گجرات کی ہیں۔ آج اس پروگرام میں، میری درخواست ہے کہ سائنس سٹی میں زیادہ سے زیادہ بچے آئیں، طلباء آئیں، اسکولوں کے ریگولر ٹورس ہوں، سائنس سٹی بچوں سے چہکتا رہے، دمکتا رہے، تو اس کی معنویت اور شان و شوکت اور بڑھے گی۔

ساتھیو،

میرے لئے یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ گجرات اور گجرات کے لوگوں کے وقار میں مزید اضافہ کرنے والے ایسے متعدد کاموں کا آج افتتاح ہوا ہے۔ آج احمدآباد شہر کے ساتھ ساتھ گجرات کی ریل کنیکٹیوٹی بھی اور زیادہ جدید، اور زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ گاندھی نگر اور وڈنگر اسٹیشن کی جدید کاری ہو، مہسانا – وریٹھا لائن کو چوڑا کیا جانا اور برق کاری ہو، سریندر نگر – پیپاواو سیکشن کی برق کاری ہو، گاندھی نگر کیپٹل – وریٹھا ایم ای ایم یو سروس کی شروعات ہو یا پھر گاندھی نگر کیپیٹل – وارانسی سپرفاسٹ ایکسپریس کا افتتاح ہو، ان سبھی سہولتوں کے لئے باشندان گجرات کو بہت بہت مبارک باد۔ گاندھی  نگر سے بنارس کے درمیان ٹرین، ایک طرح سے سومناتھ کی دھرتی کو وشوناتھ کی دھرتی سے جوڑنے کا بڑا کام ہے۔

بھائیو اور بہنو،

اکیسویں صدی کے بھارت کی ضرورت بیسویں صدی کے طور طریقوں سے پوری نہیں ہوسکتی تھی، لہٰذا ریلوے میں نئے سرے سے اصلاحات کی ضرورت تھی۔ ہم نے ریلوے کو صرف ایک سروس کے طور پر نہیں بلکہ ایک اسیٹ (اثاثہ) کے طور پر فروغ دینے کے لئے کام شروع کیا۔ آج اس کے نتائج نظر آنے لگے ہیں۔ آج بھارتی ریلوے کی پہچان، اس کی ساکھ بدلنے لگی ہے۔ آج بھارتی ریل میں سہولیات بھی بڑھی ہیں، صفائی ستھرائی بھی بڑھی ہے، سکیورٹی بھی بڑھی ہے اور رفتار بھی بڑھی ہے۔ چاہے وہ بنیادی ڈھانچے کی جدید کاری یا نئی جدید ٹرینیں ہوں، اس طرح کی کتنی کوششیں ٹرینوں کی رفتار کو بڑھانے کے لئے کی جارہی  ہیں۔ آنے والے دنوں میں جیسے ہی ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور شروع ہوجائیں گے، ٹرینوں کی رفتار اور بڑھے گی۔ تیجس اور وندے بھارت جیسی جدید ٹرینیں تو ہمارے ٹریک پر چلنے بھی لگی ہیں۔ آج یہ ٹرینیں مسافروں کو ایک نیا اور انوکھا احساس دے رہی ہیں۔ وسٹاڈوم کوچیزکا ویڈیو بھی آپ نے سوشل میڈیا پر ضرور دیکھا ہوگا۔

جو لوگ اسٹیچو آف یونیٹی گئے ہوں گے انھوں نے اس کا فائدہ بھی اٹھایا ہوگا۔ یہ کوچیز ایز اینڈ فیل آف جرنی کو ایک نئی جہت پر پہنچاتے ہیں۔ ٹرین میں چلنے والے سبھی لوگ اب یہ بھی محسوس کررہے ہیں کہ ہماری ٹرینیں، ہمارے پلیٹ فارم اور ہمارے ٹریک پہلے کے مقابلے کتنے صاف رہنے لگے ہیں۔ اس میں بہت بڑا تعاون ان دو لاکھ سے زیادہ بایو ٹوائلٹ کا بھی ہے جو کوچوں میں لگائے گئے ہیں۔

اسی طرح آج ملک بھر میں اہم ریلوے اسٹیشنوں کی جدید کاری کی جارہی ہے۔ ٹیئر 2 اور ٹیئر 3 شہروں کے ریلوے اسٹیشن بھی اب وائی فائی کی سہولت سے لیس ہورہے ہیں۔ سکیورٹی کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو براڈ گیج پر بغیر چوکیدار والے ریلوے کراسنگ کو پوری طرح سے ختم کردیا گیا ہے۔ کبھی سنگین حادثات اور بدنظمی کی شکایات کے لئے میڈیا میں چھایا رہنے والا بھارتی ریل آج پوزیٹیوٹی لے کر آتا ہے۔ آج بھارتی ریل کو دنیا کے جدید ترین نیٹورک اور میگا پروجیکٹس سے متعلق گفت و شنید میں جگہ ملتی ہے۔ آج بھارتی ریلوے کو دیکھنے کا احساس  اور نظریہ دونوں بدل رہے ہیں اور میں فخر سے کہوں گا کہ آج کے یہ پروجیکٹ بھارتی ریلوے کی اسی نوعیت کی جھانکی ہے۔

ساتھیو،

میری یہ واضح رائے رہی ہے کہ ریلوے ملک کے کونے کونے تک پہنچے، اس کے لئے ریلوے کی افقی توسیع ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریلوے میں صلاحیت سازی، وسائل سازی، نئی ٹیکنالوجی اور بہتر خدمات کے لئے عمودی توسیع بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ بہترین ٹریک، جدید ریلوے اسٹیشن اور ریل ٹریک کے اوپر عالی شان  ہوٹل، گاندھی نگر ریلوے اسٹیشن کا یہ تجربہ بھارتی ریلوے میں ایک مثبت تبدیلی کا آغاز ہے۔ ریل سے سفر کرنے والے عام شہریوں کو بھی ہوائی اڈے جیسی سہولتیں ملیں، خواتین اور چھوٹے بچوں کی خصوصی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے ان کے لئے اچھا انتظام ہو، ایسا جدید اور آرام دہ اسٹیشن آج ملک کو، گاندھی نگر کو مل رہا ہے۔

ساتھیو،

گاندھی نگر کا نیا ریلوے اسٹیشن ملک میں بنیادی ڈھانچے کے حوالے سے موجود ذہنیت میں آرہی تبدیلی کو بھی ظاہر کرتا ہے۔ طویل عرصے تک بھارت میں بنیادی ڈھانچے کو لے کر بھی طبقاتی تفریق کی حوصلہ افزائی کی گئی اور میں آپ کو بتانا چاہوں گا، آپ کو گجرات کے لوگ تو اچھی طرح جانتے ہیں، ہم لوگوں نے ایک تجربہ کیا تھا جب گجرات میں مجھے خدمت کا موقع ملا تھا۔ ہمارے جو بس اڈے ہیں، ان بس اڈوں کو جدید بنانے کی سمت میں کام کیا۔ سرکاری – نجی شراکت ماڈل پر کام کیا اور جو کبھی بس اڈے کی کیسی حالت رہتی تھی، آج ہمارے گجرات میں کئی بس اڈے جدید بن چکے ہیں۔ ہوائی اڈے جیسی سہولتیں بس اڈوں پر نظر آرہی ہیں۔

اور جب میں دہلی آیا تو میں نے اپنے افسروں کو گجرات کے بس اڈے دیکھنے کے لئے بھیجا تھا، ریلوے کے افسروں کو۔ اور میں نے ان کو سمجھایا تھا کہ ہمارے ریلوے اسٹیشن ایسے کیوں نہیں ہونے چاہئیں۔ لینڈ یوز کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہو، ریلوے اسٹیشن پر بہت بڑی اقتصادی سرگرمی ہو۔ اور ریلوے اپنے آپ میں صرف ٹرین کی آمد و رفت نہیں ایک طرح سے معیشت کا مرکز توانائی بن سکتا ہے۔ جیسے ہوائی اڈے کا ڈیولپمنٹ ہوتا ہے، جیسے گجرات میں بس اڈوں کی ترقی کا کام ہوا ہے، ویسے ہی ریلوے اسٹیشنوں کا بھی سرکاری – نجی شراکت داری طرز پر ڈیولپمنٹ کرنے کی سمت میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ آج گاندھی نگر اس کی شروعات ہے۔ عوامی سہولتوں میں ایسی زمرہ بندی، یہ جو اس کے لئے، اُس کے لئے ، امیروں کے لئے ہورہا ہے یہ سب بیکار کی باتیں ہیں۔ سماج کے ہر طبقے کو سہولتیں ملنی چاہئیں۔

ساتھیو،

گاندھی نگر کا جدید ریلوے اسٹیشن اس بات کا بھی بہت بڑا ثبوت ہے کہ ریلوے کے وسائل کا صحیح استعمال کرتے ہوئے، اس کو اقتصادی سرگرمیوں کا مرکز بھی بنایا جاسکتا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، ٹریک کے اوپر ایسا ہوٹل بنادیا ہے جہاں سے ریل چلتی ہوئی تو دکھائی دے سکتی ہے، لیکن محسوس نہیں ہوتی۔ زمین اتنی ہی ہے، لیکن اس کا استعمال دوگنا ہوگیا ہے۔ سہولت بھی بہترین، سیاحت اور تجارتی کاروبار بھی عمدہ۔ جہاں سے ریل گزرتی ہے اس سے پرائم لوکیشن بھلا کیا ہوسکتا ہے۔

اس ریلوے اسٹیشن سے مہاتما مندر کا جو پرشکوہ نظارہ ہوتا ہے، دانڈی کٹیر دکھائی دیتی ہے وہ بھی انوکھا ہے۔ دانڈی کٹیر میوزیم آنے والے لوگ یا وائبرینٹ گجرات سمٹ میں آنے والے لوگ جب اسے دیکھیں گے تو ان کے لئے یہ ایک ٹورسٹ اسپاٹ بن جائے گا۔ اور آج ریلوے کی یہ جو کایاپلٹ ہوئی ہے، مہاتما مندر سے متصل ہوا ہے، اس کی وجہ سے مہاتما مندر کی عظمت بھی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ اب لوگ چھوٹی موٹی کانفرنس کرنے کے لئے اس ہوٹل کا بھی استعمال کریں گے۔ مہاتما مندر کا بھی استعمال کریں گے۔ یعنی ایک طرح سے سال بھر متعدد تقریبات کے لئے یہاں ایک عوامی طور پر ایک نظم قائم ہوگیا ہے۔ اور ہوائی اڈے سے ادھر 20 منٹ کے راستے پر، آپ تصور کرسکتے ہیں کہ دیش بدیش کے لوگ اس کا کتنا استعمال کرسکتے ہیں۔

بھائیو اور بہنو،

تصور کیجئے، پورے ملک میں ریلوے کا اتنا بڑا نیٹ ورک ہے، اتنے زیادہ وسائل ہیں، اس طرح کے کتنے امکانات ان میں پوشیدہ ہیں۔ ساتھیو، بھارت جیسے عظیم ملک میں ریلوے کا رول ہمیشہ سے بہت بڑا رہا ہے۔ ریلوے اپنے ساتھ ساتھ ترقی کی نئی جہات، سہولتوں کی نئی جہات لے کر بھی پہنچتا ہے۔ یہ گزشتہ کچھ برسوں کی کوشش ہے کہ آج شمال مشرق کی راجدھانیوں تک پہلی بار ریل پہنچ رہی ہے تو بہت جلد سری نگر بھی کنیاکماری سے ریل کے وسیلے سے جڑنے والا ہے۔ آج وڈنگر بھی اس توسیع کا حصہ بن چکا ہے۔ میری تو وڈنگر اسٹیشن سے کتنی ہی یادیں وابستہ ہیں۔ نیا اسٹیشن واقعی بہت دلکش نظر آرہا ہے۔ اس نئی براڈ گیج لائن کے بننے سے وڈنگر – موڈھیرا- پاٹن ہیریٹیج سرکٹ اب بہتر ریل خدمات سے جڑگیا ہے۔ اس سے احمدآباد – جے پور – دہلی مین لائن سے براہ راست کنیکٹیوٹی ہوگئی ہے۔ اس لائن کے شروع ہونے سے اس پورے خطے میں سہولتوں کے ساتھ ساتھ روزگار اور اپنا روزگار آپ کے نئے مواقع بھی کھل گئے ہیں۔

ساتھیو،

مہسانا – وریٹھا لائن جہاں ہماری وراثت سے ہمیں جوڑتی ہے تو سریندر نگر – پیپاواو لائن کی برق کاری ہمیں بھارتی ریل کے مستقبل سے جوڑتی ہے۔ یہ بھارتی ریل کی تاریخ میں کم وقت میں پورا ہونے والے پروجیکٹ میں سے ایک ہے۔ یہ ریل لائن ایک اہم پورٹ کنیکٹیوٹی روٹ ہونے کے ساتھ ساتھ ویسٹرن ڈیڈیکیٹ فریٹ کوریڈوں کے لئے فیڈر روٹ بھی ہے۔ یہ ریل روٹ پیپاواو بندرگاہ سے ملک کے شمالی حصوں کے لئے ڈبل اسٹیک کنٹینروں والی مال گاڑی کی بلاروک ٹوک آمد و رفت کو یقینی بنانے والا ہے۔

ساتھیو،

ملک میں سفر ہو یا پھر اشیاء کا نقل و حمل، کم وقت، کم خرچ اور بہتر سہولت آج اکیسویں صدی کے بھارت کی ترجیح ہے۔ اس لئے آج ملک ملٹی ماڈل کنیکٹیوٹی کی طرف قدم بڑھا رہا ہے۔ اس کے لئے ایک تفصیلی روڈمیپ پر کام چل رہا ہے۔ مجھے یقین ہے، ٹرانسپورٹ کے الگ الگ موڈ کو جوڑکر، لاسٹ مائل کنیکٹیوٹی، آتم نربھر بھارت کی مہم کو مزید رفتار دے گی۔

ساتھیو،

نئے بھارت کے ترقی کی گاڑی دو پٹریوں پر ایک ساتھ چلتے ہوئے ہی آگے بڑھے گی۔ ایک پٹری جدیدیت کی، دوسری پٹری غریب، کسان اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کی۔ اس لئے آج بھارت میں ایک طرف نیکسٹ جنریشن انفرااسٹرکچر کی تعمیر پر اتنا کام ہورہا ہے، وہیں دوسری طرف ان کا فائدہ غریب کو، کسان کو، متوسط طبقے کو ملے، یہ بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔

بھائیو اور بہنو،

گجرات اور ملک کی ترقی کے ان کاموں کے درمیان، ہمیں کورونا جیسی بیماری کا بھی خیال رکھنا ہے۔ گزشتہ ڈیڑھ برس میں 100 سال کی سب سے بڑی وبا نے ہم سبھی کی زندگی کو بہت متاثر کیا ہے۔ کورونا انفیکشن نے متعدد ساتھیوں کو بے وقت ہم سے چھینا ہے، لیکن ایک قوم کے طور پر ہم پوری صلاحیت سے اس کا مقابلہ کررہے ہیں۔ گجرات نے بھی بڑی محنت کے ساتھ انفیکشن کی رفتار کو بڑھنے سے روکا ہے۔

اب ہمیں اپنے برتاؤ سے اور ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور ٹریٹمنٹ اور ٹیکہ کے اصول سے کورونا انفیکشن کی شرح کو نیچے ہی رکھنا ہے، لہٰذا بہت محتاط اور چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہمیں ٹیکہ کاری کے عمل کو مسلسل تیز کرنا ضروری ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ گجرات 3 کروڑ ٹیکوں کے پڑاؤ پر پہنچنے والا ہے۔ مرکزی حکومت نے ٹیکوں کی دستیابی سے متعلق جو معلومات پہلے ہی مشترک کرنی شروع کی ہے، اس سے گجرات کو ویکسینیشن سینٹر سطح کی حکمت عملی بنانے میں مدد ملی ہے۔ سبھی کی کوششوں سے ٹیکہ کاری سے متعلق اپنے اہداف کو ہم تیزی سے حاصل کرپائیں گے، اسی اعتماد کے ساتھ ایک بار پھر سے نئے پروجیکٹوں کے لئے آپ سب کو بہت بہت مبارک باد۔

شکریہ۔

 

******

 

ش ح۔ م م۔ م ر

U-NO.6641

 


(Release ID: 1736337) Visitor Counter : 421