وزیراعظم کا دفتر

یوگا کے بین الاقوامی دن کے موقع پر وزیر اعظم کے خطاب کا متن

Posted On: 21 JUN 2020 7:48AM by PIB Delhi

 

 

نمسکار !

          چھٹے بین الاقوامی  یوگ دن کی آپ سبھی کو  بہت بہت مبارکباد اور نیک خواہشات ۔ یوگا کا بین الاقوامی  دن یکجہتی کا دن ہے ۔ یہ عالمی بھائی چارے کے پیغام کا دن ہے ۔ یہ  انسانیت کی وحدت کا دن ہے ، جو ہمیں جوڑے  ، ساتھ لائے ، وہی تو یوگ ہے  ، جو دوریوں کو ختم کرے ، وہی تو یوگ ہے ۔

          کورونا کے اِس  بحران کے دوران  دنیا بھر کے لوگوں کا  ' مائی لائف – مائی یوگا ' ویڈیو بلاگنگ  مقابلے میں حصہ لینا  دکھاتا ہے  کہ یوگ کے تئیں  جوش و خروش کتنا بڑھ رہا ہے ، کتنا زیادہ ہے ۔

          ساتھیو ، اس سال یوگا کے بین الاقوامی دن  کا موضوع " یوگا ایٹ ہوم  اینڈ یوگا وِد فیملی " رکھا گیا ہے ۔ آج ہم سب  اجتماعی پروگراموں سے  دور رہ کر گھر میں ہی  اپنے خاندان کے ساتھ مل کر  یوگ کر رہے ہیں ۔

          بچے ہوں ، بڑے ہوں ، نو جوان ہوں ، خاندان کے بزرگ ہوں ، سبھی جب ایک ساتھ یوگ کے ذریعے جڑتے ہیں تو پورے گھر میں  توانائی کا بہاؤ  ہوتا ہے ۔اس لئے  اِس مرتبہ  کا یوگ دن  ، اگر  میں دوسرے الفاظ میں کہوں ، جذباتی یوگ کا دن بھی ہے  ، ہمارے خاندان  کے تعلق  کو بھی بڑھانے کا دن ہے ۔ 

ساتھیو ،

          کورونا عالمی وباء کی وجہ سے آج دنیا یوگ کی ضرورت کو  پہلے سے بھی زیادہ سنجیدگی سے محسوس کر رہی ہے ۔ اگر ہماری قوتِ مدافعت مضبوط ہو تو  ہمیں اس بیماری کو ہرانے میں بہت مدد ملتی ہے ۔ قوت مدافعت کو بڑھانے کے لئے یوگ کے  بہت سے طریقے ہیں  ، بہت سے قسم کے آسن ہیں  ۔ وہ آسن ایسے ہیں ، جو ہمارے جسم کی قوت  کو بڑھاتے ہیں  ، ہمارے  میٹابولزم  کو مستحکم کرتے ہیں ۔

          لیکن کووڈ – 19 وائرس ، خاص طور پر ہمارے  تنفس کے نظام  یعنی  ہمارے سانس لینے کے نظام پر  حملہ کر تا ہے ۔  ہمارے سانس لینے کے نظام کو  مضبوط کرنے میں  ، جس سے سب سے زیادہ مدد ملتی ہے ، وہ ہے پرانایام یعنی سانس لینے کی ایکسرسائز ۔ عام طور پر انولوم وِلوم پرانایام  ہی زیادہ  مقبول ہے ۔ یہ  بہت موثر بھی ہے  لیکن  پرانایام کی بہت سی قسمیں ہیں  ۔ اس میں  شیتلی  ، کپال بھاتی ، بھرامری  ، بھستریکا   یہ سب بھی ہوتے ہیں، بہت ہیں ، بے شمار ہیں ۔

          یوگ  کی یہ سبھی قسمیں ، یہ تکنیک ہمارے  سانس کے نظام  اور مدافعتی نظام  دونوں کو مضبوط کرنے میں بہت مدد  کرتی ہیں ۔  اس لئے آپ سے میری خصوصی درخواست ہے کہ آپ پرانایام کو  اپنی یومیہ ورزش میں ضرور شامل کیجئے ، اور انولوم وِلوم کے ساتھ ہی، جو پرانایام کی مختلف تکنیک ہیں ، انہیں بھی سیکھئے ۔ اس کو ثابت کیجئے ۔

          یوگ کی اِن ورزشوں کا فائدہ  بڑی تعداد میں  آج پوری دنیا میں کووڈ – 19 کے مریض اٹھا بھی رہے ہیں ۔ یوگ کی طاقت سے  انہیں  اِس بیماری کو ہرانے میں مدد مل رہی ہے ۔

ساتھیو ،

          یوگ سے ہمیں  خود اعتمادی  اور ہمت بھی ملتی ہے ، جس سے ہم  بحران کا مقابلہ کر سکیں ، جیت سکیں ۔  یوگ سے ہمیں  ذہنی سکون ملتا ہے ، تحمل اور  قوتِ برداشت بھی ملتی ہے ۔  سوامی وویکانند کہتے تھے ، " ایک  مثالی شخص وہ ہے ، جو  انتہائی منفی  دور میں بھی سرگرم رہتا ہے اور انتہائی  تیز رفتاری میں بھی پوری طرح پرسکون محسوس کرتا ہے " ۔

          کسی بھی شخص کے لئے یہ ایک بہت  بڑی صلاحیت ہوتی ہے ۔ جب بہت زیادہ  منفی صورتِ حال ہو ، تب بھی سرگرم رہنا  ، تھک کر ہار نہ ماننا  ، متوازن رہنا  ، یہ ساری چیزیں  یوگ کے ذریعے  ہماری زندگی میں مقام حاصل کرتی ہیں  ۔ ہماری زندگی  کو قوت دیتی ہیں ۔

          اس لئے آپ نے بھی دیکھا ہوگا  ، محسوس کیا  ہو گا ، یوگ  کرنے والا  کبھی پریشانی میں  صبر کا دامن نہیں چھوڑتا ہے ۔

          یوگ کا مطلب ہی ہے ، " سَم توّما یوگ اُچیتے " یعنی منفی یا مثبت حالات ،  کامیابی  یا نا کامی ، سکھ دکھ  ہر صورت میں   یکساں رہنے  ، اٹل رہنے  کا نام ہی یوگ ہے ۔

دوستو ،

          یوگا ایک صحت مند  کرۂ ارض کے لئے ہماری  جستجو میں اضافہ کرتا ہے  ۔ یہ  اتحاد کی قوت  کے طور پر ابھرا ہے اور  انسانیت کے رشتوں   کو  مضبوط کرتا ہے ۔ یہ امتیاز نہیں کرتا  ۔ یہ رنگ  ، نسل ، صنف ، عقیدے  اور ملکوں سے بالاتر  ہے ۔

          کوئی بھی یوگا اپنا سکتا ہے  ۔آپ کو صرف  کچھ خالی وقت اور  خالی جگہ چاہیئے  ۔ یوگا  ہمیں نہ صرف  جسمانی قوت دیتا ہے بلکہ  ہمیں درپیش چیلنجوں  سے اعتماد کے ساتھ  مقابلہ کرنے کے  لئے ذہنی توازن اور  جذباتی استحکام بھی دیتا ہے ۔

دوستو ،

          اگر ہم  اپنی صحت اور امید  کے تانے بانے کو   بہتر بنا سکیں  تو وہ دن دور نہیں  ، جب دنیا  صحت مند اور مسرور  انسانیت کی کامیابی کا مشاہدہ کرے گی ۔  یوگا  یقیناً ہمیں ایسا کرنے میں  مدد دے سکتا ہے ۔

ساتھیو ،

          جب ہم یوگ کے ذریعے مسائل کو حل کرنے کی بات کر رہے ہیں ، دنیا کی فلاح کی بات کر رہے ہیں ، تو میں  یوگیشور کرشن  کے کرم یوگ کا بھی آپ کو  پھر سے  تعارف کرانا چاہتاہوں ۔

          گیتا میں  بھگوان کرشن نے یوگ کی تعریف  کرتے ہوئے کہا ہے کہ " یوگ کرمسو  کوشلم " یعنی عمل کی کامیابی ہی یوگ ہے ۔ 

کام میں   صلاحیت ہی یوگ ہے ۔   یہ منتر ہمیشہ ہمیں سکھاتا ہے کہ یوگ کے ذریعے  زندگی میں  زیادہ قابل بننے کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے ۔  اگر ہم اپنا کام  اصول کے ساتھ کرتے ہیں  ، اپنی ذمہ داری نبھاتے ہیں تو یہ بھی  ایک طرح کا یوگ ہے ۔

ساتھیو ،

          کرم یوگ کا ایک  حصہ اور ہے ۔  ہمارے یہاں کہا گیا ہے  کہ

یُکت آہار  وِہارسیہ ، یُکت  چیشٹسیہ  کرمسو

یُکت  سوپنا و بودھسیہ  ، یوگو بھوِت دُکھاہہ

          یعنی صحیح کھانا پینا  ، صحیح ڈھنگ سے کھیل کود ، سونے جاگنے کی صحیح عادتیں  اور اپنے کام اور اپنی ڈیوٹی کو صحیح ڈھنگ سے کرنا ہی یوگ ہے ۔ اسی کرم یوگ سے ہمیں سبھی تکلیفوں اور مسائل کا حل ملتا ہے ۔  اتنا ہی نہیں ہمارے یہاں  بے لوث کام کو  ، کسی غرض کے بغیر  سبھی کا احترام کرنے  کے جذبے کو بھی  کرم یوگ کہا گیا ہے ۔ کرم یوگ کا یہ جذبہ  بھارت کی رَگ رَگ میں رچا بسا ہے ۔  جب بھی ضرورت پڑی ، بھارت کے اِس بے غرض جذبے کو پوری دنیا نے محسوس کیا ہے ۔

ساتھیو ،

          جب ہم یوگ سے چلتے ہیں ، کرم یوگ کے جذبے سے چلتے ہیں  ، تو انفرادی طور پر  ، سماج کے طور پر  ، ملک کے طور پر ہماری قوت بھی کئی گنا بڑھ جاتی ہے ۔  آج ہمیں اِسی جذبے سے عہد کرنا ہے – ہمیں اپنی صحت کے لئے  ، اپنوں کی صحت کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ ایک ذمہ دار شہری  کے طور پر  ہم  پورا خاندان اور سماج کے طور پر متحد ہوکر آگے بڑھیں گے ۔

          ہم کوشش کریں گے کہ یوگا  ایٹ ہوم اینڈ یوگا وِد فیملی  کو  اپنی زندگی کا حصہ بنائیں ۔  اگر ہم یہ کریں گے ،  تو ہم ضرورت  کامیاب ہوں گے ۔ ہم ضرور جیت حاصل کریں گے ۔ اسی   یقین کے ساتھ  آپ سبھی کو  پھر سے یوگ دن کی مبارکباد ۔

لوکا سَمستہ سُکھینو بھونتو

اوم !

 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

( م ن ۔ و ا ۔ ع ا ) (21-06-2020)

U. No.  4015

 


(Release ID: 1633151) Visitor Counter : 354