وزارات ثقافت
azadi ka amrit mahotsav

گیارہواں برکس وزرائے ثقافت کا اجلاس بھوپال میں اختتام پذیر؛ بھوپال اعلامیہ منظور

प्रविष्टि तिथि: 08 AUG 2026 1:54PM by PIB Delhi

گیارہواں برکس وزرائے ثقافت کا اجلاس آج بھارت کی برکس صدارت کے تحت بھوپال میں منعقد ہوا اور بھوپال اعلامیہ کی منظوری کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ اعلامیہ برکس کے رکن ممالک اور شراکت دار ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ایک عملی اور مستقبل پر مبنی لائحۂ عمل فراہم کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image001RMDW.jpg

بھارت کی برکس صدارت کے دوران برکس ثقافتی سلسلے کی پیش رفت تین ثقافتی ورکنگ گروپ اجلاسوں کے ذریعے ہوئی۔ پہلا اجلاس 29 اور 30 اپریل 2026 کو ورچوئل طریقے سے منعقد ہوا، اس کے بعد دوسرا اجلاس 4 اور 5 جون 2026 کو وارانسی میں اور تیسرا اجلاس 5 اور 6 اگست 2026 کو بھوپال میں منعقد ہوا۔ آج منعقد ہونے والے وزارتی اجلاس میں بھارت سمیت 14 ممالک نے شرکت کی، جن میں برکس کے 10 رکن ممالک اور 4 شراکت دار ممالک شامل تھے۔ اجلاس میں شرکت کرنے والے برکس رکن ممالک میں برازیل، چین، مصر، ایتھوپیا، بھارت، انڈونیشیا، ایران، روس، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات شامل تھے، جبکہ مصر نے وزارتی اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔ شراکت دار ممالک میں بیلاروس، کیوبا، قزاکستان اور تھائی لینڈ شامل تھے۔ انڈونیشیا، جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے ثقافت نے بھی وزارتی اجلاس میں شرکت کی، جو ثقافتی سلسلے میں اعلیٰ سطحی شرکت کی عکاس ہے۔ ان اجلاسوں میں مجموعی طور پر 55 مندوبین نے شرکت کی۔

ان مذاکرات کی رہنمائی بھارت کے برکس کے جامع موضوع ’’لچک، اختراع، تعاون اور پائیداری کے لیے تعمیر‘‘ کے تحت کی گئی، جس میں اس امر پر خصوصی زور دیا گیا کہ باہمی تبادلۂ خیال کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے اور ثقافت کے شعبے میں ادارہ جاتی تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image00276FL.jpg

آج منظور کیے گئے بھوپال اعلامیے میں ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں اور تخلیقی معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا گیا ہے، جس میں طریقۂ کار، تجربات اور بہترین عملی نمونوں کا تبادلہ، فنکاروں اور تخلیق کاروں کی معاونت، باہمی روابط کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے منڈی تک رسائی کے مواقع میں توسیع شامل ہے۔ اعلامیے میں یونیسکو کے کثیرملکی اندراجات، اصل ماخذ کی تحقیق، ثقافتی املاک کی واپسی اور ان کی بحالی کے سلسلے میں تعاون کو بھی فروغ دیا گیا ہے، جس میں مصنوعی ذہانت سے معاونت یافتہ سراغ رسانی کے ذرائع کی تلاش بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ روایتی علمی نظام اور روایتی ثقافتی اظہارات کے تحفظ، دستاویزی ثقافتی ورثے، ڈیجیٹلائزیشن اور تحفظ کے میدان میں عجائب گھروں، کتب خانوں اور محفوظات کے اداروں کے درمیان تعاون، نیز مصنوعی ذہانت کے نظاموں میں حقوقِ طبع سے محفوظ تخلیقات کے استعمال کے حوالے سے تخلیق کاروں کے حقوق کے تحفظ، شفافیت اور منصفانہ و مساوی معاوضے کو یقینی بنانے کی بھی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔

ثقافتی سلسلے کے تحت ایک ٹھوس اقدام کے طور پر بھارت نے رضاکارانہ فنکار رجسٹری تیار کرنے کے لیے ایک آزمائشی منصوبے کا اعلان کیا۔ اس اقدام کا مقصد ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینا، پیشہ ورانہ روابط کو مضبوط بنانا اور برکس ممالک میں فنکاروں اور تخلیقی شعبے سے وابستہ افراد کے لیے مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔

بھارت کی برکس صدارت کا ایک اہم ثقافتی جزو 2 روزہ برکس ثقافتی میلہ تھا، جو 6 اور 7 اگست 2026 کو بھوپال میں منعقد ہوا۔ اس میلے میں برکس کے رکن اور شراکت دار ممالک نے شرکت کی، جبکہ بیلاروس، برازیل، انڈونیشیا، روس اور متحدہ عرب امارات نے اپنے ثقافتی پروگرام پیش کیے، جن میں ان کی فنّی روایات کی وسعت اور تنوع کو نمایاں کیا گیا۔

ہندوستانی تہذیبی فکر کے لازوال پیغام ’’سروے بھونتو سکھنہ‘‘ (سب خوش رہیں) یعنی ’’سب کے لیے ہم آہنگی اور امن‘‘ کو مرکزی موضوع بناتے ہوئے، اس میلے نے ثقافتی مکالمے، فنّی تبادلے اور عوامی روابط کے فروغ کے لیے ایک بھرپور پلیٹ فارم فراہم کیا۔ دوسرے دن شریک برکس ممالک کی زبانوں میں اس موضوع پر مشترکہ اجتماعی پیشکش نے ثقافتی تنوع کے ذریعے اتحاد کی علامتی ترجمانی کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image003TRWG.jpg

ثقافتی سلسلے نے دوطرفہ روابط کو فروغ دینے کا بھی موقع فراہم کیا۔ شریک ممالک کے ساتھ مرکزی وزیرِ ثقافت اور وزارتِ ثقافت کے سکریٹری کی سطح پر دوطرفہ ملاقاتیں منعقد ہوئیں، جن میں دوطرفہ ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس پروگرام نے شریک ممالک کے وفود کو بھارت کے شاندار ثقافتی اور تہذیبی ورثے سے قریب سے آشنا ہونے کا موقع بھی فراہم کیا۔ 5 اگست کو مندوبین نے بھوپال میں واقع اندرا گاندھی راشٹریہ مانَو سنگرہالیہ (آئی جی آر ایم ایس) کا دورہ کیا۔ وزارتی اجلاس کے بعد آج وفود کو سانچی لے جایا جا رہا ہے تاکہ وہ وہاں کے اہم بدھ مت ورثے کا مشاہدہ کر سکیں۔ 9 اگست کی صبح بھیم بیٹکا کے دورے کا بھی پروگرام مقرر ہے، جس کے ذریعے شریک وفود کو بھارت کی ماقبلِ تاریخ سنگی پناہ گاہوں اور قدیم ثقافتی ورثے سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/image0045RR5.jpg

بھارت نے اپنی برکس صدارت کے دوران تمام شریک برکس رکن ممالک اور شراکت دار ممالک کی تعمیری وابستگی اور فعال شرکت پر ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا، اور برکس کے اندر مزید مربوط، جامع اور مستقبل سے ہم آہنگ ثقافتی شراکت داری کے فروغ کے لیے مسلسل تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-1646


(रिलीज़ आईडी: 2296534) आगंतुक पटल : 13
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें: Telugu , English , Marathi , Gujarati , हिन्दी , Bengali , Tamil , Kannada , Malayalam