وزارت اطلاعات ونشریات
نچلی سطح کے ڈجیٹل تخلیق کاروں کو نمایاں کرنے کے لئے وزارت اطلاعات و نشریات نے لیے 'جیمز آف انڈیا' چیلنج کے پائلٹ مرحلہ کا آغاز کیا
شوٹ کریں، اپ لوڈ کریں، چمکیں: 'جیمز آف انڈیا' چیلنج کے لیے یکم اگست سےمائی ویوزپراندراجات کا آغاز
ریاستی حکومتیں اور ضلع انتظامیہ زمینی سطح پر اس چیلنج کی قیادت کریں گی، جبکہ تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی سے لے کر جیوری کے ذریعہ جانچ تک تمام مراحل کی نگرانی کریں گی
یوٹیوب اور میٹا اس چیلنج کے شراکت دار بنے ہیں ، اپنے تخلیق کاروں کے ماحولیاتی نظام کے ذریعہ تعاون فراہم کریں گے
प्रविष्टि तिथि:
21 JUL 2026 1:52PM by PIB Delhi
حکومت ہند کی جانب سے ملک کے تخلیقی شعبے کو مضبوط بنانے اور ابھرتی ہوئی 'اورنج اکانومی' کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کے تحت وزارت اطلاعات و نشریات نے آج 'جیمز آف انڈیا'چیلنج کے پائلٹ مرحلے کا آغاز کیا۔ یہ ایک منظم قومی اقدام ہے، جس کا مقصد ملک بھر سے نچلی سطح کے ڈجیٹل تخلیق کاروں کی شناخت، ان کی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں قومی سطح پر نمایاں کرنا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں بھارت نے ٹیکنالوجی کو بااختیار بنانے، شمولیت کو فروغ دینے اور ملک کی تعمیر کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر اپنایا ہے۔ 'ڈجیٹل انڈیا' جیسے اقدامات نے ٹیکنالوجی تک رسائی کو عوامی بنایا اور بے مثال پیمانے پر اختراع کے مواقع پیدا کیے ہیں۔
یہ اقدام 'مائی ویوز' پر مبنی ہے، جوویوزاوٹی ٹی کے تحت شہری تخلیق کاروں کا ایک پلیٹ فارم ہے۔ اسے مرکزی وزیر برائے اطلاعات و نشریات اشونی ویشنو نے اس مقصد کے لیے شروع کیا تھا کہ شہری اپنی اصل تخلیقات تیار کریں، اپ لوڈ کریں اور دوسروں کے ساتھ شیئر کریں، جبکہ بھارت کے ڈجیٹل تخلیق کاروں کے ماحولیاتی نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے۔
مائے ویوزکو صارفین کی تخلیق کردہ مواد کی حوصلہ افزائی اور بھارت کی بھرپور ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے کے لیے تصور کیا گیا تھا۔ اب یہی پلیٹ فارم 'جیمز آف انڈیا'چیلنج کی بنیاد فراہم کرتا ہے، جس کے تحت تخلیق کاروں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ مستند ڈجیٹل کہانی سنانےکے ذریعے اپنے اپنے اضلاع کی منفرد کہانیاں دنیا کے سامنے پیش کریں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے سکریٹری چنچل کمار نے کہا:"بھارت کے ہر ضلع میں ایک ایسی کہانی موجود ہے جو سنائے جانے کی منتظر ہے، اور 'جیمز آف انڈیا' ہمارے تخلیق کاروں کو وہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں وہ ان کہانیوں کو دنیا تک پہنچا سکتے ہیں۔ یہ صرف ہمارے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کا جشن نہیں بلکہ ہمارے اضلاع کے غیرمعمولی تنوع کا بھی جشن ہے۔"
اس چیلنج کا مقصد ملک بھر میں ڈیجیٹل تخلیق کاروں کا ایک متحرک نیٹ ورک تشکیل دینا ہے، تاکہ وہ اپنے اضلاع کی ثقافت، ورثہ، سیاحت، روایات، تاریخ اور نمایاں کامیابیوں کو مستند ڈجیٹل کہانیوں کے ذریعے پیش کریں، اور ساتھ ہی بھارت کے ہر ضلع کی منفرد شناخت کو اجاگر کریں۔
چیلنج میں شرکت کا طریقہ-اس چیلنج میں حصہ لینے کے لیے تخلیق کارویوز او ٹی ٹی پلیٹ فارم کے مائے ویوز سیکشن کے ذریعے 1 سے 3 منٹ دورانیہ کی ویڈیوز جمع کرا سکتے ہیں۔ پائلٹ مرحلہ کے لیے اندراجات یکم اگست 2026 سے شروع ہوں گے اور 31 اگست 2026 تک جاری رہیں گے۔
پائلٹ مرحلے کا دائرۂ کار اور شراکت داریاں-'جیمز آف انڈیا' چیلنج کا پائلٹ مرحلہ ابتدائی طور پر انڈمان و نکوبار جزائر، اروناچل پردیش، چنڈی گڑھ، دادرا و نگر حویلی اور دمن و دیو، گوا اور لداخ میں شروع کیا جا رہا ہے۔
یہ مرحلہ پرساد بھارتی، مائے بھارت اور متعلقہ ریاستی و ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ مقامی ثقافتی اور تعلیمی ادارے بھی تخلیق کاروں کی حوصلہ افزائی، ان کی شمولیت اور معیاری مواد(کنٹنٹ) کی تیاری میں فعال کردار ادا کریں گے۔
اس مہم کو مزید مؤثر اور وسیع بنانے کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات نے یوٹیوب اور میٹا کے ساتھ بھی شراکت داری کی ہے۔ دونوں پلیٹ فارمز اپنے تخلیق کاروں کی برادری کو اس مہم سے جوڑنے اور اپنے نیٹ ورکس کے ذریعے اس چیلنج کی رسائی کو مزید وسعت دینے میں تعاون کریں گے۔
انعامات اور اعزازات-نمایاں صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کے اعتراف کے لیے ضلع، ریاستی اور قومی سطح پر انعامات دیے جائیں گے:
- ضلعی سطح: ہر ضلع میں زیادہ سے زیادہ 20 تخلیق کاروں کو 50 ہزار روپے فی کس کا انعام دیا جائے گا۔
- ریاستی سطح: ہر ضلع سے منتخب ہونے والے ایک بہترین تخلیق کار کو 2 لاکھ روپے کا ریاستی ایوارڈ دیا جائے گا۔
- قومی سطح: بعد میں ملک گیر مرحلہ کے دوران ریاستی سطح پر منتخب اندراجات میں سے بہترین تخلیق کاروں کو 5 لاکھ روپے فی کس کا قومی ایوارڈ دیا جائے گا۔
منصفانہ اور شفاف جانچ کے لیے ضلعی اور ریاستی سطح پر جیوری کمیٹیاں متعلقہ انتظامیہ تشکیل دے گی۔ ان کمیٹیوں میں ثقافت، ورثہ، سیاحت، ذرائع ابلاغ (میڈیا) اور تعلیمی شعبے (اکیڈیمیا) سے وابستہ ممتاز شخصیات شامل ہوں گی۔

ملک گیر توسیع کا منصوبہ- پائلٹ مرحلہ سے حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات کی بنیاد پر'جیمز آف انڈیا' چیلنج کو مرحلہ وار ملک کی تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرانتظام علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔اس اقدام کا حتمی مقصد ملک بھر میں ڈجیٹل تخلیق کاروں کا ایک مضبوط اور متحرک قومی ماحولیاتی نظام قائم کرنا ہے، جہاں تخلیق کار ہندوستان کے ہر ضلع کی منفرد شناخت، ثقافتی ورثے، روایات اور خصوصیات کو دنیا کے سامنے مؤثر انداز میں پیش کر سکیں۔
****
UR-225
م ش ح-ظ الف-ج
(रिलीज़ आईडी: 2287163)
आगंतुक पटल : 16
इस विज्ञप्ति को इन भाषाओं में पढ़ें:
Odia
,
English
,
Marathi
,
हिन्दी
,
Manipuri
,
Assamese
,
Bengali
,
Bengali-TR
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam