وزیراعظم کا دفتر
ایتھیوپیا کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے وزیر اعظم کے خطاب کا متن
प्रविष्टि तिथि:
17 DEC 2025 3:08PM by PIB Delhi
عزت مآب ، ایتھوپیا کے وزیر اعظم ،
پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے معزز اسپیکرز ،
معزز اراکین پارلیمنٹ ،
معززین ،
اور ایتھوپیا کی میری پیاری بہنیں اور بھائیو ،
آج آپ کے سامنے کھڑا ہونا میرے لئےبہت بڑے اعزاز کا لمحہ ہے ۔ شیروں کی سرزمین ایتھوپیا میں آ کربہت اچھا لگ رہا ہے ۔مجھے یہاں بہت اپنائیت محسوس ہو رہی ہے، کیونکہ ہندوستان میں میری آبائی ریاست گجرات بھی شیروں کا گھر ہے ۔
مجھے جمہوریت کے اس مندر میں ، قدیم حکمت اور جدید امنگوں والے ملک میں آکربہت اعزاز حاصل ہوا ہے اور میں آپ کی پارلیمنٹ ، آپ کے عوام اور آپ کے جمہوری سفر کے لئے گہرے احترام کے ساتھ آپ کے پاس آیا ہوں ۔ میں ہندوستان کے 1.4 ارب لوگوں کی طرف سے دوستی ، خیر سگالی اور بھائی چارے کے پیغام کے ساتھ حاضر ہوں۔
میں دوستی ، خیر سگالی اور بھائی چارے کےپیغام کے ساتھ آیا ہوں۔
تینا اِستِل لین
معزز اراکین ،
اس عظیم عمارت میں آپ کے قوانین تشکیل پاتے ہیں ۔ یہاں عوام کی مرضی ملک کی مرضی بن جاتی ہےاور جب ملک کی مرضی عوام کی مرضی کے مطابق ہوتی ہے، تو ترقی کا پہیہ امید اور مقصد کے ساتھ آگے بڑھتا ہے ۔
آپ کے ذریعے ، میں آپ کے کھیتوں میں کام کرنے والے کسانوں، نئے خیالات کی تعمیر کرنے والے کاروباری افراد ، معروف برادریوں اور اداروں کی قابل فخر خواتین اور ایتھوپیا کے نوجوانوں سے بھی بات کر رہا ہوں جو مستقبل کو سنوار رہے ہیں ۔ میں اس عظیم اعزاز کے لیے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
کل ، مجھے اپنے عزیز دوست وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد کی جانب سے ایتھوپیا کا سب سے اعلیٰ اعزاز، نشانِ ایتھوپیا حاصل کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہوا۔ میں ہندوستان کے عوام کی طرف سے یہ ایوارڈ عاجزی کے ساتھ قبول کرتا ہوں ۔
عام سگنالو
معزز اراکین ،
ایتھوپیا انسانی تاریخ کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے ۔ یہاں ، تاریخ پہاڑوں میں ، وادیوں میں اور ایتھوپیا کے لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔ آج ایتھوپیا بلند مقام پر کھڑا ہے، کیونکہ اس کی جڑیں گہری ہیں ۔ ایتھوپیا میں کھڑے ہونے کا مطلب ہے، جہاں ماضی کا احترام کیا جاتا ہے ، حال مقصد سے بھرا ہوا ہے اور مستقبل کا کھلے دل سے خیرمقدم کیا جاتا ہے ۔
پرانے اور نئے کا یہ امتزاج... قدیم حکمت اور جدید عزائم کے درمیان یہ توازن... یہی ایتھوپیا کی اصل طاقت ہے ۔
میڈمیر، یا ہم آہنگی کے اس جذبے سے ہم بھارت میں بھی بخوبی واقف ہیں۔ جیسے لالیبیلا کے عظیم الشان چرچز ہیں، ویسے ہی بھارت کے تمل ناڈو میں قدیم راک ٹیمپلز بھی پتھر میں سمائی ہوئی ہیں۔ ہم بھی ایک قدیم تہذیب ہیں، جو اعتماد کے ساتھ مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے۔
سب کا ساتھ ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس ، سب کا پریاس کی اپیل کے ساتھ ۔ سب کے اعتماد اور کوشش کے ساتھ مل کر ، سب کی ترقی کے لیے اپنی مادر وطن کے لیے ہمارے جذبات بھی ہمارے مشترکہ نقطہ نظر کی عکاسی کرتے ہیں ۔
ہندوستان کا قومی گیت وندے ماترم اور ایتھوپیا کا قومی ترانہ ، دونوں ہماری سرزمین کو ماں کے طور پر پیش کرتے ہیں ۔ وہ ہمیں ورثے ، ثقافت ، قدرتی خوبصورتی پر فخر کرنے اور مادر وطن کی حفاظت کرنے کی ترغیب دیتے ہیں ۔
معزز اراکین ،
سائنس نے بنی نوع انسان کے ابتدائی نقش قدم ایتھوپیا میں تلاش کئے ہیں۔ جب دنیا لوسی یا دنکینیش کا ذکر کرتی ہے تو وہ صرف کسی فوسل کی بات نہیں کر رہی، بلکہ وہ ایک آغاز کی بات کر رہی ہے۔ ایک ایسا آغاز جو ہم سب کا ہے، چاہے ہم ادیس ابابا میں رہتے ہوں یا ایودھیا میں۔
ہندوستان میں ہم کہتے ہیں کہ وسودھیو کٹمبکم ، دنیا ایک کنبہ ہے ۔ یہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ سیاست سے بالاتر ، سرحدوں سے بالاتر ، اختلافات سے بالاتر ، ہمارا ایک مشترکہ آغاز ہے اور اگر ہماری شروعات مشترکہ تھی ، تو ہماری تقدیر بھی مشترکہ ہونی چاہیے ۔
معزز اراکین ،
بھارت اور ایتھوپیا میں نہ صرف موسم کی گرمی مشترک ہے بلکہ روح کی گرمی بھی موجود ہے۔ تقریبا دو ہزار سال پہلے ، ہمارے آباؤ اجداد نے وسیع سمندروں کےپار تعلقات قائم کئے تھے ۔ بحرِ ہند کے پار تاجروں نے مصالحہ جات، کپاس، کافی اور سونا لے کر سفر کیا، لیکن وہ صرف اشیاء ہی نہیں لے کر آئے، بلکہ خیالات، کہانیاں، اور زندگی کے انداز بھی لائے۔ اَدُولِس اور دھولیرا جیسی بندرگاہیں صرف تجارتی مراکز نہیں تھیں ۔ وہ تہذیبوں کے درمیان پل تھے ۔
جدید دور میں ہمارا رشتہ ایک نئے دور میں داخل ہوا ۔ ہندوستانی فوجیوں نے 1941 میں ایتھوپیا کی آزادی کے لئے ایتھوپیا کے ساتھ مل کر جنگ لڑی ۔ ہندوستان کے آزاد ہونے کے فورا بعد ہی ہمارے باضابطہ سفارتی تعلقات شروع ہو گئے ۔
لیکن سفارت خانے قائم ہونے سے پہلے ہی ہمارے لوگوں نے مل کر ایک نیا باب لکھنا شروع کر دیا تھا ۔ ہزاروں ہندوستانی اساتذہ ایتھوپیا آئے ۔ انہوں نے بچوں کو ادیس ابابا میں ، دِرے داوا میں ، باہِر دار سے میکیلے تک بچوں کو تعلیم دی ۔ وہ ایتھوپیا کے اسکولوں تک پہنچے اور ایتھوپیا کے دلوں میں داخل ہوئے ۔ آج بھی ، ایتھوپیا کے بہت سے والدین ہندوستانی اساتذہ کے بارے میں گرمجوشی سے بات کرتے ہیں ،جنہوں نے اپنے بچوں کے مستقبل کی تشکیل کی ۔
اور جس طرح ہندوستانی اساتذہ یہاں آئے ، اسی طرح ایتھوپیا کے طلباء بھی علم اور دوستی کی تلاش میں ہندوستان گئے ۔ وہ طلباء کے طور پر ہندوستان گئے اور جدید ایتھوپیا کے معمار کے طور پر گھر واپس آئے ۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ ان میں سے کچھ ابھی یہاں اس پارلیمنٹ میں موجود ہیں! بشمول عزت مآب اسپیکر تاگیسے چافو ۔
انہوں نے ہمارے عوام سے عوام کے تعلقات کی تعمیر میں بھی خصوصی کردار ادا کیا ہے ۔ کیونکہ انہوں نے ہندوستان میں ایتھوپیا کے کھانوں کو متعارف کرایا ۔ ہندوستان میں ، ہم راگی اور باجرے جیسے ‘‘شری اَنّ’’ کھانے سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ لہذا ، ایتھوپیا کے ٹیف کا ذائقہ ہمارے لیے بہت اچھا ہے اور چونکہ ہم ہندوستانی تھالی کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں ، اس لیے ایتھوپیا کا بیا-نیتو بھی ہمارے لیے بالکل مانوس محسوس ہوتا ہے۔
معزز اراکین ،
آج ہندوستانی کمپنیاں ایتھوپیا میں سب سے بڑی غیر ملکی سرمایہ کاروں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے ٹیکسٹائل ، مینوفیکچرنگ ، زراعت ، صحت اور دیگر متنوع شعبوں میں پانچ ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی ہےاورانہوں نے پچتر ہزار سے زیادہ مقامی ملازمتیں پیدا کی ہیں ۔
لیکن ، مجھے یقین ہے کہ ہم سب اس بات سے اتفاق کر سکتے ہیں ، ہماری شراکت داری میں بہت زیادہ امکانات ہیں ۔ اسی لیے وزیر اعظم ڈاکٹر ابی احمد اور میں نے کل ایک بڑا قدم آگے بڑھایا ۔ ہم نے اپنے دو طرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی سطح تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
یہ ٹیکنالوجی ، اختراع ، کانکنی، پائیداری اور صاف ستھری توانائی میں تعاون کے ذریعے ہماری معیشتوں کی صلاحیت کو اجاگر کرے گا ۔ یہ خوراک کی حفاظت ، صحت کی حفاظت اور صلاحیت سازی میں تعاون کے ذریعے ہمارے لوگوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں بھی مدد کرے گا ۔ اس کے علاوہ ، ہم اپنے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کے ساتھ ساتھ دفاع اور سلامتی کے معاملات میں بھی اضافہ کریں گے ۔
معزز اراکین ،
بطور ترقی پذیر ممالک، ہمارے پاس ایک دوسرے سے سیکھنے اور ایک دوسرے کو دینے کے لئے بہت کچھ ہے۔ زراعت ہمارے دونوں ممالک کی ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ یہ ہمارے عوام کو خوراک فراہم کرتی ہے۔یہ ہمارے کسانوں کو سہارا دیتی ہے اور روایت کو جدت سے جوڑتی ہے۔ ہم بہتر بیج ، آبپاشی کے نظام اور مٹی کی صحت کی ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے مل کر کام کر سکتے ہیں ۔
جب موسمیاتی تبدیلی بارش اور فصلوں کے چکروں کو متاثر کرتی ہے، تو ہم موسمیاتی لحاظ سے مضبوط زراعت میں علم کا اشتراک کر سکتے ہیں۔ ڈیری فارمنگ سے لے کر فارم میکانائزیشن تک ، باجرا کی تحقیق سے لے کر فوڈ پروسیسنگ تک ، ہم مل کر اپنے کسانوں کی ترقی میں مدد کر سکتے ہیں ۔
معزز اراکین ،
ہندوستان میں ہم نے ایک مضبوط ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر بنایا ہے ۔ اس نے ہماری خدمات کی فراہمی کے طریقے اور لوگوں کی ان تک رسائی کے طریقے کو تبدیل کر دیا ہے ۔ آج ہندوستان کا ہر شہری ٹیکنالوجی کو ادائیگیوں ، شناخت اور سرکاری خدمات کے لیے استعمال کر سکتا ہے ۔ دنیا کی نصف سے زیادہ ریئل ٹائم ڈیجیٹل ادائیگیاں اب ہندوستان میں ہوتی ہیں ۔
براہ راست500 ارب ڈالر سے زیادہ مالیت کے فلاحی فوائد بغیر کسی لکیج یا بدعنوانی کے لاکھوں مستفیدین تک ان کے بینک کھاتوں میں پہنچ چکے ہیں ۔ ہر سال تین بار ، تقریبا 100 ملین کسانوں کو ایک بٹن کے کلک پر مالی مدد ملتی ہے ۔
جیسا کہ آپ ڈیجیٹل ایتھوپیا 2025 کی حکمت عملی تیار کر رہے ہیں ، ہم ایتھوپیا کے ساتھ اپنی مہارت اور اپنے تجربے کو بانٹنے کے لیے تیار ہیں اور ہمیں اعزاز حاصل ہے کہ آپ نے اپنی وزارت خارجہ کے لیے ڈیٹا سینٹر تیار کرنے کے لیے ہندوستان کو قابل اعتماد شراکت دار کے طور پر منتخب کیا ہے ۔
معزز اراکین ،
ہندوستان کو دنیا کی فارمیسی کے طور پر جانا جاتا ہے ۔ کووڈ وبا کے دوران پوری دنیا پریشان تھی ۔ یہ بہت مشکل وقت تھا ۔ محدود وسائل کے باوجود ، ہم نے یہ انسانیت کے لیے اپنا مقدس فرض سمجھا کہ ہم دوسروں کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کریں ۔
ہندوستان نے 150 سے زیادہ ممالک کو دوائیں اور ویکسین بھیجیں ۔ ایتھوپیا کو 40 لاکھ سے زیادہ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنا ہندوستان کا قابل فخر اعزاز تھا اور خوش قسمتی کی بات یہ ہے کہ یہ کام ہم نے ڈاکٹر ٹیڈروس کی قیادت میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او)کے ساتھ شراکت داری میں کیا، جو ایتھوپیا کے ہیں اور بھارت میں تلسی بھائی کے نام سے جانے جاتے ہیں۔
مجھے خوشی ہے کہ دواسازی سے لے کر اسپتالوں اور روایتی ادویات سے لے کر ٹیلی میڈیسن تک ہمارا صحت کی دیکھ بھال کا تعاون بڑھ رہا ہے ۔ ہم اسپتالوں میں نئے آلات کی فراہمی سے لے کر صحت کی دیکھ بھال کرنے والے پیشہ ور افراد کی صلاحیت سازی تک اپنے صحت کی حفاظت کے تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہیں ۔
معزز اراکین ،
ایتھوپیا افریقہ کے ایک سنگم پر واقع ہے ۔ ہندوستان بحر ہند کے مرکز میں ہے ۔ ہم علاقائی امن ، سلامتی اور رابطے میں فطری شراکت دار ہیں ۔
اس سال کے شروع میں دفاعی تعاون کے معاہدے پر دستخط کے ساتھ باہمی سلامتی کے لیے ہمارا عزم مضبوط ہوا ۔ یہ معاہدہ قریبی فوجی تعاون پر مرکوز ہے ۔ اس میں سائبر سکیورٹی ، دفاعی صنعتوں ، مشترکہ تحقیق اور صلاحیت سازی میں تعاون شامل ہے ۔
میں اس موقع پر اپریل میں پہلگام میں ہندوستان میں دہشت گردانہ حملے کے بعد آپ کی یکجہتی کے لیے ایتھوپیا کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آپ نے ہمارے آل پارٹی پارلیمانی وفد کا اتنے گرمجوشی سے استقبال کیا اور دہشت گردی کے تئیں صفر رواداری کے عزم کا اعادہ کیا ۔
معزز اراکین ،
متحرک اور متنوع جمہوریتوں کے طور پر ، ہم دونوں سمجھتے ہیں کہ جمہوریت ایک طرز زندگی ہے اور یہ ایک مسلسل سفر ہے ۔ اسے کبھی بحث سے ، کبھی اختلاف رائے سے ، لیکن ہمیشہ قانون کی حکمرانی اور لوگوں کی مرضی پر یقین سے تشکیل دیا جاتا ہے ۔
ہمارے دونوں آئین بھی اسی جذبے کی عکاسی کرتے ہیں ۔ ہندوستان کا آئین ان الفاظ سے شروع ہوتا ہے: ‘‘ہم ، ہندوستان کے لوگ’’ ۔ ایتھوپیا کا آئین ‘‘ہم ، ایتھوپیا کی اقوام ، قومیت اور عوام’’ سے شروع ہوتا ہے ۔ ان کا پیغام ایک ہی ہے: ہماری تقدیر ہمارے ہاتھوں میں ہے ۔
آج صبح ، مجھے ادوا فتح کی یادگار پر گل دائرہ نذرکرنےکا اعزاز حاصل ہوا ۔ یہ یادگار اس بات کی ایک لازوال یاد دہانی ہے کہ کس طرح ایتھوپیا کی فتح نے پوری نوآبادیاتی دنیا کو وقار اور آزادی کی جدوجہد میں متاثر کیا اور تنازعات اور غیر یقینی صورتحال کے اس دور میں ، یہ یادگار یہ پیغام دیتی ہے کہ گلوبل ساؤتھ کے لوگ اپنے لیے کھڑے ہو سکتے ہیں۔
معزز اراکین ،
مہاتما گاندھی نے ہمیں ٹرسٹی شپ کا تصور دیا ۔ ہم اس خوبصورت سیارے اور اس کے وسائل کے مالک نہیں ہیں ۔ اس کے بجائے ، ہم ٹرسٹی ہیں جنہیں ان کی دیکھ بھال کرنی چاہیے اور انہیں اپنے بچوں تک پہنچانا چاہیے ۔ ٹرسٹی شپ کا جذبہ جو ہندوستان کے ‘‘ایک پیڑ ماں کے نام’’کی مہم میں جوٹرسٹی شپ کا جذبہ ہے، وہ ایتھوپیا کے گرین لیگیسی انیشی ایٹو میں بھی جھلکتا ہے ۔
ہمارے دونوں ممالک مادروطن کی دیکھ بھال میں یقین رکھتے ہیں، دونوں فطرت کو واپس دینے میں یقین رکھتے ہیں ۔ آئیے ہم مل کر قابل تجدید توانائی اور سبز روزگار پر کام کریں ۔ آئیے ہم آفات سے نمٹنے والے بنیادی ڈھانچے اور حیاتیاتی ایندھن پر کام کریں اور آئیے آب و ہوا کے انصاف کے لیے ایک مضبوط آواز اٹھائیں ۔ ہندوستان کو 2027 میں کاپ-32 میں گلوبل ساؤتھ کو ایک طاقتور آواز دینے کی ایتھوپیا کی کوششوں کی حمایت کرنے میں خوشی ہوگی ۔
معزز اراکین ،
مجھے بتایا گیا ہے کہ ایتھوپیا میں ایک کہاوت ہے ، ‘‘جب مکڑی کے جال ایک ساتھ مل جاتے ہیں، تو وہ شیر کوبھی باندھ سکتے ہیں۔’’۔ ہم بھی ہندوستان میں یقین رکھتے ہیں کہ جب دل متحد ہوتے ہیں تو پہاڑ بھی راستہ دے دیتے ہیں ۔
درحقیقت ، یکجہتی طاقت ہے اور تعاون قوت ہےاور آج عالمی جنوب کے ممالک کے طور پر ، قدیم تہذیبوں کے طور پر ، دوست کے طور پر ، ہندوستان اور ایتھوپیا ایک ساتھ کھڑے ہیں ۔ ہم ایک خاندان کے رکن کے طور پر ایک ساتھ کھڑے ہیں اور ہم ایک ایسی دنیا کے لیے کام کرتے ہیں جو زیادہ منصفانہ ، زیادہ مساوی اور زیادہ پرامن ہو ۔
یہیں ادیس ابابا میں، افریقی اتحاد کے خواب کو ایک گھر ملا۔مجھے بتایا گیا ہے کہ اس شاندار شہر کی بہت سی گلیوں کا نام افریقی ممالک کے نام پر رکھا گیا ہے!
بحر ہند کے دوسری طرف، نئی دہلی میں، ہندوستان کو جی ٹوئنٹی کے مستقل رکن کے طور پر افریقی یونین کا خیرمقدم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ پچھلے سال، ہم نے ایتھوپیا کو برکس کے مکمل رکن کے طور پر تسلیم کرکے ایک اور تاریخی قدم اٹھایا۔
درحقیقت میری حکومت کے 11 برس میں ہندوستان اور افریقہ کے درمیان روابط کئی گنا بڑھ گئے ہیں ۔ اس عرصے کے دوران ہم نے سربراہان مملکت اور حکومت کی سطح پر 100 سے زیادہ دورے کئے ہیں۔
معزز اراکین ،
گلوبل ساؤتھ اپنی تقدیر خود لکھ رہا ہے اور ، ہندوستان اور ایتھوپیا اس کے لیے ایک مشترکہ وژن رکھتے ہیں ۔ ہمارا وژن ایک ایسی دنیا کا ہے جہاں گلوبل ساؤتھ کسی کے خلاف نہیں بلکہ سب کے لیے ابھرے ۔
ایک ایسی دنیا جہاں ترقی منصفانہ ہو ، جہاں ٹیکنالوجی قابل رسائی ہو اور جہاں خودمختاری کا احترام کیا جائے ۔ ایک ایسی دنیا جہاں خوشحالی مشترک ہو ، اور امن کا دفاع ہو اور ، ایک ایسی دنیا جہاں فیصلہ سازی آج کی حقیقت کی عکاسی کرتی ہے ، 1945 کی دنیا کی نہیں ۔ کیونکہ دنیا آگے نہیں بڑھ سکتی اگر اس کے نظام ماضی میں بند رہیں ۔
یہی وجہ ہے کہ ہندوستان نے عالمی ترقیاتی معاہدے پر زور دیا ہے ۔ یہ پائیدار ترقی کے لیے ٹیکنالوجی کے اشتراک ، سستی مالیات ، صلاحیت سازی اور تجارت کو ترجیح دے گا ۔ اسی لیے ، نومبر میں جی-20 سربراہ اجلاس میں ، میں نے دس لاکھ ٹرینرز کو تربیت دینے کے لیے ‘‘افریقہ اسکلز ملٹی پلیئر انیشی ایٹو’’ کا مطالبہ کیا ۔ یہ مقامی صلاحیتوں کی تعمیر کرے گا ، اور جامع اور پائیدار ترقی کی طرف آپ کی کوششوں میں مدد کرے گا ۔
معزز اراکین ،
چائے کے ساتھ میری ذاتی وابستگی معروف ہے ،لیکن ، ایتھوپیا آنا اور کافی کا ذکر نہ کرنا ناممکن ہے! یہ دنیا کے لیے آپ کے سب سے بڑے تحائف میں سے ایک ہے!
ایتھوپیا کی ایک کافی تقریب میں ، لوگ ایک ساتھ بیٹھتے ہیں ، وقت سست ہو جاتا ہے ، اور دوستی گہری ہو جاتی ہے ۔ ہندوستان میں بھی ، چائے کا کپ بات کرنے ، بانٹنے ، جڑنے کی دعوت ہے اور ، ایتھوپیا کی کافی اور ہندوستانی چائے کی طرح ، ہماری دوستی مزید مضبوط ہو رہی ہے!
آج، میں یہاں آپ سب بہنوں اور بھائیوں کے درمیان کھڑا ہوں، گہری شکرگزاری اور روشن امیدوں کے ساتھ۔ مستقبل پکار رہا ہے، اور بھارت اور ایتھوپیا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
معزز اراکین ،
اختتام پر، میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہم برابر کے شراکت دار کی حیثیت سے ساتھ چلیں گے۔ ہم شراکت دار کے طور پر مل کر تعمیر کریں گے اور دوست کی حیثیت سے ساتھ کامیاب ہوں گے۔
اس پارلیمنٹ سے خطاب کا اعزاز بخشنے کیلئے آپ کا شکریہ۔ آپ کی دوستی کا شکریہ۔ آپ کے اعتماد کا شکریہ۔
تَبّارکو
دینا ہونُّو
عام سگنالو
آپ کا شکریہ ۔
***
ش ح۔ ک ا ۔ ن ع
U.NO.3353
(रिलीज़ आईडी: 2205514)
आगंतुक पटल : 7