اِفی کا جشن سڑکوں پر: 56ویں ایڈیشن کا ایک تاریخی پریڈ سے افتتاح ہوگیا
افی دنیا بھر کے خیالات، کہانیوں اور تخلیقی ذہنوں کے لیے ایک ملاقات گاہ ہے: جناب پوساپتی اشوک گجپتی راجو، گورنر گوا
وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں بھارتی سینما بین الاقوامی بلندیوں کو چھو رہا ہے: ڈاکٹر پرمود ساونت، وزیراعلیٰ گوا
یہ ثقافتی تہوار ہماری ریاستوں کی متنوع روایات کو اجاگر کرتا ہے: ڈاکٹر ایل مرگن
بزرگ اداکار نندموری بالاکرشنا کو سینما میں ان کے 50 سالہ شاندار کاکردگی پر اعزاز سے نوازا گیا
سڑکوں پر نکلیں۔ ردھم محسوس کریں۔ کہانیوں سے پردہ اٹھتے ہوئے دیکھیں۔ اِفی نے گوا کو ایک زندہ، سانس لیتی ہوئی حیرت ناک ریل میں بدل دیا ہے! اپنے شاندار سفر میں پہلی بار، انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (اِفی) نے روایت کی دیواروں سے آگے بڑھ کر گوا کے دل میں قدم رکھا ہے، عوام، گلیوں اور روح کو ایک ایسی خوشی سے نہال کیا ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی تھی۔
آج کی شاندار افتتاحی تقریب کے بے باک نئے تصور میں، اِفی 2025 نے شہر کو ایک وسیع، متحرک کینوس میں بدل کے رکھ دیا، جہاں سنیما کی درخشاں ثقافتی شان کے ساتھ مل کر کہانی سنانے کا لازوال جادو گوا کی گلیوں میں رقص کناں تھا۔ جب آرٹسٹ، فنکار اور فلمی شائقین نے گلیوں کو توانائی اور تفریح سے بھر دیا، تو گوا تخلیقی صلاحیتوں کی دھڑکتے ہوئے راہداری میں بدل گیا، جو نہ صرف ایک تہوار کے آغاز کی علامت تھا بلکہ اِفی کی میراث میں ایک جرات مندانہ نئے باب کی شروعات کی علامت بھی تھا۔

تقریبات کا افتتاح کرتے ہوئے، گوا کے گورنر، شری پوساپتی اشوک گجپتی راجو نے اِفی کی بڑھتی ہوئی عالمی حیثیت کو سراہا اور کہا، ’’اِفی تخلیقی تبادلے، نئے تعاون، اور سینما کی عمدگی کے جشن کے لیے ایک معنی خیز پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ گوا کے بین الاقوامی کردار، ثقافتی دولت اور عالمی رابطے کے ساتھ یہ فطری بات ہے کہ فلم کے شائقین یہاں اتنی بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔‘‘

انھوں نے زور دیا کہ اِفی ہمیشہ روایتی فلم فیسٹیول کی حدود سے بالاتر رہا ہے، دنیا بھر کے خیالات، کہانیاں، اور تخلیقی ذہنوں کا مرکز بن کر، نوجوان فلم سازوں کی حمایت کرتا ہے، فلمی ذہانت کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، اور فلم اور تخلیقی صنعتوں کے عالمی مرکز کے طور پر بھارت کی پوزیشن کو مضبوط کرتا ہے۔‘‘

گوا کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر پرمود ساونت نے اپنے خطاب میں گوا کے بین الاقوامی فلم سازی کے مقام کے طور پر ترقی کو اجاگر کیا۔ انھوں نے کہا’’گوا عالمی معیار کے انفراسٹرکچر کے ساتھ تیار ہے، اور یہی وجہ ہے کہ یہ اِفی کا مستقل گھر بن چکا ہے۔ ہماری نظر نواز خوبصورتی فلم سازوں کو اپنی طرف کھینچتی ہے، لیکن ہماری مضبوط پالیسی اصلاحات ہی انھیں واپس آنے پر مجبور کرتی ہیں،‘‘ انھوں نے نشاندہی کی کہ اِفی 2025 ’’تخلیقی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کا انضمام‘‘ کے موضوع کا جشن ہے، جو عالمی تخلیقی انقلاب میں بھارت کی قیادت کا غماز ہے۔ ’’اِفی بھارتی ٹیلنٹ کو عالمی امکانات کے ساتھ جوڑتا ہے۔ ہمارا خواب ہے کہ گوا کو بھارت کا تخلیقی دارالحکومت بنائیں۔ گوا آؤ، اپنی کہانیاں سناؤ، اپنی فلمیں شوٹ کرو۔‘‘ انھوں نے وزیر اعظم شری نریندر مودی کے وژن کو بھارتی سینما کو بے مثال بین الاقوامی شہرت دلانے کا سہرا دیا، جس سے بھارت کہانی سنانے کی دنیا میں ایک ابھرتی ہوئی سافٹ پاور بن گیا۔

مجمع سے خطاب کرتے ہوئے، اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مورگن نے کہا کہ اِفی ہر ایڈیشن کے ساتھ مسلسل ارتقا کر رہا ہے۔ ’’روایتی طور پر، یہ تہوار شیاما پرساد مکھرجی اسٹیڈیم سے شروع ہوتا تھا۔ اس سال، یہ ایک عظیم ثقافتی کارینوال کے طور پر شروع ہوا ہے، جو ہماری ریاستوں کی متنوع روایات کو پیش کرتا ہے۔‘‘ انھوں نے وزیر اعظم کے بھارت کی بڑھتی ہوئی نارنجی معیشت کے وژن کو یاد کیا، جو مواد، تخلیقی صلاحیت اور ثقافت سے جلا پاتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی میں منعقد ہونے والا ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) جیسے اقدامات ملک بھر میں ابھرتے ہوئے تخلیقی ٹیلنٹ کو بااختیار بنا رہے ہیں۔ انھوں نے آنجہانی منوہر پاریکر کو گوا کو اِفی کے مستقل گھر کے طور پر قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے پر بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اطلاعات و نشریات کے سیکرٹری ، جناب سنجے جاجو نے اس سال کے ایڈیشن کی منفرد خصوصیات کو اجاگر کیا۔ ’’پہلی بار، اِفی کا آغاز بھارت کی بھرپور ثقافتی ورثے کا جشن منانے والے ایک عظیم کارنیوال سے ہوا ہے۔ یہ ایڈیشن اب تک کی سب سے بڑی فلموں کا کلیکشن پیش کرتا ہے، جو تقریبا 80 ممالک کی نمائندگی کرتا ہے، اور متعدد بین الاقوامی اور عالمی پریمیئرز کے ساتھ،‘‘ انھوں نے نشاندہی کی۔ انھوں نے اے آئی فلم ہیکاتھون اور اب تک کے سب سے بڑے ویوز فلم بازار جیسے نئے اضافوں کو اجاگر کیا، جس نے اِفی کو تخلیقی صلاحیت، ٹیکنالوجی، اور صنعت کی جدت کے محاذ پر رکھا ہے۔
لیجنڈری اداکار نندموری بالاکرشنا کو سینما میں ان کے 50 شاندار سالوں کی کاکردگی اور تیلگو سینما کو ثروت مند بنانے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں اعزاز پیش کیا گیا۔
پریڈ کی قیادت آندھرا پردیش، ہریانہ، اور گوا کے شاندار ریاستی ٹیبلوز کریں گے، جو شناخت اور تخیل کی ایک جاندار تصویر پیش کریں گے۔ آندھرا پردیش وساکھاپٹنم کے سنہری ساحلوں، آراکو کی پراسرار وادیوں اور ٹولی وڈ کی دھڑکتی ہوئی روح میں دلکشی لاتا ہے۔ ہریانہ لوک کہانیوں، تھیٹر، ثقافت اور فلمی فخر کا رنگین امتزاج پیش کرتا ہے۔ گوا، جو اس فیسٹیول کا پرانا گھر ہے، اس جلوس کا جذباتی مرکز ہے، جو اس کی بین الاقوامی گرم جوشی اور عالمی سینما کے ساتھ لازوال تعلق کا جشن مناتا ہے۔
ریاستوں کے ساتھ ساتھ بھارت کے معروف پروڈکشن ہاؤسز کی شاندار سنیما تصویریں پیش کی جا رہی ہیں ، ہر ایک کہانی سنانے کی عمدگی کی ایک متحرک کائنات ہے۔ اکھنڈا 2 کی دیومالائی طاقت، رام چرن کی پیڈی کی جذباتی گہرائی، میتری فلم سازوں کی تخلیقی قوت، زی اسٹوڈیوکی علامتی میراث، ہومبال فلمز کا عالمی وژن، بندوساگر اوڈیا ورثہ، الٹرا میڈیا کی گرو دت کو صد سالہ خراج تحسین، اور ویوز او ٹی ٹی کی متحرک کہانی سنانے کی دنیا ، یہ سب مل کر بھارتی سینما کی بے پایاں تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔ ایک تاریخی جہت کا اضافہ این ایف ڈی سی کا پچاس سالہ ٹیبلوہے، جو ملک بھر میں فلم سازوں کی پانچ دہائیوں کی پرورش اور سنیما کی جدت کو فروغ دینے کا اعزاز ہے۔
پریڈ کا آغاز دلکش توانائی کے ساتھ مرکزی بیورو آف کمیونی کیشن کا ’’بھارت ایک سوُر‘‘ تھا، جو سولہ ریاستوں کے سو سے زائد فنکاروں پر مشتمل ایک دلکش لوک راگ تھا۔ بھنگڑا گڑبا میں ضم ہوتا ہے، لاونی گھومر میں ضم ہوتی ہے، بیہو چھاؤ اور ناٹی کے ساتھ سانس لیتا ہے، جو بھارت کی متحدہ ثقافتی دھڑکن کی نمائندگی کرنے والی شاندار سہ رنگی تشکیل میں منتج ہوتا ہے۔

افتتاحی تقریب میں کئی معززین نے شرکت کی، جن میں نئی اور قابل تجدید توانائی کے مرکزی وزیر مملکت شری پد یسو نائک، معروف اداکار جناب انوپم کھیر، فیسٹیول ڈائریکٹر جناب شیکھر کپور، اور فلم سازوں، تخلیق کاروں، عالمی صنعت کے رہنماؤں اور فلمی شائقین کا ہجوم شامل تھا۔
افی کے بارے میں
1952 میں قائم ہونے والا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا (افی) جنوبی ایشیا کا سب سے پرانا اور سب سے بڑا سینما کا جشن ہے۔ نیشنل فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایف ڈی سی)، وزارت اطلاعات و نشریات، بھارت سرکار اور انٹرٹینمنٹ سوسائٹی آف گوا (ای ایس جی)، ریاستی حکومت گوا کی مشترکہ میزبانی میں، یہ فیسٹیول ایک عالمی فلمی طاقت بن چکا ہے، جہاں بحال شدہ کلاسکس جرات مندانہ تجربات سے ملتے ہیں، اور لیجنڈری ماسٹرو بے خوف پہلی بار آنے والوں کے ساتھ جگہ بانٹتے ہیں۔ جو چیز افی کو واقعی چمکدار بناتی ہے وہ اس کا برقی امتزاج ہے، بین الاقوامی مقابلے، ثقافتی نمائشیں، ماسٹر کلاسز، خراج تحسین پیش کرنے والے، اور توانائی سے بھرپور ویوز فلم بازار، جہاں خیالات، سودے اور تعاون عروج پر ہوتے ہیں۔ گوا کے شاندار ساحلی پس منظر میں 20 سے 28 نومبر کے دوران منعقد ہونے والا 56واں ایڈیشن زبانوں، اصناف، جدتوں اور آوازوں کا شاندار گلدستہ ہونے والا ہے، یعنی بھارت کی تخلیقی صلاحیتوں کا عالمی سطح پر ایک دلکش جشن۔
مزید معلومات کے لیے یہاں کلک کریں:
افی ویب سائٹ: https://www.iffigoa.org
پی آئی بی کا افی مائیکروسائٹ: https://www.pib.gov.in/iffi/56new/
پی آئی بی افیووڈبراڈکاسٹ چینل: https://whatsapp.com/channel/0029VaEiBaML2AU6gnzWOm3F
X ہینڈلز: @IFFIGoa، @PIB_India، @PIB_Panaji
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 1568
Release ID:
2192310
| Visitor Counter:
15