صدر جمہوریہ کا سکریٹریٹ
azadi ka amrit mahotsav

صدر جمہوریہ ہند نے ای ای پی سی انڈیا کی پلیٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت کی


صدر مرمو نے ای ای پی سی کے شراکت داروں سے اپیل کی کہ وہ  بھارت کو ایک سرکردہ اختراعی معیشت بنانے کا عہد کریں

Posted On: 08 SEP 2025 12:56PM by PIB Delhi

صدر جمہوریہ  ہند، محترمہ دروپدی مرمو نے آج (8 ستمبر 2025) نئی دہلی میں انجینئرنگ ایکسپورٹ پروموشن کونسل(ای ای پی سی) انڈیا کی پلیٹینم جوبلی تقریبات میں شرکت کی اور ا س کی رونق بڑھائی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ قدیم زمانے میں بھارت روحانیت اور تجارت دونوں میں دنیا کی قیادت کرتا تھا۔ بھارت کو ایک بار پھر علم اور تجارت کے معروف مرکز کے طور پر مستحکم کرنا تمام شہریوں کا عزم ہونا چاہیے۔ اقتصادی شعبے میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر ای ای پی سی کو بڑے لگن کے ساتھ اس عہد کو اپنانا چاہیے۔

صدر جمہوریہ نے خوشی کا اظہار کیا کہ پچھلے 10 سالوں میں بھارت کی انجینئرنگ برآمدات 70 ارب ڈالر سے بڑھ کر 115 ارب ڈالر سے زائد ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم گزشتہ دہائی کے دوران بین الاقوامی تجارت کے میدان میں متعدد چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہیں، تو یہ برآمدات میں اضافہ اور بھی زیادہ متاثر کن لگتا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی میں ای ای پی سی کی شراکت کی تعریف کی۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ ای ای پی سی بین الاقوامی منڈی اور بھارتی صنعتکاروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ای ای پی سی سے کہا کہ وہ مسلسل بھارت اور بھارتی کاروباریوں کے کردار کو عالمی ویلیو چین میں بڑھانے کی کوشش کرے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی تجارتی نظام اور بین الاقوامی اقتصادی نظام میں تبدیلیوں کے پیش نظر ای ای پی سی کا کردار مزید اہم ہو گیا ہے۔

صدر جمہوریہ نے کہا کہ عالمی تجارت کے چیلنجز کو ملک میں موجود غیر معمولی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر مواقع میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ گزشتہ سات دہائیوں میں بھارت کی انجینئرنگ برآمدات کے مقامات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ای ای پی سی کو اس تبدیلی کے عمل کو جاری رکھنا چاہیے اور ‘ملک پہلے’ کے جذبے کے ساتھ بھارت کی معیشت کو مسلسل مضبوط بنانے کے لیے کام کرتے رہنا چاہیے۔

صدر نے کہا کہ کم قیمت پر اعلیٰ معیار کی انجینئرنگ خدمات اور مصنوعات بھارت کی بڑی طاقت ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں کے گلوبل کیپیبلٹی سینٹرز بھارت میں موجود ہیں۔ ای ای پی سی جیسے متعلقہ شراکت داروں کو مناسب مراعات اور ایکوسسٹم فراہم کر کے بھارت کو عالمی اختراعی مرکز بنانے کے خیال کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ عالمی معیشت اور تجارت کے ماہرین اختراعی معیشتوں اور تیزی سے بڑھتی ہوئی معیشتوں پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔ اختراعی معیشتیں دنیا کی سب سے زیادہ مسابقتی اور خوشحال معیشتیں ہیں۔ انہوں نے ای ای پی سی کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو ایک سرکردہ اختراعی معیشت بنانے کے لیے عہد کریں اور ملک میں موجود ہنر اور توانائی کو فعال ایکوسسٹم فراہم کریں۔

صدرجمہوریہ  کی تقریر دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں

  

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

 (ش ح – ع ح-ع ن)

U. No. 5753


(Release ID: 2164592) Visitor Counter : 2