وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم 22 اگست کو بہار اور مغربی بنگال کا دورہ کریں گے


وزیر اعظم گیا میں تقریباً 13,000 کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے

منصوبے متعدد شعبوں جیسےبجلی، سڑک، صحت، شہری ترقی اور پانی کی فراہمی سےمتعلق ہیں

وزیر اعظم شمالی اور جنوبی بہار کے درمیان رابطے کو بڑھانے کے لیے دریائے  گنگا پر آنٹا - سمریا پل پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے

نیا پل بھاری گاڑیوں کے لیے 100 کلومیٹر سے زیادہ  کی دوری کو کم کردے گا،سمریا دھام تک رسائی کو بہتر بنائے گا

وزیر اعظم گیا اور دہلی کے درمیان امرت بھارت ایکسپریس ، نیزویشالی اور کوڈرما کے درمیان بدھ سرکٹ ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے

وزیر اعظم کولکتہ میں 5,200 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے

وزیر اعظم کولکتہ میں نو تعمیر شدہ سیکشنوں پر میٹرو ٹرین خدمات کو جھنڈی دکھائیں گے

Posted On: 20 AUG 2025 3:02PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی 22 اگست کو بہار اور مغربی بنگال کا دورہ کریں گے۔ وہ صبح تقریباً 11 بجے بہار کے گیا میں تقریباً 13,000 کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور ان کا افتتاح کریں گے۔ وہ دو ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھا ئیں گے اورایک جلسے سے خطاب بھی کریں گے۔ اس کے بعد، وہ دریائے گنگا پر آنٹا – سمریا پل پروجیکٹ کا دورہ کریں گے اوراس کا افتتاح کریں گے۔

وزیر اعظم سہ پہر 4:15 بجے کولکتہ میں نو تعمیر شدہ سیکشنوںپر میٹرو ٹرین خدمات کو ہر جھنڈی دکھائیں گے اور جیسور روڈ میٹرو اسٹیشن سے جے ہند بمن بندر اور پیچھے تک میٹرو کی سواری کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ کولکتہ میں 5,200 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ ایک جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔

وزیر اعظم بہار میں

ملک میں بہتر رابطے کو یقینی بنانے کے اپنے عزم کے مطابق، وزیر اعظم قومی شاہراہ 31 پر واقع 8.15 کلومیٹر طویل آنٹا – سمریا پل کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ اس میں 1.86 کلومیٹر طویل چھ رویہ(6 لین) پل شامل ہے ،جو دریائے گنگا پر تعمیر کیا گیا ہے اورجس پر 1870 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت آئی ہے۔ یہ پل پٹنہ کے مکاما اور بیگوسرائے کے درمیان براہ راست رابطہ فراہم کرے گا۔

یہ نیا پل ایک پرانے اور خستہ حال دو رویہ(2 لین) ریلوے-سڑک پل ’راجندر سیتو‘ کے متوازی تعمیر کیا گیا ہے، جو اب بہت خراب حالت میں ہے اور بھاری گاڑیوں کو متبادل راستہ اختیار کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ نیا پل شمالی بہار (بیگوسرائے، سپول، مدھوبنی، پورنیہ، ارریہ وغیرہ) اور جنوبی بہار (شیخ پورہ، نوادہ، لکھی سرائے وغیرہ) کے درمیان بھاری گاڑیوں کی اضافی 100 کلومیٹر سے زیادہ سفر کی دوری کو کم کر دے گا۔ اس کے ساتھ ہی خطے کے دیگر علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل میں بھی کمی آئے گی، جو ان گاڑیوں کے ذریعہ متبادل راستے اپنانے کے باعث پیدا ہوتے ہیں۔

یہ پل آس پاس کے علاقوں، خاص طور پر شمالی بہار کی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا، جو ضروری خام مال کے لیے جنوبی بہار اور جھارکھنڈ پر انحصار کرتے ہیں۔ اس سے سمریا دھام جیسے مشہور مذہبی مقام تک بھی بہتر رسائی ممکن ہو سکے گی جو کہ مشہور شاعر آنجہانی رام دھاری سنگھ دنکر کی جائے پیدائش بھی ہے۔

وزیر اعظم قومی شاہراہ 31 پر واقع بختیار پور سے مکاما کے درمیان چار رویہ(4 لین) سڑک کے حصے کا بھی افتتاح کریں گے، جس پر تقریباً 1900 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔ یہ شاہراہ بھیڑ کو کم کرے گی، سفر کے وقت کو گھٹائے گی اور مسافروں اور مال برداری کے نظام کو بہتر بنائے گی۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہ 120 پر بکرم گنج – دواتھ – نوانگر – ڈمراؤں سیکشن کی دو رویہ (2لین)سڑک کو بہتر بنانے کا منصوبہ بھی شامل ہے، جس میں پختہ کندھوں (پیوڈ شولجر)کے ساتھ سڑک تیار کی جا رہی ہے۔ یہ دیہی علاقوں میں رابطے کو بہتر بنائے گی اور مقامی آبادی کے لیے نئے معاشی مواقع فراہم کرے گی۔

بجلی کے شعبے کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے، وزیر اعظم تقریباً 6880 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے بکسر تھرمل پاور پلانٹ (660x1میگاواٹ) کا افتتاح کریں گے۔ یہ منصوبہ ریاست میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھائے گا، توانائی کے تحفظ کو یقینی بنائے گا اور علاقے کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو پورا کرے گا۔

صحت کے شعبے میں بڑی پیش رفت کے طور پر، وزیر اعظم مظفر پور میں ہومی بھابھا کینسر اسپتال و تحقیقاتی مرکز کا افتتاح کریں گے۔ جدید سہولیات سے آراستہ اس مرکز میں جدید آنکولوجی او پی ڈی، مریضوں کے وارڈز، آپریشن تھیٹرز، جدید لیباریٹری، بلڈ بینک اور 24 بستروں پر مشتمل انتہائی نگہداشت یونٹ(آئی سی یو) اور ہائی ڈیپنڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) شامل ہیں۔ یہ اسپتال بہار اور آس پاس کی ریاستوں کے مریضوں کو اعلیٰ معیار کی اور سستی کینسر کے علاج کو سہولت فراہم کرے گااور انہیں بڑے شہروں میں علاج کے لیے جانے کی ضرورت کم ہوگی۔

 “سووچھ بھارت” اور دریائے گنگا کے ’ اَوِیرل اور نرمل دھارا‘ کے اپنے وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے وزیراعظم مونگیر میں نمامی گنگے منصوبے کے تحت تعمیر شدہ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس ٹی پی) اور سیوریج نیٹ ورک کا افتتاح کریں گے، جس پر 520 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ اس سے دریائے گنگا میں آلودگی کا بوجھ کم ہوگا اور مقامی صفائی کے حالات میں بہتری آئے گی۔

شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کے لیے، وزیر اعظم تقریباً 1260 کروڑ روپے کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں اورنگ آباد کے داؤد نگر اور جہان آباد میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس اور نیٹ ورک، لکھی سرائے کے برہیا اور جموئی میں گندے پانی کو موڑنے اور صاف کرنے کے کام شامل ہیں۔ امرُت 2.0 کے تحت، اورنگ آباد، بودھ گیا اور جہان آباد میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں کا بھی سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ان منصوبوں کے ذریعے لوگوں کو صاف پینے کا پانی، جدید سیوریج نظام اور بہتر صفائی کی سہولیات دستیاب ہوں گی، جو کہ صحت کے معیار اور معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں گی۔

ریلوے کے شعبے میں بہتری لاتے ہوئے، وزیر اعظم دو نئی ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ ایک ’امرت بھارت ایکسپریس‘ جو گیا اور دہلی کے درمیان چلے گی اور مسافروں کو آرام دہ، محفوظ اور جدید سہولیات فراہم کرے گی۔ دوسری ’بدھ سرکٹ ٹرین‘ جو ویشالی اور کوڈرما کے درمیان چلے گی اور اس سے خطے میں بدھ مت سے متعلق سیاحت اور مذہبی سفر کو فروغ ملے گا۔

اس کے علاوہ، وزیر اعظم دیہی علاقوں کے 12,000 اور شہری علاقوں کے 4,260 مستحقین کے لیے پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی)کے تحت گھروں کے قبضے کی علامتی تقریب (گرہ پرویش) میں شرکت کریں گے اور کچھ منتخب مستحقین کو علامتی چابیاں دیں گے۔ اس طرح ہزاروں خاندانوں کا ’اپنا گھر‘ کا خواب پورا ہوگا۔

وزیر اعظم کا دورہ مغربی بنگال

عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور ترقی یافتہ شہری رابطے کے اپنے عزم کے تحت، وزیر اعظم کولکتہ میں میٹرو ریلوے کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر 13.61 کلومیٹر طویل نو تعمیر شدہ میٹرو نیٹ ورک عوام کے لیے کھولا جائے گا اور ان راستوں پر میٹرو سروسز کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیر اعظم جیسور روڈ میٹرو اسٹیشن کا دورہ کریں گے جہاں سے وہ جیسور روڈ سے نوآپارہ–جئے ہند بمان بندر میٹرو سروس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔

اس کے علاوہ، ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وہ سیالدہ–ایسپلینڈ اور بیلہ گھاٹا–ہمانتا مکھواُپادھیائے میٹرو سروسز کا بھی افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم جیسور روڈ میٹرو اسٹیشن سے جئے ہند بمان بندر تک میٹرو کا سفر بھی کریں گے۔

عوامی تقریب میں وزیر اعظم ان میٹرو سیکشنوں اور ہاوڑہ میٹرو اسٹیشن پر نو تعمیر شدہ انڈر گراؤنڈ سب وے کا بھی افتتاح کریں گے۔ نوآپارہ–جئے ہند بمان بندر میٹرو سروس ایئرپورٹ تک رسائی کو بہتر بنائے گی۔ سیالدہ–ایسپلینڈ میٹرو سروس دونوں مقامات کے درمیان سفر کا وقت 40 منٹ سے کم کر کے صرف 11 منٹ کر دے گی۔ بیلہ گھاٹ–ہیمانتا مکھواُپادھیائے میٹرو سیکشن، آئی ٹی ہب سے رابطے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہ میٹرو روٹ کولکتہ کے مصروف ترین علاقوں کو جوڑیں گے، سفر کے وقت میں نمایاں کمی لائیں گے اور ملٹی موڈل کنیکٹیویٹی کو فروغ دیں گے، جس سے لاکھوں روزانہ سفر کرنے والوں کو فائدہ ہوگا۔

خطے میں سڑک کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے لیے، وزیر اعظم 7.2 کلومیٹر طویل چھ لین والے کونا ایکسپریس وے کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس کی لاگت 1200 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ یہ منصوبہ ہاوڑہ، اس کے دیہی علاقوں اور کولکتہ کے درمیان رابطے کو بہتر بنائے گا، گھنٹوں کے سفر کو کم کرے گا اور تجارت، کاروبار اور سیاحت کو زبردست فروغ دے گا۔

**********

ش ح ۔ م م۔ ص ج

Urdu Release No-4968


(Release ID: 2158395)