وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

پارلیمنٹ کے مانسون سیشن 2025 کے آغاز کے موقع پردیئے گئے وزیر اعظم کے بیان کا متن

Posted On: 21 JUL 2025 11:47AM by PIB Delhi

نمسکار دوستوں،

مانسون سیشن میں آپ سبھی  میڈیا کے لوگوں کا استقبال ہے۔

ساتھیوں،

مانسون جدت اور تازگی کی علامت ہے اور اب تک موصول ہونے والی خبروں کے مطابق ملک میں موسم بہت اچھی طرح سے آگے بڑھ رہا ہے، زراعت کے لیے فائدہ مند موسم ہونے کی اطلاعات ہیں اور بارش کسانوں کی معیشت، ملکی معیشت، دیہی معیشت اور یہی نہیں ہر خاندان کی معیشت میں بہت اہم ہوتی ہے۔ مجھے اب تک کی معلومات کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں جو پانی کے ذخائر ہوئے ہیں اس میں اس بار تقریباً تین گنا اضافہ ہوا ہے جس سے آنے والے دنوں میں ملکی معیشت کو بھی بہت فائدہ ہوگا۔

ساتھیوں،

یہ مانسون سیشن ملک کے لیے انتہائی قابل فخر سیشن ہے۔ یہ مانسون سیشن ملک کے لیے اپنےآپ میں فتح کا اتسوہے اور جب میں یہ کہتا ہوں کہ یہ سیشن قومی فخر اور فتح کے جشن کا سیشن ہے تو سب سے پہلے میں یہ کہنا چاہوں گا کہ پہلی بار بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ہندوستانی ترنگا جھنڈا لہرانا ملک کے ہر شہری کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ یہ ایک کامیاب سفر رہا ہے جس نے ملک کو سائنس اور ٹیکنالوجی کی طرف، اختراع کی طرف نئے جوش اور جذبے سے بھر دیا ہے۔ اب پوری پارلیمنٹ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے دونوں ایوان، ملک کے باشندے ایک آواز میں اس فخر میں شامل ہوں گے جو وہ محسوس کر رہے ہیں، ایک آواز میں اس کی تعریف کی جائے گی، جو مستقبل کے ان پروگراموں کے لیے ایک تحریک اور حوصلہ افزائی بھی ہوگی جو ہندوستان کو خلا میں نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔

ساتھیوں،

یہ مانسون سیشن فتح کا جشن ہے۔ بھارت کی فوجی طاقت، بھارتی فوج کی طاقت کا روپ پوری دنیا نے دیکھا ہے۔ آپریشن سندور میں بھارتی فوج نے جو ہدف مقرر کیا تھا وہ سو فیصد حاصل کیاگیا۔ آپریشن سندور کے تحت 22 منٹ میں دہشت گردوں کے آقاؤں کے گھر کو زمیں دوز کر دیا گیا اور میں نے بہار کے ایک پروگرام میں اس کا اعلان کیا تھا، جسے ہماری فوجی طاقت نے بہت کم وقت میں ثابت کر دیا اور دنیا میڈ ان انڈیا فوجی طاقت کے اس نئے روپ کی طرف کافی متوجہ ہوئی ہے۔ ان دنوں دنیا کے جن جن لوگوں سے ملنا ہوتا ہےتو، تو ہندوستان کے تیار کردہ میڈ ان انڈیا ہتھیاروں کی طرف دنیا کی رغبت بڑھتی جارہی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جب ایوان جیت کے احساس کے ساتھ اس وجے اتسو کو ایک آواز میں منائے گا اور اس سیشن کے دوران ان متحرک اور تابناک جذبات کا اظہار کرے گا، ہندوستان کی فوجی طاقت کو تقویت ملے گی، حوصلہ ملے گا، ہم وطنوں کو تحریک ملے گی اور تحقیق، اختراع اور مینوفیکچرنگ جو ملٹری سیکٹر میں ہو رہی ہے، میڈ ان انڈیا، دفاعی سازوسامان تیار کئے جا رہے ہیں، اسے بھی استحکام حاصل ہوگا اور نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔

ساتھیوں،

ہم اس دہائی میں دیکھ سکتے ہیں کہ ہم امن اور ترقی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر آگے بڑھنے کے ہر قدم پر ترقی کا احساس کر رہے ہیں۔ ملک کئی طرح کے پرتشدد واقعات کا شکار رہا ہے، عرصہ دراز سے شکار ہے، جب سے ملک کو آزادی ملی ہے ہم اس مسئلے کا سامنا کر رہے ہیں۔ دہشت گردی ہو یا نکسل ازم، کچھ ابتدا میں شروع ہو ئے ہوں گے، کچھ بعد میں شروع ہو ا ہوگا،  لیکن آج نکسل ازم، ماؤ ازم کا دائرہ بہت تیزی سے محدود ہو رہا ہے۔ ماؤ ازم، نکسل ازم کو جڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کے ساتھ، ملک کی سیکورٹی فورسز ایک نئے اعتماد کے ساتھ اور تیز رفتاری سے کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہیں اور میں فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک کے سینکڑوں اضلاع نکسل ازم کی گرفت سے نکل کر آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ ہمیں فخر ہے کہ بموں، بندوقوں اور پستولوں کے سامنے ہمارے ملک کا آئین جیت رہا ہے، ہمارے ملک کا آئین فتحیاب ہو رہا ہے۔ ملک کے روشن مستقبل کے لئے یہ صاف نظر آرہا ہے کہ کل تک کے ریڈ کوریڈور آج گرین گروتھ زون میں تبدیل ہورہے ہیں۔

ساتھیوں،

ایک کے بعد ایک کامیابی یہ ہر اس معزز رکن اسمبلی کے لیے فخر کا لمحہ ہے،  جو حب الوطنی، ملک کی بھلائی کے لیے پارلیمنٹ میں پہنچا ہے اور پارلیمنٹ کے اس اجلاس میں پورا ملک فخر کا یہ گیت سنے گا، ہر رکن پارلیمنٹ سے سنے گا، ہر پارٹی سے سنے گا۔

ساتھیوں،

معاشی شعبے میں بھی، جب آپ سب نے 2014 میں ہمیں ذمہ داری دی، ملک 5 کمزور معیشتوں کے مرحلے سے گزر رہا تھا۔ 2014 سے پہلے ہم عالمی معیشت میں 10 ویں نمبر پر تھے اور آج ہندوستان ،دنیا کی نمبر تین معیشت بننے کی طرف تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔25 کروڑ غریب افراد غربت سے باہر آئے ہیں ،جس کو دنیا کے کئی اداروں نے سراہا ہے۔ ملک میں 2014 سے پہلے ایک وقت تھا جب مہنگائی کی شرح دوہرے ہندسوں میں ہوتی تھی، آج یہ 2 فیصد کے قریب آ گئی ہے اور ملک کے عام آدمی کی زندگی میں راحت اور سہولت بن چکی ہے۔ لو انفلیشن کے مقابلہ میں ہائی گروتھ ایک  اچھی ترقی کے سفر کی علامت ہے۔

ساتھیوں،

آج دنیا ڈیجیٹل انڈیا، یو پی آئی کی شکل میں ہندوستان کی نئی صلاحیت کو دیکھ اور پہچان رہی ہے اور زیادہ تر ممالک اس کی طرف راغب ہو رہے ہیں۔ یو پی آئی نے فِن ٹیک کی دنیا میں اپنا نام کمایا ہے۔ ریئل ٹائم ڈیجیٹل لین دین دنیا میں سب سے زیادہ ہو رہے ہیں، دنیا میں جتنے لین دین ہو رہےہیں،  صرف ہندوستان میں  اس سے زیادہ ہو رہے ہیں۔

ساتھیوں،

گزشتہ دنوں  انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کی ایک عالمی کانفرنس ہوئی، اور اس میں ہندوستان نے بڑی بلندیاں حاصل کی ہیں۔ آئی ایل او کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں اب 90 کروڑ سے زیادہ لوگ سماجی تحفظ کے دائرے میں آچکے ہیں، جو اپنے آپ میں ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ اسی طرح عالمی تنظیم ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ ہندوستان اب آنکھوں کی بیماری ٹریکوما سے پاک ہے جو عام طور پر برسات کے موسم میں زیادہ دیکھا جاتا تھا۔ اب ڈبلیو ایچ او نے ہندوستان کو ٹریکوما سے پاک قرار دیا ہے، تو صحت کے شعبے میں بھی یہ ہندوستان کے لیے ایک اہم کامیابی ہے۔

ساتھیوں،

پہلگام کے وحشیانہ قتل و غارت، مظالم اور قتل عام سے پوری دنیا حیران رہ گئی۔ دنیا کی توجہ دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں پر مرکوز تھی۔ اور اس وقت اپنے پارٹی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر ہماری بیشتر پارٹیوں کے نمائندوں، بیشتر ریاستوں کے نمائندوں نے دنیا کے دورے کئے، دنیا کے کئی ممالک میں جا کر متفقہ طور پر دہشت گردوں کے آقا پاکستان کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کی ایک انتہائی کامیاب مہم چلائی۔ آج میں ان تمام ممبران پارلیمنٹ کی تعریف کرنا چاہتا ہوں، میں قومی مفاد میں کیے گئے اس اہم کام کے لیے تمام جماعتوں کی تعریف کرنا چاہتا ہوں، اور اس سے ملک میں ایک مثبت ماحول پیدا ہوا۔ دنیا نے بھارت کے نقطہ نظر کو قبول کرنے کے لیے اپنے ذہن کے دروازے کھول دیے اور اس کے لیے اپنے اراکین پارلیمنٹ، ہماری سیاسی جماعتوں کی تعریف کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

ساتھیوں،

ہم جانتے ہیں کہ یہ جذبہ، ایک آواز، ایک اتحاد کا ماحول ملک کو کتنے جوش و خروش سے بھر دیتا ہے۔ جیت کا یہ جشن اس مانسون سیشن میں بھی اسی جذبے سے منایا جائے گا، اس میں ملک کی فوجی طاقت کی ستائش ہوگی، ملک کی طاقت کی تعریف ہوگی  اور ملک کے 140 کروڑ شہریوں کے لیے نئی تحریک کا باعث بنے گا۔ مجھے یقین ہے کہ ہم سب مل کر دفاع کے میدان میں خود انحصاری کی ان کوششوں کو تقویت بخشیں، فوج کی طاقت کو سراہیں اور میں آج اہل وطن کے سامنے ضرور کہوں گا، اور ملک کی سیاسی جماعتوں سے بھی کہوں گا کہ ملک نے اتحاد کی طاقت دیکھی ہے، دیکھا ہے کہ ایک آواز کی طاقت کیا ہوتی ہے، اس لیے ایوان کے تمام معزز اراکین پارلیمنٹ کو بھی چاہیے کہ وہ اسے طاقت دیں، اسے آگے بڑھائیں اور میں یہ ضرور کہوں گا کہ سیاسی جماعتیں الگ الگ ہیں، ہر ایک کا اپنا ایجنڈا ہے، اپنا اپنا رول ہے، لیکن میں اس حقیقت کو مانتا ہوں کہ ووٹ پارٹی کے مفاد میں  بھلے ہی نہ ملے، لیکن دل ملک کے مفاد میں ضرور ملتے ہیں۔ اسی احساس کے ساتھ اس مانسون سیشن میں ملک کی ترقی کے سفر کو تیز کرنے، ملک کی ترقی کو فروغ دینے اور ملک کے شہریوں کو بااختیار بنانے والے کئی بل تجویز کیے گئے ہیں۔ ایوان انہیں تفصیلی بحث کے بعد منظور کرے گا۔ میں تمام معزز ممبران پارلیمنٹ کو اچھی بحث کرنے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔

 بہت بہت شکریہ۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ن م

U.NO. 2933

 


(Release ID: 2146319) Visitor Counter : 3