ریلوے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مسافروں کی سلامتی کے لیے کوچز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے


سلامتی میں اضافہ کی غرض سے تمام 74,000 کوچز اور15,000 لوکوموٹیوز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے

ہر کوچ میں4 سی سی ٹی وی کیمرے اور ہر لوکوموٹیو میں 6 کیمرے نصب کیے جائیں گے

سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار اور کم روشنی میں بھی اعلیٰ معیار کی ویڈیو ریکارڈنگ کو یقینی بنایا جائے گا

Posted On: 13 JUL 2025 4:02PM by PIB Delhi

تجرباتی طور پر مسافر کوچز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے مثبت نتائج کی بنیاد پر ریلوے نے تمام کوچز میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام مسافروں کی سلامتی کو نمایاں طور پر بہتر بنائے گا۔ شرپسند عناصر اور منظم گروہ سادہ لوح مسافروں کو نشانہ بناتے ہیں۔ کیمروں کی موجودگی میں ایسے واقعات میں نمایاں کمی آئے گی۔ مسافروں کی نجی زندگی کے احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے، سی سی ٹی وی کیمرے کوچز میں صرف دروازوں کے قریب عام گزرگاہوں میں نصب کیے جائیں گے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/Screenshot2025-07-13160152Z7LZ.png

مرکزی وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو اور وزیر مملکت برائے ریلوے جناب رونیت سنگھ بٹّو نے لوکوموٹیوز اور کوچز میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ یہ جائزہ اجلاس سنیچر، یعنی 12 جولائی 2025 کو منعقد ہوا، جس میں ریلوے بورڈ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

360 ڈگری مکمل نگرانی

ریلوے حکام نے مطلع کیا کہ شمالی ریلوے کے لوکوموٹیوز اور کوچز میں سی سی ٹی وی کیمروں کے کامیاب تجربات کیے جا چکے ہیں۔ مرکزی وزیر ریلوے نے تمام 74,000 کوچز اور15,000 لوکوموٹیوز میں کیمرے نصب کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ہر کوچ میں4 ڈوم طرز کے سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے،جن میں سے دو ہر دروازے کے داخلی راستے پر لگیں گے۔ ہر لوکوموٹیو میں6 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے جن میں ایک ایک کیمرہ اگلی، پچھلی اور دونوں جانب، جبکہ لوکو کے ہر کیب (سامنے اور پیچھے) میں ایک ڈوم کیمرہ اور دو مائیکروفونز نصب ہوں گے۔

جدید مسائل کا جدید نگرانی سے حل

حکام نے بتایا کہ نصب کیے جانے والے کیمرے جدید ترین خصوصیات کے حامل ہوں گے اور ایس ٹی کیو سی تصدیق یافتہ ہوں گے۔ مرکزی وزیر ریلوے نے اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ معیار کا ساز و سامان استعمال کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار اور کم روشنی میں بھی ویڈیو کی کوالٹی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے اس ڈیٹا پر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے امکانات کو بھی تلاش کرنے کی ہدایت دی، تاکہ بھارت اے آئی مشن کے تحت مزید سمارٹ نگرانی کو فروغ دیا جا سکے۔

ڈیٹا پرائیویسی مقدم

کوچز کے عام گزرگاہوں میں کیمرے نصب کرنے کا مقصد مسافروں کی سلامتی اور تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔ پرائیویسی (نجی زندگی) کے تقاضوں کا خیال رکھتے ہوئے یہ کیمرے شرپسند عناصر کی شناخت میں مدد دیں گے۔ ریلوے کی یہ جدید کاری کی کوششیں ایک محفوظ، بااعتماد اور مسافر دوست سفری تجربے کی جانب اس کے عزم کی عکاس ہیں۔

******

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno- 2705


(Release ID: 2144384) Visitor Counter : 2