وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

برازیل کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس اعلامیہ کے دوران وزیر اعظم کا بیان

Posted On: 09 JUL 2025 12:54AM by PIB Delhi

عزت مآب، میرےعزیز دوست صدر لولا،

دونوں ممالک کے مندوبین

میڈیا کے سا تھیوں

نمسکار

‘‘بوا ترج’’!

‘ریو’ اور ‘برازیلیا’ میں پرتپاک استقبال کے لیے میں اپنے دوست صدر لولا کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ایمیزن کی خوبصورتی اور آپ کے خلوص دونوں نے ہمیں کافی متاثر کیاہے۔

آج برازیل کے صدر کی طرف سے برازیل کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز سے نوازا جانا نہ صرف میرے لیے، بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے بڑے فخر اور جذبات کا لمحہ ہے۔ میں اس اعزاز کے لیے صدر ،برازیل کی حکومت اور برازیل کے عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

دوستو!

میرے دوست صدر لولا ہندوستان اور برازیل کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے چیف معمار ہیں۔ انہوں نے ہمارے تعلقات کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کے ساتھ ہر ملاقات نے مجھے اپنی دونوں قوموں کی ترقی اور بہبود کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دی ہے۔ میں اس اعزاز کو ہندوستان کے ساتھ ان کی مضبوط وابستگی اور ہماری پائیدار دوستی کے لیے وقف کرتا ہوں۔

دوستو!

آج کی بات چیت میں ہم نے تمام شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ہم نے دو طرفہ تجارت کو اگلے پانچ سالوں میں 20 بلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

فٹ بال برازیل کاجنون ہے، جس طرح ہندوستان کے لوگ کرکٹ کے دیوانے ہیں۔ چاہے گیند کو باؤنڈری سے آگے بھیجنا ہو یا گول میں، جب دونوں ایک ہی ٹیم میں ہوں تو 20 بلین ڈالر کی شراکت کا حصول مشکل نہیں لگتا۔ ہم مل کرہندوستان-مرکوسور ترجیحی تجارتی معاہدے کی توسیع پر بھی کام کریں گے۔

دوستو!

توانائی کے شعبے میں ہمارا تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ماحولیات اور صاف توانائی دونوں ممالک کی اہم ترجیح ہے۔اس شعبہ میں تعاون کو بڑھانے کے لیے آج جو معاہدہ کیاگیا ہے، اس سے ہمارے سبز اہداف کو نئی سمت اور رفتار ملے گی۔ رواں برس ، برازیل میں ہونے جارہی COP-30اجلاس کےلیے میں صدر لولا کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔

دوستو!

دفاع کے شعبے میں ہمارا بڑھتا ہوا تعاون ہمارے باہمی اعتماد کی علامت ہے۔ ہم اپنی دفاعی صنعتوں کو جوڑنے اور اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

مصنوعی ذہانت اور سپر کمپیوٹرز کے شعبوں میں ہمارا تعاون بڑھ رہا ہے۔ یہ جامع ترقی اور انسانیت پر مرکوز اختراع کے لیے ہمارے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔

برازیل میں یو پی آئی کو اپنانے پر بھی دونوں فریق مل کر کام کر رہے ہیں۔ ہمیں ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر اور اسپیس جیسے شعبوں میں برازیل کے ساتھ ہندوستان کے کامیاب تجربے کا اشتراک کرتے ہوئے خوشی ہوگی۔

زراعت اور مویشی پروری کے شعبوں میں ہمارا تعاون کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ اب ہم زرعی تحقیق اور فوڈ پروسیسنگ جیسے شعبوں میں بھی مل کر کام کریں گے۔ صحت کے شعبے میں بھی ہم اپنے نتیجہ خیز تعاون کو وسعت دے رہےہیں۔ ہم نے برازیل میں آیوروید اور روایتی ادویات کے فروغ پر بھی زور دیا ہے۔

دوستو!

عوام سے عوام کے درمیان رابطے ہمارے تعلقات کا ایک اہم ستون ہیں۔ دونوں ممالک میں کھیلوں میں گہری دلچسپی بھی ہمیں آپس میں جوڑتی ہے۔

ہم چاہتے ہیں کہ بغیر ویزا کاؤنٹر کی لمبی قطار کے، ہندوستان  اور برازیل کے تعلقات کارنیول کی طرح رنگین ہوں، فٹبال کی طرح جوشیلے ہوں اور سامبا کی طرح دلوں کو جوڑتے جائیں!اسی جذبے کے تحت ہم دونوں ممالک کے عوام، خاص طور پر سیاحوں، طلباء، کھلاڑیوں اور کاروباری افراد کے درمیان روابط کو آسان بنانے کے لیے کوشش کریں گے۔

دوستو!

عالمی سطح پر ہندوستان اور برازیل نے ہمیشہ قریبی تال میل کے ساتھ کام کیا ہے۔ دو بڑے جمہوری ممالک کے طور پر ہمارا تعاون نہ صرف گلوبل ساؤتھ بلکہ پوری انسانیت کے لیے اہم ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ گلوبل ساؤتھ کے خدشات اور ترجیحات کو عالمی فورمز پر پیش کرنا ہمارا اخلاقی فرض ہے۔

آج، جب دنیا کشیدگی اور غیر یقینی کے دور سے گزر رہی ہے ،میرے دوست نےکافی تفصیل سے بتایا، اس لیے میں اسے نہیں دہراؤں گا … ہندوستان-برازیل کی یہ  شراکت داری استحکام اور توازن کا ایک اہم ستون ہے۔ ہم اس بات پر مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ تمام تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔

ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایک مشترکہ نقطہ نظر رکھتے ہیں - صفر برداشت اور صفر دوہرا معیار۔ ہمار ا واضح موقف ہے کہ دہشت گردی کے معاملے میں دوہرے معیار کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم دہشت گردی اور اس کی حمایت کرنے والوں دونوں کی سختی سے مخالفت کرتے ہیں۔

عالی جناب،

ایک بار پھر اس اعلیٰ ترین قومی اعزاز کے لیے اور آپ کی دوستی کے لیے میں 140 کروڑ ہندوستان کے عوام کی جانب سے آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں آپ کو  ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دیتا ہوں۔شکریہ

‘‘مُئیتو اوبری-گادو’’!

********

 

ش ح۔ م ع ن ۔ رض

U. No.2580


(Release ID: 2143340)