وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم ہند نے ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو کے وزیر اعظم سے سرکاری ملاقات کی
Posted On:
04 JUL 2025 11:51PM by PIB Delhi
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج پورٹ آف اسپین کے ریڈ ہاؤس میں جمہوریہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو (ٹی اینڈ ٹی) کی وزیر اعظم محترمہ کملا پرسہاد-بِسیسر سے ملاقات کی۔انہوں نے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد دوبارہ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے پر محترمہ کملا پرسہاد-بسیسر کو مبارکباد دی اور ان کے شاندار خیرمقدم پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کے ممکنہ شعبوں جیسے زراعت، صحت و دواسازی، ڈیجیٹل تبدیلی، یو پی آئی، صلاحیت سازی، ثقافت، کھیل اور عوامی رابطوں کے سلسلے میں تفصیلی گفتگو کی۔ ترقیاتی تعاون بھارت اور ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی شراکت داری کا ایک اہم ستون ہے۔ وزیر اعظم بسیسر نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا یہ تاریخی دورہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دو طرفہ تعلقات کو نئی توانائی دے گا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور سائبر سکیورٹی جیسے موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم مودی نے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے بعد بھارت کے عوام کے ساتھ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو کی بھرپور حمایت اور یکجہتی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے تمام اشکال اور مظاہرات کے خلاف لڑنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عالمی خطہ جنوب ممالک کے درمیان یکجہتی اور بھارت-کیریکوم شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
مذاکرات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان چھ مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، جن میں فارماکوپیا، فوری اثرات والے پروجیکٹس، ثقافت، کھیل، سفارتی تربیت اور آئی سی سی آر کی جانب سے ہندی اور بھارتی مطالعات کے لیے چیئرز کا قیام شامل ہے۔ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے کئی اہم اعلانات کیے گئے، جن میں ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو میں مقیم ہندوستانی نژاد چھٹی نسل کے افراد کو اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) یعنی سمندر پار بھارتی شہریوں کے کارڈ کی پیشکش بھی شامل ہے۔
وزیر اعظم مودی نے محترمہ کملا پرسہاد-بسیسر کو بھارت کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ وزیر اعظم کا یہ تاریخی دورہ ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو دونوں ممالک کے خصوصی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے گیا ہے۔
******
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno- 2478
(Release ID: 2142413)
Read this release in:
Odia
,
English
,
Hindi
,
Assamese
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam