وزیراعظم کا دفتر
قبرص کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم جناب نریندر مودی کا پریس بیان
Posted On:
18 JUN 2025 9:32AM by PIB Delhi
عالی جناب، محترم صدرصاحب،
دونوں ممالک کے معزز مندوبین،
میڈیا کے دوستوں،
نمسکار!
کالیم میرا!
سب سے پہلے میں پرتپاک استقبال اور شاندار مہمان نوازی کے لئے معزز صدر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ کل جب سے میں نے قبرص کی سرزمین پر قدم رکھا، صدر مملکت اور اس ملک کے لوگوں کی طرف سے دکھائی گئی گرمجوشی اور پیار نے واقعی میرے دل کو چھو لیا ہے۔
ابھی کچھ وقت پہلے مجھے قبرص کے ایک باوقار اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز صرف میرا نہیں ، بلکہ 140 کروڑ ہندوستانیوں کا اعزاز ہے۔ یہ ہندوستان اور قبرص کے درمیان پائیدار دوستی کی علامت ہے۔ میں اس اعزاز کے لیے ایک بار پھر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دوستو،
ہم قبرص کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی جیسی اقدار کے لیے ہماری مشترکہ وابستگی ہماری شراکت کی مضبوط بنیاد ہے۔ ہندوستان اور قبرص کی دوستی ایسی نہیں ہے جو حالات کی بنیاد پر ہو اور نہ ہی یہ سرحدوں میں قید ہے۔
یہ وقت کی کسوٹی پر بار بار پرکھی گئی ہے۔ ہر دور میں ہم نے تعاون، احترام اور ہم آہنگی کے جذبے کو برقرار رکھا ہے۔ ہم ایک دوسرے کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتے ہیں۔
دوستو،
یہ دو دہائیوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا قبرص کا پہلا دورہ ہے۔ یہ ہمارے دوطرفہ تعلقات میں ایک نیا باب لکھنے کا سنہری موقع پیش کرتا ہے۔ آج، عزت مآب صدر اور میں نے شراکت داری کے تمام پہلوؤں پر وسیع تر بات چیت کی۔
قبرص کے "وژن 2035" اور "وکست بھارت 2047" کے ہمارے وژن میں بہت سی مماثلتیں ہیں۔ لہذا، ہم اپنے مشترکہ مستقبل کی تشکیل کے لئے مل کر کام کریں گے۔ اپنی شراکت داری کو اسٹریٹجک سمت فراہم کرنے کے لئے، ہم اگلے پانچ برسوں کے لیے ایک ٹھوس روڈ میپ تیار کریں گے۔
ہمارے دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے، دوطرفہ دفاعی تعاون پروگرام دفاعی صنعت میں تعاون پر توجہ مرکوز کرے گا۔ سائبر اور میری ٹائم سکیورٹی پر الگ الگ مذاکرات شروع کئے جائیں گے۔
ہم سرحد پار دہشت گردی کے خلاف بھارت کی لڑائی میں مسلسل حمایت کے لئے قبرص کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور اسلحے کی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لئے، ہماری متعلقہ ایجنسیوں کے درمیان حقیقی وقت میں معلومات کے تبادلے کے لئے ایک طریقہ کار قائم کیا جائے گا۔ ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے بے پناہ امکانات ہیں۔
کل، عزت مآب صدر کے ساتھ اپنی بات چیت کے دوران، میں نے اپنے اقتصادی تعلقات کے حوالے سے کاروباری برادری کے اندر زبردست جوش و خروش اور ہم آہنگی محسوس کی۔ ہم سال کے آخر تک ایک باہمی فائدہ مند ہندوستان-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کو انجام دینے کی سمت کام کر رہے ہیں۔
اس سال ہندوستان، قبرص اور یونان بزنس اینڈ انویسٹمنٹ کونسل بھی شروع کی گئی ہے۔ اس طرح کے اقدامات سے ہمارے ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔
ہم نے ٹیکنالوجی، اختراع، صحت، زراعت، قابل تجدید توانائی اور موسمیاتی انصاف جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔ قبرص میں یوگ اور آیوروید کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے ہمیں حوصلہ ملتا ہے۔
قبرص ہندوستانی سیاحوں کے لئے بھی ایک پسندیدہ مقام ہے۔ ہم ان کے سفر کی سہولت کے لئے براہ راست فضائی رابطہ قائم کرنے کی سمت کام کریں گے۔ ہم نے موبلٹی ایگریمنٹ کو حتمی شکل دینے میں تیزی لانے کا عزم کیا ہے۔
دوستو،
یورپی یونین کے اندر، قبرص ہمارا قابل اعتماد پارٹنر ہے۔ ہم اگلے سال قبرص کی یورپی یونین کی آئندہ صدارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں ہندوستان اور یورپی یونین کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھوئیں گے۔
اقوام متحدہ کو مزید جوابدہ بنانے کے لئے اس میں اصلاحات کی ضرورت سے متعلق دونوں ممالک یکساں خیالات رکھتے ہیں۔ ہم اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل رکنیت کے لئے بھارت کی حمایت کے لئے قبرص کے شکر گزار ہیں۔
ہم نے مغربی ایشیا اور یوروپ میں جاری تنازعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان تنازعات کے منفی اثرات صرف ان کے متعلقہ علاقوں تک محدود نہیں ہیں۔ ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ یہ جنگ کا دور نہیں ہے۔
مذاکرات کے ذریعے حل اور استحکام کی بحالی یہی انسانیت کی آواز ہے۔ ہم نے بحیرہ روم کے خطے کے ساتھ رابطے بڑھانے پر بھی بات کی۔ ہم اس بات پر متفق ہیں کہ ہندوستان-مشرق وسطی-یوروپ اقتصادی راہداری خطے میں امن اور خوشحالی کی راہ ہموار کرے گی۔
معزز صدر،
میں آپ کو بھارت کے دورے کی دعوت دیتا ہوں۔ میں جلد از جلد بھارت میں آپ کا استقبال کرنے کا منتظر ہوں۔
ایک بار پھر، میں غیر معمولی مہمان نوازی اور اعزاز کے لئے آپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
دستبرداری: یہ وزیراعظم کی تقریر کا تخمینی ترجمہ ہے۔ اصل تقریر ہندی میں کی گئی۔
***
ش ح۔ ک ا۔ ع ر
U.NO.1837
(Release ID: 2137108)
Read this release in:
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Assamese
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada
,
Malayalam