وزیراعظم کا دفتر
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے احمد آباد طیارہ حادثہ کی جگہ پر راحت اور بچاؤ کاموں کا جائزہ لیا
ڈاکٹر پی کے مشرا نے سول اسپتال میں متاثرین اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی
ڈاکٹر پی کے مشرا نے حکام کو ہدایت دی کہ وہ متاثرین کی شناخت کے عمل کو تیز کریں
Posted On:
15 JUN 2025 8:09PM by PIB Delhi
وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے شہر میں حالیہ المناک حادثے کے بعد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے آج احمد آباد کا دورہ کیا۔ ان کا دورہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کے لیے فوری راحت، مکمل تحقیقات اور جامع مدد کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے عزم کا اظہار ہے۔
پرنسپل سکریٹری نے بی جے میڈیکل کالج، میگھانی نگر کے نزدیک جائے حادثہ سے اپنا دورہ شروع کیا۔ ریاستی حکومت، ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) اور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے سینئر حکام نے انہیںسلسلہ واقعات اور اس واقعہ کے فوری بعد مختلف ایجنسیوں کی جانب سے کئے گئے فوری اقدامات کے بارے میں بتایا۔
مقام کے دورے کے بعد، ڈاکٹر مشرا سول ہسپتال، احمد آباد گئے، جہاں انہوں نے مہلوکین کے سوگوار کنبہ کے افراد سے ملاقات کی۔ انہوں نے ڈی این اے کے نمونے کے ملاپ کے عمل کا مشاہدہ کیا اور ریاستی حکام کو ہدایت کی کہ وہ خاندانوں کو تمام ضروری مدد فراہم کریں، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ انہیں کسی طرح سے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متاثرہ افراد کے لیے ایک ہمدرد اور ہموار امدادی نظام کی اہمیت پر زور دیا۔
پرنسپل سکریٹری نے ہسپتال میں زیر علاج زخمیوں سے بھی بات چیت کی۔ انہوں نے ہسپتال کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ بہترین طبی امداد فراہم کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے علاج اور صحت یابی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔
بعد میں، ڈاکٹر مشرا نے گاندھی نگر میں فارنسک سائنس لیبارٹری کا دورہ کیا۔ اس جدید ترین لیبارٹری کو ڈی این اے کے نمونے لینے اور حادثے کے شکار افراد کی شناخت کی اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کام کی پیشرفت کا جائزہ لیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ سائنسی درستگی پر سمجھوتہ کیے بغیر نمونے لینے کے عمل کو جلد از جلد مکمل کریں۔
اپنے دورے کے اختتام پر، پرنسپل سکریٹری نے احمد آباد کے سرکٹ ہاؤس میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں، اے اے آئی بی، ایرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ واقعہ، اور جاری امدادی، بچاؤ اور تحقیقاتی کوششوں کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئی۔ ایئر کرافٹ ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن بیورو (اے اے آئی بی) نے حادثے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مزید برآں یو ایس نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) ایک آزاد وفاقی ایجنسی جو شہری نقل و حمل کے حادثات کی تحقیقات اور حفاظت میں بہتری کو فروغ دینے کے لیے ذمہ دار ہے، نے بھی بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنی متوازی تحقیقات کا آغاز کیا ہے کیونکہ طیارہ امریکی ساختہ ہے۔ پریزنٹیشن کے دوران بتایا گیا کہ طیارے میں موجود فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر (ایف ڈی آر) اور سی وی آر (کاک پٹ وائس ریکارڈر) کی شناخت کر کے محفوظ کر لیا گیا ہے۔
ڈاکٹر مشرا نے وزیر اعظم کی ہدایت کا اعادہ کیا کہ متاثرین کے خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے اور راحت رسانی کی کوششوں میں شامل تمام محکموں میں ایک مربوط اور ہمدردانہ رویہ کو یقینی بنایا جائے۔پی ایم کے پرنسپل سکریٹری کے ساتھ پی ایم او کے دو افسران، پی ایم کے مشیر جناب ترون کپور اور منگیش گھلدیال، ڈپٹی سیکریٹری پی ایم او بھی موجود تھے۔
****
U.No:1764
ش ح۔ح ن۔س ا
(Release ID: 2136522)
Read this release in:
Malayalam
,
English
,
Hindi
,
Marathi
,
Assamese
,
Manipuri
,
Bengali
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Tamil
,
Telugu
,
Kannada