وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جنیوا میں عالمی صحت اسمبلی کے 78ویں اجلاس سے خطاب کیا


اس سال عالمی صحت اسمبلی کا موضوع ہے: ‘‘صحت کے لیےمتحد دنیا’’، یہ بھارت کے عالمی صحت کے وژن سے ہم آہنگ ہے: وزیر اعظم

صحت مند دنیا کا مستقبل شمولیت، ہم آہنگ وژن اور باہمی تعاون پر منحصر ہے: وزیر اعظم

دنیا کی صحت کاانحصار اس بات پر ہے کہ ہم کمزور ترین افراد کا کتنا خیال رکھتے ہیں:وزیر اعظم

عالمی  خطہ ٔجنوب  صحت کے چیلنجز سے خاص طور پر متاثر ہے، بھارت کا نقطہ نظر ایسے ماڈلز فراہم کرتا ہے جو قابلِ تقلید، قابلِ توسیع اور پائیدار ہیں:وزیر اعظم

جون میں گیارھواں بین الاقوامی یومِ یوگامنایا جانے  والا ہے، اس سال کا موضوع ‘‘ایک کرۂ ارض، ایک صحت کے لیے یوگا’’:وزیر اعظم

ایک صحت مند کرۂ ارض کی تعمیر کر تے ہوئے ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی پیچھے نہ رہ جائے: وزیر اعظم

Posted On: 20 MAY 2025 4:27PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج جنیوا میں منعقدہ عالمی صحت اسمبلی کے 78ویں  اجلاس  سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کیا۔اجتماع  سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تمام شرکاء کو پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس سال کے موضوع‘‘صحت کے لیے متحددنیا’’  پر روشنی ڈالی  اور انہوں نے  اس بات پر  زور دیا کہ  یہ بھارت کے عالمی صحت کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔انہوں نے 2023 کی عالمی صحت اسمبلی  سے  اپنے خطاب  کو یادکیاجہاں انہوں نے ‘‘ایک کرہ ٔ ارض ، ایک صحت’’ کے تصور پر زور دیا تھا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایک صحت مند دنیا کا مستقبل شمولیت، مشترکہ وژن اور تعاون پر منحصر ہے۔

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے اس بات پر زور دیا کہ شمولیت بھارت کی صحت سے متعلق اصلاحات کا بنیادی ستون ہے، انہوں نے آیوشمان بھارت اسکیم کو اجاگر کیا، جو دنیا کی سب سے بڑی صحت  بیمہ اسکیم ہے۔ یہ اسکیم580 ملین  افراد کا احاطہ کرتی ہے اور ان کو  مفت علاج کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ حال ہی میں اس پروگرام کو توسیع دے کر 70 سال سے زائد عمر کے تمام بھارتی شہریوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے ہزاروں ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹرز کے وسیع نیٹ ورک کا ذکر کیا، جو کینسر، ذیابیطس اور تناؤ جیسے امراض کی جلد تشخیص اور اسکریننگ میں مدد فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے ہزاروں عوامی فارمیسیوں کے کردار کو بھی اجاگر کیا، جو نمایا طور پرکفایتی شرح پر اعلیٰ معیار کی ادویات فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت کے شعبے میں بہتری پر بھی روشنی ڈالی، جن میں حاملہ خواتین اور بچوں کی ٹیکہ کاری پر نظر رکھنے والا ڈیجیٹل پلیٹ فارم اور  یونیک  ڈیجیٹل ہیلتھ آئیڈنٹیٹی سسٹم شامل ہیں، جو انشورنس، صحت کے فوائد، ریکارڈز اور معلومات کو ایک پلیٹ فارم پر مربوط کرنے میں مدد کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کی بدولت اب کوئی بھی ڈاکٹر سے دور نہیں رہا۔ بھارت کی مفت ٹیلی میڈیسن خدمات کے ذریعے اب تک 340 ملین  سے زائد مشورےفراہم کیے جا چکے ہیں۔بھارت کی ان صحت سے متعلق پہل کے مثبت اثرات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کل صحت کے اخراجات میں سے عوامی جیب سے ہونے والے اخراجات کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ سرکاری صحت کے اخراجات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پرروشنی ڈالی کہ ‘‘دنیا کی صحت اس بات پر منحصر ہے کہ ہم کمزور ترین افراد کا کتنا خیال رکھتے ہیں’’۔انہوں نے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ عالمی  خطہ ٔجنوب صحت سے متعلق چیلنجز سے خاص طور پر متاثر ہوتا ہے اور اس بات کا ذکر کرکرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا نقطۂ نظر ایسےنمونے (ماڈلز) پیش کرتا ہے جو قابل تقلید، قابل توسیع اور پائیدار ہیں۔وزیر اعظم نے دنیا  بالخصوص عالمی خطۂ جنوب کے ساتھ بھارت کے تجربات اور بہترین طریقۂ کار کے اشتراک کی خواہش کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے جون میں منائے جانے والےگیارھویں بین الاقوامی یومِ یوگا کا حوالہ دیتے ہوئے عالمی برادری سے اس میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔انہوں نے اس سال کے موضوع ‘‘ ایک کرہ ٔ ارض ، ایک صحت کے لیے یوگا’’پر روشنی ڈالی  اور تمام ممالک کو شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بھارت یوگا کی جنم بھومی ہے۔

جناب نریندر مودی نے عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) اور تمام رکن ممالک کوآئی این بی معاہدے پر کامیاب مذاکرات پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے اس معاہدے کو مستقبل میں وباؤں سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کے عزم کی علامت قرار دیا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صحت مند کرہ ارض کی تشکیل کے ساتھ ساتھ یہ بھی یقینی بنانا ضروری ہے کہ کوئی بھی پیچھے نہ رہ جائے۔اپنے خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے ویدوں کی ایک قدیم  پرارتھناکا حوالہ دیا اور کہا کہ ہزاروں سال قبل بھارت کے رِشیوں نے ایک ایسی دنیا کی تمنا کی تھی جہاں ہر انسان صحت مند، خوشحال اور بیماری سے پاک ہو۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ وژن دنیا کو متحد کرنے میں مدد گار ہوگا۔

****

ش ح۔ م ش  ۔ اش ق  

 (U: 933)


(Release ID: 2129976)