وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

انگولہ کے صدر کے ساتھ مشترکہ پریس بیان کے دوران وزیر اعظم کا پریس بیان

Posted On: 03 MAY 2025 2:26PM by PIB Delhi

عالی مرتبت، صدر لارینسو،

 

دونوں ممالک کے مندوبین،

 

میڈیا کے تمام ساتھی،

 

نمسکار!

 

بیں وِندو!

 

میں صدر لارینسو اور ان کے وفد کا بھارت میں تہہ دل سے استقبال کرتا ہوں۔ یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ 38 برسوں بعد، انگولہ کے صدر کا بھارت کا دورہ ہو رہا ہے۔ ان کے اس سفر سے، نہ صرف بھارت – انگولہ تعلقات کو نئی سمت اور رفتار مل  رہی ہے، بلکہ بھارت اور افریقہ شراکت داری کو بھی تقویت حاصل ہو رہی ہے۔

 

دوستو،

 

اس سال، بھارت اور انگولہ اپنے سفارتی تعلقات کی 40ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔ تاہم ہمارے تعلقات، اس سے بھی بہت پرانے ہیں، بہت گہرے ہیں۔ جب انگولہ آزادی کے لیے جدوجہد کر رہا تھا، تو بھارت بھی پورے یقین اور دوستی کے ساتھ کھڑا تھا۔

 

دوستو،

 

آج، مختلف شعبوں میں ہمارا گہرا تعاون ہے۔ بھارت، انگولہ کے تیل اور گیس کے سب سے بڑے خریداروں میں سے ایک ہے۔ ہم نے اپنی توانائی شراکت داری کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے مسرت ہو رہی ہے کہ انگولہ کی افواج کی جدیدکاری کے لیے 200 ملین ڈالر کے بقدر دفاعی کریڈٹ لائن کو منظوری دی گئی ہے۔ دفاعی پلیٹ فارموں کی مرمت، بحالی اور سپلائی پر بھی بات ہوئی ہے۔ انگولہ کی مسلح افواج کی تربیت میں تعاون فراہم کرنے سے ہمیں خوشی ہوگی۔

 

اپنی ترقی کی شراکت داری کو آگے بڑھاتے ہوئے، ہم ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے، خلائی تکنالوجی، اور صلاحیت سازی میں انگولہ کے ساتھ اپنی صلاحیتیں ساجھا کریں گے۔ آج ہم نے حفظانِ صحت، ڈائمنڈ پروسیسنگ، کھاد اور اہم معدنیات کے شعبوں میں بھی اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انگولہ میں یوگ اور بالی ووڈ کی مقبولیت، ہمارے ثقافتی تعلقات کی مضبوطی کی علامت ہے۔ اپنے عوام سے عوام کے مابین تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے، ہم نے اپنے نوجوانوں کے درمیان یوتھ ایکسچینج پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔

 

دوستو،

 

بین الاقوامی شمسی اتحاد سے جڑنے کے انگولہ کے فیصلے کا ہم خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم نے انگولہ کو بھارت کے اولین تباہکاری مزاحمتی بنیادی ڈھانچے کے اتحاد، بڑی بلی اتحاد اور عالمی حیاتیاتی ایندھن اتحاد سے بھی جڑنے کے لیے مدعو کیا ہے۔

 

دوستو،

 

ہم اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردی انسانیت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے لوگوں کے تئیں صدر لارینسو اور انگولہ  کی تعزیت کےلیے میں نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ہم دہشت گردی اور اس کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کے لیے پابند عہد ہیں۔ ہم سرحد پار سے دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ میں ان کی حمایت کے لیے انگولہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

 

دوستو،

 

140 کروڑ بھارتیوں کی جانب سے، میں انگولہ کو افریقی یونین کی صدارت کے لیے نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ ہمارے لیے یہ فخر کی بات ہے کہ بھارت کی جی20 صدارت کے دوران ’افریقی یونین‘ کو جی20 کی مستقل رکنیت حاصل ہوئی۔ بھارت اور افریقہ کے ممالک نے نوآبادیاتی نظام کے خلاف ایک سُر میں آواز اٹھائی تھی۔ ایک دوسرے کو ترغیب فراہم کی تھی۔ آج ہم گلوبل ساؤتھ کے مفاد، ان کی امیدوں، توقعات اور امنگوں کی آواز بن کر ایک ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

 

گذشتہ ایک دہائی میں افریقہ کے ممالک کے ساتھ ہمارے تعاون میں تیزی  آئی ہے۔ ہماری آپسی تجارت تقریباً 100 بلین ڈالر کے بقدر ہوگئی ہے۔ دفاعی تعاون اور بحری سلامتی میں پیشرفت ہوئی ہے۔ گذشتہ ماہ، بھارت اور افریقہ کے درمیان بحری مشق ’ایکیَم‘ کی گئی۔ گذشتہ دس برسوں میں ہم نے افریقہ میں 17 نئے سفارتخانے کھولے ہیں۔ 12 بلین ڈالر سے زائد کی کریڈٹ لائنیں افریقہ کے لیے تقسیم کی گئی ہیں۔ ساتھ ہی افریقہ کے ممالک کو 700 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی گئی ہے۔ افریقہ کے 8 ممالک میں پیشہ وارانہ تربیتی مراکز کھولے گئے ہیں۔ افریقہ کے 5 ممالک کے ساتھ ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے میں تعاون کر رہے ہیں۔ کسی بھی طرح کی مصیبت میں، ہمیں افریقہ کے لوگوں کے ساتھ، کندھے سے کندھا ملاکر، ’فرسٹ رسپانڈر‘ کا کردار ادا کرنے کی خوش نصیبی حاصل ہوئی ہے۔

 

بھارت اور افریقی یونین، ہم ترقی میں ساجھے دار ہیں۔ ہم گلوبل ساؤتھ کے ستون ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ انگولہ کی صدارت میں، بھارت اور افریقی یونین کے تعلقات نئی بلندیاں سر کریں گے۔

 

عالی مرتبت،

 

ایک مرتبہ پھر، میں آپ کا اور آپ کے وفد کا بھارت میں تہہ دل سے استقبال کرتا ہوں۔ بہت بہت شکریہ۔ اوبری گادو۔

 

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:526


(Release ID: 2126462) Visitor Counter : 22