وزیراعظم کا دفتر
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے روزگار میلے سے خطاب کیا
جب قوم کی تعمیر میں نوجوان فعال طور پر حصہ ڈالتے ہیں تو ملک تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہےاور عالمی سطح پر پہچان حاصل کرتا ہے: وزیر اعظم
آج بھارت کے نوجوان اپنی لگن اور جدت طرازی سے دنیا کے سامنے اپنی بے پناہ صلاحیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں: وزیر اعظم
اس بجٹ میں حکومت نے مینوفیکچرنگ مشن کا اعلان کیا ہے ، جس کا مقصد ’میک ان انڈیا‘ پہل کو فروغ دینا اور بھارت کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر معیاری مصنوعات تیار کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے: وزیر اعظم
مینوفیکچرنگ مشن نہ صرف ملک بھر میں لاکھوں ایم ایس ایم ایز اور چھوٹے کاروباریوں کی مدد کرے گا، بلکہ ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرے گا: وزیر اعظم
ممبئی جلد ہی ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) 2025 کی میزبانی کرے گا اور یہ ایونٹ نوجوان مرکوز ہے، جو نوجوان تخلیق کاروں کو پہلی بار اس طرح کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے: وزیر اعظم
میڈیا، گیمنگ اور انٹرٹینمنٹ میں جدت طرازوں کے لیے ویوز اپنی صلاحیتوں کا مظاہری کرنے کا ایک بے مثال موقع ہے: وزیر اعظم
بھارت کی خواتین کی طاقت بیوروکریسی سے لے کر خلا اور سائنس تک کے شعبوں میں نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، حکومت دیہی خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی توجہ مرکوز کر رہی ہے: وزیر اعظم
Posted On:
26 APR 2025 12:13PM by PIB Delhi
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے روزگار میلہ سے خطاب کیا اور مختلف سرکاری محکموں اور تنظیموں میں نئے تعینات نوجوانوں کو 51,000 سے زیادہ تقرر نامے تقسیم کیے۔ مجمع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے زور دیا کہ آج بھارت سرکار کے مختلف محکموں میں ان نوجوانوں کے لیے نئی ذمہ داریوں کا آغاز ہوا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان کی ذمہ داریوں میں ملک کے معاشی فریم ورک کو مضبوط بنانا، داخلی سلامتی کو مضبوط بنانا، جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں حصہ ڈالنا اور مزدوروں کی زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لانا شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ وہ جس خلوص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں اس کا بھارت کے ترقی یافتہ ملک بننے کے سفر پر مثبت اثر پڑے گا۔ اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ نوجوان انتہائی لگن کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
جناب مودی نے زور دے کر کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی اور کامیابی کی بنیاد اس کے نوجوانوں میں ہوتی ہے ، جب نوجوان قوم کی تعمیر میں سرگرمی سے حصہ لیتے ہیں تو ملک تیزی سے ترقی کا تجربہ کرتا ہے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت کے نوجوان اپنی محنت اور جدت طرازی کے ذریعہ دنیا کے سامنے اپنی بے پناہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور حکومت ہر قدم پر اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ملک کے نوجوانوں کے لیے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع بڑھتے رہیں۔ انھوں نے نشاندہی کی کہ اسکل انڈیا، اسٹارٹ اپ انڈیا اور ڈیجیٹل انڈیا جیسے اقدامات نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔ ان مہمات کے ذریعے بھارت سرکاروستان کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے ایک کھلا پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔ جناب مودی نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجے میں اس دہائی میں بھارت کے نوجوانوں نے ملک کو ٹکنالوجی ، ڈیٹا اور جدت طرازی کے شعبوں میں سب سے آگے بڑھایا ہے۔ انھوں نے یو پی آئی، او این ڈی سی اور جی ای ایم (گورنمنٹ ای مارکیٹ پلیس) جیسے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی کامیابی کو اجاگر کیا، جو یہ ظاہر کرتے ہیں کہ کس طرح نوجوان ڈیجیٹل معیشت میں تبدیلی لانے والی تبدیلیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارت اب ریئل ٹائم ڈیجیٹل لین دین میں دنیا میں سب سے آگے ہے اور اس کامیابی کا ایک اہم حصہ نوجوانوں کو جاتا ہے۔
اس بجٹ میں اعلان کردہ مینوفیکچرنگ مشن کا مقصد ’میک ان انڈیا‘ پہل کو فروغ دینا اور بھارت کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر معیاری مصنوعات تیار کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف ملک بھر میں لاکھوں ایم ایس ایم ایز اور چھوٹے کاروباریوں کی مدد کرے گا بلکہ ملک بھر میں روزگار کے نئے مواقع بھی کھولے گا۔ انھوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے حال ہی میں کہا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت رہے گا۔ انھوں نے زور دیا کہ اس ترقی کے متعدد پہلو ہیں جن میں سب سے اہم آنے والے دنوں میں تمام شعبوں میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہے۔ وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ حالیہ دنوں میں آٹوموبائل اور جوتے کی صنعتوں نے پیداوار اور برآمدات میں نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں جس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انھوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ پہلی بار کھادی اور دیہی صنعتوں کی مصنوعات نے 1.70 لاکھ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے ، جس سے خاص طور پر دیہی علاقوں میں لاکھوں نئے روزگار پیدا ہوئے ہیں۔ انھوں نے ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ میں حالیہ کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ 2014 سے قبل ان لینڈ واٹر ٹرانسپورٹ کے ذریعے سالانہ صرف 18 ملین ٹن کارگو منتقل کیا جاتا تھا۔ اس سال، کارگو کی نقل و ھمل 145 ملین ٹن سے تجاوز کر گئی ہے۔ انھوں نے اس کامیابی کا سہرا بھارت کی مسلسل پالیسی سازی اور اس سمت میں فیصلہ سازی کو دیا۔ وزیر اعظم نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ملک میں قومی آبی شاہراہوں کی تعداد صرف 5 سے بڑھ کر 110 سے زیادہ ہوگئی ہے اور ان آبی گزرگاہوں کی آپریشنل لمبائی تقریبا 2700 کلومیٹر سے بڑھ کر تقریبا 5000 کلومیٹر ہوگئی ہے۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ یہ کامیابیاں ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔
’’ممبئی جلد ہی ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ (ویوز) 2025 کی میزبانی کرے گا۔ یہ ایونٹ نوجوان مرکوز ہے، جو نوجوان تخلیق کاروں کو پہلی بار اس طرح کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ یہ سمٹ میڈیا، گیمنگ اور انٹرٹینمنٹ کے جدت طرازوں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کا بے مثال موقع فراہم کرتی ہے۔ ‘‘ انھوں نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ اسٹارٹ اپس کو سرمایہ کاروں اور صنعت کے رہنماؤں کے ساتھ رابطہ قائم کرنے کا موقع ملے گا ، جس سے یہ دنیا کے سامنے اپنے خیالات پیش کرنے کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن جائے گا۔ انھوں نے زور دیا کہ تقریب کے دوران منعقد ہونے والی مختلف ورکشاپس کے ذریعے نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، ایکس آر اور میڈیا سے روشناس کرایا جائے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ویوز بھارت کے ڈیجیٹل مواد کے مستقبل کو تقویت بخشے گی۔ انھوں نے بھارت کے نوجوانوں کی شمولیت کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سماج کا ہر طبقہ ملک کی کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈال رہا ہے۔ انھوں نے یو پی ایس سی کے حالیہ نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بیٹیاں سب سے آگے ہیں جہاں خواتین نے پہلی دو پوزیشنیں حاصل کیں اور ٹاپ پانچ میں سے تین خواتین تھیں۔ بیوروکریسی سے لے کر خلائی اور سائنس تک کے شعبوں میں خواتین نئی بلندیوں کو چھو رہی ہیں۔ ہماری حکومت سیلف ہیلپ گروپس، بیما سکھی، بینک سکھی اور کرشی سکھی جیسے اقدامات کے ذریعے دیہی خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، جس سے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہزاروں خواتین اب ڈرون دیدی کے طور پر کام کر رہی ہیں ، جو اپنے کنبوں اور گاؤوں کی خوشحالی کو یقینی بنا رہی ہیں ، انھوں نے مزید کہا کہ ملک میں 90 لاکھ سے زیادہ سیلف ہیلپ گروپ سرگرم ہیں ، جس میں 10 کروڑ سے زیادہ خواتین شامل ہیں۔ ان گروپوں کو مضبوط بنانے کے لیے حکومت نے ان کے بجٹ میں پانچ گنا اضافہ کیا ہے اور 20 لاکھ روپے تک کے ضمانت کے بغیر قرضوں کا اہتمام کیا ہے۔ جناب مودی نے اس بات کو اجاگر کیا کہ مدرا یوجنا سے خواتین سب سے زیادہ مستفید ہو رہی ہیں اور اس بات کا ذکر کیا کہ ملک میں 50,000 سے زیادہ اسٹارٹ اپس میں خواتین ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اس طرح کی تبدیلیاں ترقی کے لیے بھارت کے عزم کو مضبوط کر رہی ہیں اور روزگار اور خود روزگار کے مزید مواقع پیدا کر رہی ہیں۔
آج روزگار کے خطوط وصول کرنے والے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے زور دیا کہ افراد نے جو عہدے حاصل کیے ہیں وہ ان کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اپنی زندگی کے اگلے مراحل کو نہ صرف اپنے لیے بلکہ قوم کے لیے بھی وقف کیا جائے۔ انھوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ عوامی خدمت کا جذبہ سب سے اوپر رہنا چاہیے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب کوئی اپنی خدمت کے لیے انتہائی احترام کے ساتھ کام کرتا ہے تو اس کی کوششوں کو قوم کو ایک نئی سمت میں رہنمائی کرنے کی طاقت ملتی ہے۔ انھوں نے زور دیا کہ افراد کے فرائض، جدت طرازی اور عزم کی تکمیل بھارت کے ہر شہری کی زندگی کو بہتر بنانے میں براہ راست کردار ادا کرے گی۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جب افراد ذمہ داری کے عہدوں پر پہنچتے ہیں تو شہری کے طور پر ان کے فرائض اور کردار اور بھی اہم ہو جاتے ہیں، جناب مودی نے اس سمت میں بیداری کی ضرورت پر زور دیا۔ انھوں نے جاری مہم ’ایک پیڈ ماں کے نام‘ کو اجاگر کیا اور ہر ایک کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی ماں کے نام پر ایک درخت لگائیں جو قدرت کے تئیں شکر گزاری اور خدمت کے طور پر ہے۔ انھوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ اپنے کام کی جگہوں پر اس مہم میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کریں۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ جون میں آنے والا بین الاقوامی یوم یوگا ایک کامیاب کیریئر کے ساتھ ساتھ صحت مند زندگی شروع کرنے کا ایک بہترین موقع ہے ، انھوں نے زور دیا کہ صحت نہ صرف افراد کے لیے ضروری ہے بلکہ کام کی کارکردگی اور ملک کی پیداواری صلاحیت کے لیے بھی اہم ہے۔ وزیر اعظم نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے مشن کرما یوگی پہل کا استعمال کریں۔ انھوں نے کہا کہ ان کے کردار کا مقصد صرف عہدوں پر فائز ہونا نہیں ہے بلکہ بھارت کے ہر شہری کی خدمت کرنا اور ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔ شہری خدمات کے دن کے موقع پر شیئر کیے گئے ’شہری دیو بھاوا‘ کے منتر کو یاد کرتے ہوئے اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہریوں کی خدمت کرنا خدائی عبادت کے مترادف ہے، جناب مودی نے اس اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اختتام کیا کہ خلوص اور لگن کے ساتھ بھارت ایک ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بن جائے گا۔ انھوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ 140 کروڑ بھارتیوں کے خوابوں اور امنگوں کو حاصل کرنے کے لیے کام کریں۔
پس منظر
روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو سب سے زیادہ ترجیح دینے کے وزیر اعظم کے عزم کے مطابق ، 15 واں روزگار میلہ ملک بھر میں 47 مقامات پر منعقد کیا جائے گا۔ یہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں موثر کردار ادا کرنے کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔
ملک بھر سے منتخب ہونے والے نئے بھرتی ہونے والے افراد مختلف وزارتوں / محکموں میں مرکزی حکومت میں شامل ہوں گے جن میں محکمہ ریونیو ، عملہ اور عوامی شکایات اور پنشن کی وزارت ، وزارت داخلہ ، محکمہ ڈاک ، محکمہ اعلی تعلیم ، وزارت ریلوے ، وزارت محنت اور روزگار شامل ہیں۔
***
(ش ح – ع ا)
U. No. 271
(Release ID: 2124492)
Visitor Counter : 21
Read this release in:
Tamil
,
English
,
Marathi
,
Hindi
,
Nepali
,
Manipuri
,
Bengali
,
Assamese
,
Punjabi
,
Gujarati
,
Odia
,
Kannada
,
Malayalam