کابینہ

نئی دہلی جی20 سربراہی اجلاس کی کامیابی پر کابینہ کی قرارداد

Posted On: 13 SEP 2023 8:53PM by PIB Delhi

مرکزی کابینہ نے آج اپنی میٹنگ میں 9 سے 10 ستمبر 2023 کو منعقد ہونے والے نئی دہلی جی-20 سربراہی اجلاس کی کامیابی کو سراہتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی۔

کابینہ نے ’ایک زمین، ایک خاندان، ایک مستقبل‘تھیم کے مختلف پہلوؤں کو ترتیب دینے میں وزیر اعظم نریندر مودی کے وژن کی تعریف کی۔ وزیر اعظم کے جن بھاگیداری کے نقطہ نظر نے جی-20 پروگراموں اور سرگرمیوں میں ہمارے معاشرے کے وسیع طبقوں کو شامل کیا۔ 60 شہروں میں 200 سے زیادہ اجلاس جی 20 ایونٹس کے لیے ایک بے مثال نقش کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں، ہندوستانی جی-20 صدارت صحیح معنوں میں لوگوں پر مرکوز تھی اور ایک ملک گیر کوشش کے طور پر ابھری۔

کابینہ نے محسوس کیا کہ سربراہی اجلاس کے نتائج تبدیلی آمیز تھے اور آنے والی دہائیوں میں عالمی نظام کی تشکیل نو میں اہم کردار ادا کریں گے۔ خاص طور پر پائیدار ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں میں اصلاحات، ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر کے قیام، سبز ترقی معاہدے کو فروغ دینے اور خواتین کی زیر قیادت ترقی کی حوصلہ افزائی پر توجہ قابل ذکر تھی۔

کابینہ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ ایک ایسے وقت میں جب مشرقی-مغربی پولرائزیشن مضبوط تھی اور شمال-جنوب کی تقسیم گہری تھی، وزیر اعظم کی کوششوں نے آج کے اہم ترین مسائل پر ایک اہم اتفاق رائے پیدا کیا۔

’وائس آف دی گلوبل ساؤتھ‘ سمٹ کا انعقاد ہندوستان کی صدارت کا ایک منفرد پہلو تھا۔ یہ خاص طور پر اطمینان بخش بات ہے کہ ہندوستان کی پہل نے افریقی یونین کو جی-20 کے مستقل رکن کے طور پر قبول کیا۔

نئی دہلی سربراہی اجلاس نے ہندوستان کی عصری ٹیکنالوجی کی ترقی کے ساتھ ساتھ ہمارے ورثے، ثقافت اور روایات کے مظاہرے کا موقع فراہم کیا۔ جی-20 کے رکن ممالک کے رہنماؤں اور مندوبین نے اس کی وسیع پیمانے پر تعریف کی۔

بین الاقوامی معیشت کو متحرک کرنا، ترقی کے لیے وسیع تر وسائل کی دستیابی، سیاحت کی توسیع، کام کی جگہوں کے عالمی مواقع، باجرے کی پیداوار اور استعمال کے ذریعے مضبوط غذائی تحفظ اور بایو ایندھن کے لیے گہری وابستگی جی 20 سربراہی اجلاس کے نمایاں نتائج میں شامل ہیں جن سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔

سربراہی اجلاس کے دوران ہندوستان-مشرق وسطی-یورپ اقتصادی راہداری معاہدہ اور گلوبل بایو ایندھن الائنس بھی کافی اہمیت کا حامل تھا۔

مرکزی کابینہ نے جی 20 سربراہی اجلاس کی کامیابی میں شامل تمام تنظیموں اور افراد کے تعاون کی تعریف کی۔ اس نے اس جوش اور جذبے کو تسلیم کیا جس کے ساتھ ہندوستان کے لوگ، خاص طور پر نوجوان نسل نے اس کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس نے دنیا میں ترقی اور نشو و نما کو فروغ دینے کے مقصد سے ہندوستانی جی 20 صدارت کو ایک مضبوط سمت دینے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کا اعتراف کیا۔

**************

ش ح۔ ف ش ع- م ف

U: 9478



(Release ID: 1957175) Visitor Counter : 157