نائب صدر جمہوریہ ہند کا سکریٹریٹ
ایس فانگون کونیاک راجیہ سبھا کی صدارت کرنے والی ناگالینڈ کی اولین خاتون رکن بنیں
راجیہ سبھا کے چیئرمین نے وائس چیئر پرسنز کے پینل کے لیے چار اراکین پارلیمنٹ کو نامزد کیا
Posted On:
25 JUL 2023 4:41PM by PIB Delhi
راجیہ سبھا میں ناگالینڈ کی پہلی خاتون رکن محترمہ فانگون کونیاک نے اہم تاریخ رقم کرتے ہوئے آج ایوان کی صدارت کی۔ اس سے قبل انہوں نے 17 جولائی 2023 کو نائب چیئرپرسن کے پینل میں شامل ہونے والی پہلی خاتون رکن بن کر تاریخ رقم کی تھی۔
صنفی مساوات قائم کرنے کے سلسلے میں ایک غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے، راجیہ سبھا کے چیئرمین جناب جگدیپ دھنکڑ نے گذشتہ ہفتے نائب چیئرپرسنز کے پینل میں چار خاتون اراکین (مجموعی اراکین کی 50 فیصدتعداد ) کو شامل کیا تھا۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پینل میں نامزد تمام تر خاتون اراکین کی رکن پارلیمنٹ کے طور پر یہ پہلی مدت کار ہے۔ مانسون اجلاس سے قبل تشکیل پانے والے پینل میں مجموعی طور پر آٹھ نام شامل ہیں جن میں سے نصف خواتین ہیں۔ ایوان بالا کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وائس چیئرپرسنز کے پینل میں خاتون اراکین کو مساوی نمائندگی دی گئی ہے۔
گذشتہ ہفتے نائب چیرپرسنز کے پینل میں نامزد کی گئیں خاتون اراکین کی تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں۔
محترمہ پی ٹی اوشا:
- وہ پدم شری ایوارڈ یافتہ اور ایک مشہور کھلاڑی ہیں۔ انہیں جولائی 2022 میں راجیہ سبھا کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
- وہ کمیٹی برائے دفاع، اور نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت کی مشاورتی کمیٹی اور اخلاقیات کی کمیٹی کی رکن ہیں۔
محترمہ ایس فانگون کونیاک:
- ان کا تعلق بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے۔ وہ اپریل 2022 میں ناگالینڈ سے راجیہ سبھا کی رکن منتخب ہونے والی پہلی خاتون ہیں اور ریاست کی دوسری خاتون ہیں جو پارلیمنٹ یا ریاستی اسمبلی کے ایوانوں میں سے کسی ایک کے لیے منتخب ہوئی ہیں۔
- وہ نقل و حمل، سیاحت اور ثقافت کی کمیٹی ، شمال مشرقی خطے کی ترقی کی وزارت کی مشاورتی کمیٹی، خواتین کی اختیارکاری سے متعلق کمیٹی، ہاؤس کمیٹی اور شمال مشرقی اندراگاندھی ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز، شیلانگ کی گورننگ کونسل کی رکن ہیں۔
ڈاکٹر فوزیہ خان:
- ان کا تعلق نیشنلسٹ کانگریس پارٹی سے ہے۔ وہ اپریل 2020 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئی تھیں۔
- وہ خواتین کی اختیارکاری سے متعلق کمیٹی، امور صارفین کی کمیٹی، خوراک اور عوامی نظام تقسیم، وزارت قانون و انصاف کی مشاورتی کمیٹی کی رکن ہیں۔
محترمہ سولتا دیو:
- ان کا تعلق بیجو جنتا دل سے ہے۔ انہیں جولائی 2022 میں راجیہ سبھا کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
- وہ صنعت سے متعلق کمیٹی، خواتین کی اختیارکاری سے متعلق کمیٹی، آفس آف پرافٹ کی مشترکہ کمیٹی، میمبرس آف پارلیمنٹ لوکل ایریا ڈیولپمنٹ اسکیم(ایم پی ایل اے ڈی ایس) اور خواتین و اطفال کی ترقی کی وزارت کی مشاورتی کمیٹی کی رکن ہیں۔
**********
(ش ح –ا ب ن۔ م ف)
U.No:7487
(Release ID: 1942500)
Visitor Counter : 134