وزارت اطلاعات ونشریات
فرانس میں انیسی انٹرنیشنل اینی میشن فیسٹیول میں ہندوستان کی تخلیقی معیشت کی نمائش کی گئی
آئی اینڈ بی کے سیکریٹری کی قیادت میں ہندوستانی وفد نے وزارت کی طرف سے اے وی جی سی سیکٹر کو دی گئی مراعات پر روشنی ڈالی، ہندوستان میں ایک بین الاقوامی اینی میشن فیسٹیول کی میزبانی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا
Posted On:
14 JUN 2023 2:43PM by PIB Delhi
انیسی، 14 جون، 2023: ہندوستان اس سال پہلی بار دی انیسی انٹرنیشنل اینی میشن فیسٹیول (اے آئی اے ایف) میں حصہ لے رہا ہے۔ ایک ہندوستانی وفد کی قیادت سیکرٹری اطلاعات و نشریات جناب اپورواچندرا نے کی۔ اس فیسٹول میں اینی میشن انڈسٹری کی نامور شخصیات کے ساتھ اے آئی اے ایف میں عالمی سامعین کے لیے اینی میشن اور وی ایف ایکس مواد بنانے میں ہندوستان کی قابلیت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
ہندوستان حال ہی میں عالمی پروڈکشن ہاؤسز کے لیے وی ایف ایکس اور اینی میشن مواد کی ایک ترجیحی منزل کے طور پر ابھرا ہے۔ ہندوستان میں اینی میشن اور وی ایف ایکس مارکیٹ کی قیمت 2021 میں 109 بلین روپے ہونے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، صرف وی ایف ایکس کا کاروبار 50 بلین روپے کا ہے۔ ایک ای اینڈ وائی رپورٹ کے مطابق اس تعداد کے 2024 تک بڑھ کر 180 بلین روپے ہوجانے کی توقع ہے۔ اس لیے انیسی میں ہندوستان کی شرکت زیادہ اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ ملک بین الاقوامی خریداروں کے سامنے اس شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہا ہے۔
ہندوستان کی شرکت کے بارے میں بات کرتے ہوئے، جناب چندرا نے کہا کہ ’’ہندوستان میں اینی میشن، گیمنگ، ویژوئل افیکٹس اینڈ کامکس (اے وی جی سی) سیکٹر عالمی معیار کی تکنیکوں اور جدید ٹیکنالوجیز کو اپناکر ترقی کر رہا ہے، جس کے ساتھ ساتھ بے پناہ باصلاحیت پیشہ ور افراد بھی جڑے ہوئے ہیں۔ ہندوستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے، جو بھارت میں اے وی جی سی مواد بنانے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں کو نقد مراعات فراہم کرتا ہے۔ یہ مراعات وہی ہیں جو بھارت میں فلموں کی شوٹنگ کے لیے ہیں۔ کمپنیوں کے لیے اس سے فائدہ اٹھانے کا یہ ایک بہت بڑا موقع ہوتا ہے۔ ایک ملک کے طور پر، ہم صنعت کو مراعات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں پروڈکشن سے پہلے اور بعد کی سرگرمیوں کی حمایت کرنے کے تئیں پرعزم ہیں۔‘‘
میلے میں جناب چندرا نے اے آئی اے ایف کے ڈائریکٹر مائیکل مارین سے ملاقات کی اور انیسی میں ہندوستان کی تعامل کو مضبوط بنانے کے امکانات اور ہندوستان میں اینی میشن فلم فیسٹیول کی میزبانی کے لئے ہندوستان اور فرانس کے درمیان تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ جناب چندرا نے انڈیا پویلین کا افتتاح کیا، جسے سرسوتی ینتر کی تھیم پر ڈیزائن کیا گیا ہے۔ انھوں نے ہندوستانی تخلیقی برادری کے ساتھ بات چیت بھی کی جنہوں نے 2023 کے باوقار انیسی فیسٹیول مقابلے میں داخلہ حاصل کیا ہے۔ کلپ سنگھوی کے ساتھ صنعت کے سینئرز جیسے سرسوتی وانی بلگم، کریت کھورانہ، برین گھوش، انل ونواری اور این دوشی وغیرہ میلے میں موجود تھے۔
اس کے علاوہ جناب چندرا نے دوسرے ممالک کے مندوبین کے ساتھ بات چیت کی اور اے وی جی سی سیکٹر کے حوالے سے وزارت کے مختلف اقدامات، اس شعبے میں کاروبار میں آسانی کے لیے ہندوستانی حکومت کی طرف سے دی گئی مراعات کے تعلق سے بات چیت کی۔
******
ش ح۔ م م۔ م ر
U-NO. 6142
(Release ID: 1932355)
Visitor Counter : 131