وزیراعظم کا دفتر

بالی کے دورے سے قبل جی 20 لیڈروں کے سربراہی اجلاس کے لیے روانگی کے وقت وزیر اعظم کا بیان

Posted On: 14 NOV 2022 9:14AM by PIB Delhi

میں 14-16 نومبر 2022 تک بالی میں17ویں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ، انڈونیشیا کے دورے پر جارہا ہوں ، جس کی صدارت انڈونیشیا کرے گی۔

بالی سربراہی اجلاس کے دوران، میں  جی 20 کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ عالمی تشویش کے اہم مسائل، جیسے عالمی ترقی، خوراک اور توانائی کی حفاظت، ماحولیات، صحت، اور ڈیجیٹل تبدیلی کو بحال کرنے پر وسیع بات چیت کروں گا۔ جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر، میں کئی دیگر شریک ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کروں گا، اور ان کے ساتھ ہندوستان کے باہمی تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔ میں 15 نومبر 2022 کو بالی میں ایک استقبالیہ میں ہندوستانی برادری سے خطاب کرنے کا بھی  منتظر ہوں۔

ہمارے ملک اور شہریوں کے لیے یہ لمحات بہت اہمیت کے حامل رہیں گے کہ ، انڈونیشیا کے صدر جوکو ود وڈو بالی سربراہی اجلاس کی اختتامی تقریب میں  جی20کی صدارت ہندوستان کے حوالے کریں گے۔ ہندوستان یکم دسمبر 2022 سے باضابطہ طور پرجی 20 کی صدارت سنبھالے گا۔ میں اگلے سال جی  20 اجلاس میں جی 20 ممبران اور دیگر مہمانوں کو  اپنی طرف سے ذاتی طور پر دعوت بھی دوں گا۔

جی 20 چوٹی کانفرنس میں اپنی بات چیت کے دوران، میں ہندوستان کی کامیابیوں اور عالمی چیلنجوں سے اجتماعی طور پر نمٹنے کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو اُجاگر کروں گا۔ ہندوستان کی جی 20 صدارت ‘‘واسودھائیوا کٹمبکم’’یا ‘‘ایک زمین ایک خاندان ایک مستقبل’’ کے تھیم پر مبنی ہوگی، جو سب کے لیے مساوی ترقی اور مشترکہ مستقبل کے پیغام کو اُجاگر کرتی ہے۔

*************

 

 

ش ح۔ س ب ۔ رض

U. No.12488



(Release ID: 1875738) Visitor Counter : 183