وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے وڈودرا میں گجرات گورَو ابھیان میں شرکت کی


21000 کروڑ روپئے کے بقدر کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

پی ایم آواس یوجنا کے تحت 1.4 لاکھ سے زائد مکانات کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا

16000 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے پروجیکٹوں کے توسط سے خطے میں ریل کنکٹیویٹی کو زبردست تقویت حاصل ہوگی

800 کروڑ روپئے کے بجٹی تخمینہ کے ساتھ ’مکھیہ منتری ماترو شکتی یوجنا‘ کا آغاز کیا

’’خواتین کی تیز رفتار ترقی اور ان کی اختیار کاری21ویں صدی کے بھارت کی تیزرفتار ترقی کے لیے مساوی طور پر اہمیت کی حامل‘‘

’’آج بھارت خواتین کی ضرورتوں اور امنگوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے منصوبے وضع کر رہا ہے اور فیصلے لے رہا ہے‘‘

’’وڈودرا سنسکاروں کا شہر ہے۔ یہ شہر یہاں آنے والوں کا ہر طرح سے خیال رکھتا ہے‘‘

’’ہم نے فیصلہ سازی میں مزید مواقع دینے اور گجرات میں خواتین کو ہر سطح پر ترقی دینے کی کوشش کی ہے‘‘

Posted On: 18 JUN 2022 3:25PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج وڈودرا میں گورَو ابھیان میں شرکت کی۔ انہوں نے 21000 کروڑ روپئے کے بقدر کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا آغاز کیا  اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر مستفیدین، وزیر اعلیٰ جناب بھوپیندر بھائی پٹیل ، مرکزی اور ریاستی وزراء، عوامی نمائندگان اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

شروعات میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج، ان کے  لیے، ماترو وندنا (ماں کی عبادت) کا دن ہے۔ انہوں نے اپنے دن کا آغاز اپنی والدہ کا آشیرواد لے کر کیا جو آج اپنے 100ویں برس میں داخل ہوئی ہیں۔ اس کے بعد، انہوں نے پاواگڑھ ہل میں واقع شری کالیکا ماتا کے نوتعمیر شدہ مندر کا افتتاح کیا، جہاں انہوں نے ملک کے لیے عبادت کی اور ملک کی خدمت کرنے اور امرت کال میں ملک کے لیے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے دیوی سے طاقت مانگی۔ بعد ازاں انہوں نے اس موقع پر موجود بڑی ’ماترو شکتی‘ کے آگے سر عقیدت خم کیا۔

آج کے پروگرام میں 21000 کروڑ روپئے کے بقدر پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ پروجیکٹس گجرات کی ترقی کے توسط سے بھارت کے ترقی کے تصور کو تقویت بہم پہنچائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ زچگی کی صحت، ناداروں کے لیے مکانات، کنکٹیویٹی اور اعلیٰ تعلیم  جیسے شعبوں میں یہ زبردست سرمایہ کاری گجرات کی صنعتی ترقی کو قوت عطا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ، ان پروجیکٹوں میں سے متعدد پروجیکٹوں کا تعلق، صحت، تغذیہ اور خواتین کی اختیارکاری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ڈبل انجن والی حکومت  کی کوششوں کو ماں کالیکا کے آشیرواد سے ایک نیا سہارا ملا ہے۔ مجمع میں موجود متعدد جانے پہچانے چہروں کو پہچانتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’خواتین کی تیز رفتار ترقی اور ان کی اختیارکاری 21ویں صدی کے بھارت کی تیز رفتار ترقی کے لیے مساوی طور پر اہمیت کی حامل ہے۔آج بھارت خواتین کی ضرورتوں اور اُمنگوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کر رہا  ہے اور فیصلے لے رہا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام شعبوں میں خواتین کے لیے مواقع فراہم کرائے گئے ہیں اور حکومت  نے ان کے دورانیہ حیات کے ہر مرحلے کو ذہن میں رکھتے ہوئے خواتین کی اختیار کاری کے لیے اسکیمیں وضع کی ہیں۔ ’’وڈودرا ماترو شکتی کے جشن کے لیے ایک موزوں شہر ہے کیونکہ یہ ایک ماں کی طرح سنسکار دینے والا شہر ہے۔ وڈودرا سنسکاروں کا شہر ہے۔ یہ شہر یہاں آنے والوں کا ہر طرح سے خیال رکھتا ہے، ان کی خوشیوں او ر غم میں ان کا ساتھ دیتا ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے کہا کہ اس شہر نے سوامی وویکانند، مہارشی اروِند، وِنوبا بھاوے اور باباصاحب امبیڈکرجیسی شخصیات کو ترغیب فراہم کی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 2014 میں انہیں وڈودرا اور کاشی وشوناتھ دونوں سے آشیرواد حاصل ہوا۔ انہوں نے زچگی اور خواتین کی صحت کی اہمیت کا ذکر  کیا۔ ماں کی صحت نہ صرف اس کے لیے ، بلکہ پورے کنبے خصوصاً بچے کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’دو دہائی قبل جب گجرات نے مجھے خدمت کا موقع دیا، اس وقت یہاں سوئے تغذیہ ایک بہت بڑی چنوتی تھی۔ تب سے ہم نے اس سمت میں ایک کے بعد ایک کام کرنے شروع کیے، جس کے اچھے نتائج آج نظر آرہے ہیں۔‘‘وزیر اعظم نے قبائلی علاقوں میں سکل سیل بیماری سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ستمبر کو ’پوشن ماہ‘ یعنی تغذیہ کے مہینے کے طور پر منانے کا فیصلہ گجرات میں خواتین کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ تغذیہ کے علاوہ، حکومت  نے سووَچھ بھارت اور اُجوَلا جیسی اسکیموں کے ذریعہ خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرانے  کے لیے بھی کام کیا ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا، ’’ہم نے فیصلہ سازی میں مزید مواقع فراہم کیے ہیں تاکہ گجرات میں خواتین کو ہر سطح پر ترقی دی جا سکے۔ خواتین کی انتظام کاری صلاحیت کو سمجھتے ہوئے، بہنوں کو گاؤں سے متعلق متعدد پروجیکٹوں میں  قائدانہ کردار دیے گئے ہیں۔‘‘ انہوں نے کنبے کی مالی فیصلہ سازی میں خواتین کے لیے مرکزی کردار کو یقینی بنانے کے سلسلے میں عہد بستگی کا بھی اعادہ کیا۔ جن دھن یوجنا کھاتے، مدرا یوجنا اور سواروزگار یوجنا اس کاز کے لیے تعاون فراہم کر رہی ہیں۔  جناب مودی نے شہری ناداروں اور متوسط طبقے کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کا بھی ذکر کیا۔ شہری نادار کنبوں کو پہلے ہی 7.5 لاکھ مکانات فراہم کرائے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 4.5 لاکھ متوسط کنبوں کو مکانات کی تعمیر میں مدد حاصل ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مناسب کرایہ اور سواندھی جیسی اسکیمیں دیہی ناداروں اور متوسط طبقات کو مدد فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہبودی اقدامات کے علاوہ ریاست کی صنعتی اور بنیادی ڈھانچہ ترقی کے لیے بھی کام جاری ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات میں سیاحت کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات وڈودرا کو بہت سے فوائد بہم پہنچائیں گے۔ پاواگڑھ اور کیوڑیا کو سیاحتی مراکز کے طور پر ترقی دی جا چکی ہے۔ وڈودرا ریلوے اور ہوابازی بنیادی ڈھانچہ  شعبوں میں زبردست بہتری ملاحظہ کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسی طرح، مرکزی یونیورسٹی، ریل یونیورسٹی، برسا منڈا قبائلی یونیورسٹی تعلیمی شعبے میں نئی توانائی لا رہی ہیں۔

پروگراموں کی تفصیلات:

وزیر اعظم نے 16000 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کو وقف کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں دیگر پروجیکٹوں کے علاوہ کلی طور پر وقف مال بھاڑا گلیارے کے 357 کلو میٹر طویل نئے پالن پور۔مدار سیکشن  کو وقف کرنا؛ 166 کلو میٹر طویل احمدآباد۔بوٹاڈ سیکشن کی گیج تبدیلی؛ 81 کلو میٹر طویل پالن پور۔میٹھا سیکشن کی برق کاری بھی شامل ہے۔  وزیر اعظم نے ریلوے کے شعبے میں دیگر پہل قدمیوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ سورت، اُدھنا، سومناتھ اور سابرمتی اسٹیشنوں کی ازسرنو تجدیدکاری کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ پروجیکٹس خطے میں لاجسٹکس لاگت میں تخفیف لانے کے علاوہ صنعتی اور زرعی شعبے کو تقویت بہم بھی پہنچائیں گے۔ یہ پروجیکٹس خطے میں کنکٹیویٹی بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ مسافرین کی سہولتوں میں بھی اضافہ کریں گے۔

پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت، وزیر اعظم کے ذریعہ مجموعی طور پر 1.38 لاکھ مکانات کو وقف کیا جائے گا، جن میں تقریباً 1800 کروڑ روپئے کے بقدر کے مکانات شہری علاقوں میں اور 1530 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مکانات دیہی علاقوں میں ہیں۔ اس کے علاوہ، 310 کروڑ روپئے کی لاگت کے تقریباً 3000 مکانات کا کھت مہورت بھی کیا گیا۔

پروگرام کے دوران، وزیر اعظم نے کھیڑا، آنند، وڈودرا، چھوٹا ادے پور اور پنچ محل میں 680 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مختلف ترقیاتی کاموں کو وقف کیا اور ان کا سنگ بنیاد رکھا، جن کا مقصد خطے میں لوگوں کی زندگی میں مزید آسانیاں پیدا کرنا ہے۔

وزیر اعظم نے گجرات کے دبھوئی تعلقہ کے کنڈھیلا گاؤں میں گجرات سینٹرل یونیورسٹی  کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ وڈودرا شہر سے تقریباً 20 کلو میٹر کی دوری پر واقع یہ یونیورسٹی تقریباً 425 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کی جائے گی اور 2500 سے زائد طلبا کی اعلیٰ تعلیمی ضرورتوں کو پورا کرے گی۔

زچہ اور بچہ کی صحت میں بہتری پر توجہ دینے کے مقصد سے، وزیر اعظم نے ’مکھیہ منتری ماترو شکتی یوجنا‘ کا آغاز کیا، جس کے لیے 800 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے تحت، حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو آنگن واڑی مراکز سے ہر مہینے 2 کلو گرام چنا ، ایک کلو گرام تور کی دال اور ایک کلو گرام خوردنی تیل بلا قیمت فراہم کرایا جائے گا۔ وزیر اعظم نے ’پوشن سُدھا یوجنا‘ کے لیے تقریباً 120 کروڑ روپئے بھی تقسیم کیے۔ اس اسکیم کو اب ریاست میں تمام قبائلی مستفیدین تک توسیع دی جا رہی ہے۔ قبائلی اضلاع کی حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو آئرن اور کیلشیم کی ادویہ فراہم کرانے اور تغذیہ کے بارے میں تعلیم دینے کے کامیاب تجربہ کے بعد یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔

 

 

**********

 

 (ش ح –ا ب ن۔ م ف)

U.No:6632



(Release ID: 1835104) Visitor Counter : 126