وزیراعظم کا دفتر

وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کی مثالی ہفتہ (آئیکونک ویک)تقریبات کا افتتاح کیا


وزیر اعظم نے کریڈٹ سے منسلک سرکاری اسکیموں کے لیے قومی پورٹل - جن سمرتھ پورٹل کا آغاز کیا

‘‘یہ ہمارے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو نئی توانائی بخشنے اور نئے عہدوپیماں کے لیے خود کو وقف کرنے کا لمحہ ہے’’

‘‘عوامی شراکت داری میں اضافے نے ملک کی ترقی کو تحریک دی ہے اور غریب ترین افراد کو بااختیار بنایا ہے’’

‘‘ہم شہریوں میں احساس محرومی سے باہر آنے اور بڑے خواب دیکھنے کا ایک نیا اعتماد دیکھ رہے ہیں’’

‘‘21ویں صدی کا بھارت عوام پر مرکوز طرز حکمرانی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے’’

‘‘جب ہم اصلاحات،سہل کاری اور آسانی کی طاقت کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں، تو ہم سہولت کی ایک نئی سطح کو حاصل کرتے ہیں’’

‘‘دنیا ہمیں ایک قابل، گیم چینجنگ ، تخلیقی، اختراعی ماحولیاتی نظام کے طور پر امید اور اعتماد کے ساتھ دیکھ رہی ہے’’

​​​​​​​‘‘ہم نے عام بھارتیوں کے شعور پر بھروسہ کیا ہے۔ ہم نے ترقی میں ذہین شرکاء کے طور پر عوام کی حوصلہ افزائی کی ہے’’

Posted On: 06 JUN 2022 12:09PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج وزارت خزانہ کی مثالی ہفتہ (آئیکونک ویک)تقریبات کا افتتاح کیا۔ یہ ہفتہ 6 سے 11 جون 2022 تک ‘آزادی کا امرت مہوتسو’(اے کے اے ایم) کے حصے کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کریڈٹ سے منسلک سرکاری اسکیموں کے لیے قومی پورٹل - جن سمرتھ پورٹل بھی لانچ کیا۔ انہوں نے ایک ڈیجیٹل نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں دونوں وزارتوں کے گزشتہ آٹھ سالوں کے سفر کی عکاسی کی گئی ہے۔ وزیر اعظم نے 1، 2، 5، 10 اور 20 روپے کے سکوں کی ایک خصوصی سیریز بھی جاری کی۔ سکوں کی اس خصوصی سیریز میں اے کے اے ایم کے لوگو کی تھیم ہوگی اور بصارت سے محروم افراد بھی اسے آسانی سے پہچان سکیں گے۔

حاضرین  سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ جس نے بھی آزادی کی طویل جدوجہد میں حصہ لیا، اس  نے تحریک میں ایک مختلف جہت کا اضافہ کیا اور اس کی توانائی کو بڑھایا۔ کسی نے ستیہ گرہ کا راستہ اختیار کیا، کسی نے ہتھیاروں کا راستہ اختیار کیا، کسی نے عقیدہ اور روحانیت کا راستہ اختیار کیا اور کچھ نے آزادی کی مشعل کو روشن رکھنے میں فکری مدد کی، آج وہ دن ہے جب ہم ان سب کے تعاون کا اعتراف  کرتے ہیں۔

آج جب ہم آزادی کے 75 سال کا جشن منا رہے ہیں، وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ یہ  ملک کے ہرباشندے کا فرض ہے کہ وہ اپنی سطح پر قوم کی ترقی میں خصوصی تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے مجاہدین آزادی کے خوابوں کو نئی توانائی بخشنے اور نئے عہدوپیماں کے لیے خود کو وقف کرنے کا لمحہ ہے۔

وزیر اعظم نے نوٹ کیا کہ بھارت  نے بھی پچھلے آٹھ سالوں میں مختلف جہتوں پر کام کیا ہے۔ اس عرصے کے دوران ملک میں جو عوامی شراکت داری بڑھی ہے اس نے ملک کی ترقی کو تحریک دی ہے اور ملک کے غریب ترین شہریوں کو بااختیار بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سووچھ بھارت مہم نے غریبوں کو عزت کے ساتھ جینے کا موقع فراہم کیا ہے۔ پکے گھر، بجلی، گیس، پانی اور مفت علاج جیسی سہولیات نے غریبوں کا وقار بڑھایا ہے اور سہولیات میں بہتری آئی ہے۔ کورونا کے دور میں مفت راشن کی اسکیم نے  ملک کے 80 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو بھوک کے خوف سے نجات دلائی۔ انہوں نے کہا کہ ‘‘ہم شہریوں میں احساس محرومی سے باہر آنے اور بڑے خواب دیکھنے کا ایک نیا اعتماد دیکھ رہے ہیں’’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک  کو ماضی میں حکومت پر مرکوز حکمرانی کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ لیکن آج 21ویں صدی کا بھارت عوام پر مرکوز طرز حکمرانی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے لوگوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنے کے لیے حکومت کے پاس جائیں۔ اب گورننس کو لوگوں تک لے جانے اور انہیں مختلف وزارتوں اور ویب سائٹس کے چکر لگانے کے چکر سے آزاد کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔ کریڈٹ سے منسلک سرکاری اسکیموں کے لیے قومی پورٹل - جن سمرتھ پورٹل کا آغاز اس سمت میں ایک بڑا قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل طلباء، کسانوں، تاجروں، ایم ایس ایم ای کاروباری افراد کی زندگیوں کو بہتر بنائے گا اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے میں ان کی مدد کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی اصلاح، اگر اس کے مقاصد اور اہداف واضح ہوں اور اس کے نفاذ میں سنجیدگی ہو تو اچھے نتائج یقینی ہوتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہمارے ملک کے نوجوانوں کو ان اصلاحات کے مرکز میں رکھا گیا ہے جو پچھلے آٹھ سالوں میں ملک نے کی ہیں۔ اس سے انہیں اپنی صلاحیت دکھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ‘‘ہمارے نوجوان اپنی مرضی کی کمپنی آسانی سے کھول سکتے ہیں، وہ آسانی سے اپنا کاروبار شروع کر سکتے ہیں، اور وہ آسانی سے اسے چلا سکتے ہیں۔ اس لیے 30 ہزار سے زیادہ تعمیلات (کمپلائنسز) کو کم کر کے، 1500 سے زیادہ قوانین کو ختم کر کے، اور کمپنیز ایکٹ کی متعدد دفعات کو غیرفوجداری  قرار دیکر ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ بھارتی کمپنیاں نہ صرف آگے بڑھیں بلکہ نئی بلندیاں بھی حاصل کریں’’۔

وزیراعظم نے کہا کہ اصلاحات کے حوالے سے حکومت کی توجہ سہل کاری پر ہے۔ جی ایس ٹی نے اب مرکز اور ریاست کے بہت سے ٹیکسوں کی جگہ لے لی ہے۔ اس سہل کاری کا نتیجہ ملک بھی دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب جی ایس ٹی کی وصولی کا ہر ماہ ایک لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کرنا معمول بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ای ایم پورٹل نے سرکاری  خریداری میں نئی ​​آسانی  پیدا کی ہے اور اشیاء کو حکومت کو فروخت کرنا بہت آسان بنا دیا ہے۔ وزیر اعظم نے مطلع کیا کہ پورٹل کے لیے خریداری کا ہندسہ 1 لاکھ کروڑ سے تجاوز کر گیا ہے۔ انہوں نے ایسے پورٹلز کے بارے میں بھی بات کی جو کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق معلومات کے لیے انویسٹ انڈیا پورٹل، کاروباری رسمی کارروائیوں کے لیے سنگل ونڈو کلیئرنس پورٹل کے بارے میں بات کی۔ وزیر اعظم نے اشارہ کیاکہ اس سلسلے میں یہ جن سمرتھ پورٹل ملک کے نوجوانوں اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی مدد کرنے جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ‘‘آج جب ہم اصلاحات، سہل کاری اور آسانی کی طاقت کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، ہم سہولت کی ایک نئی سطح حاصل کررہے ہیں۔ ہم نے پچھلے 8 سالوں میں دکھایا ہے کہ اگر بھارت اجتماعی طور پر کچھ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے تو بھارت دنیا کے لیے ایک نئی امید بن جاتا ہے۔ آج دنیا ہمیں نہ صرف ایک بڑی صارف منڈی کے طور پر دیکھ رہی ہے بلکہ ہمیں ایک قابل، گیم چینجنگ، تخلیقی، اختراعی ماحولیاتی نظام کے طور پر امید اور اعتماد کے ساتھ دیکھ رہی ہے’’۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کا ایک بڑا حصہ بھارت سے مسائل کے حل کی توقع رکھتا ہے۔ یہ اس لیے ممکن ہواہے کہ پچھلے 8 سالوں میں ہم نے عام بھارتیوں کے شعورپر بھروسہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نے یو پی آئی کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ‘‘ہم نے ترقی میں ذہین شرکاء کے طور پر عوام کی حوصلہ افزائی کی۔ ہم نے ہمیشہ پایا ہے کہ اچھی حکمرانی کے لیے جو بھی ٹکنالوجی استعمال کی جاتی ہے اسے لوگ نہ صرف اپناتے ہیں بلکہ اسے سراہتے بھی ہیں’’۔

 

*****

ش ح۔ م م۔ ع ن۔

U- 6156



(Release ID: 1831488) Visitor Counter : 184