امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت

پردھان منتری غریب کلیان یوجنا -IV کے تحت تقسیم کے لیے 31 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے 15.30 لاکھ میٹرک ٹن مفت اناج اٹھایا گیا



پردھان منتری غریب کلیان یوجنا-III کے تحت سبھی 36 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے 78.26 لاکھ میٹرک ٹن مفت اناج اٹھایا گیا

اناج کی آسان طریقے سے سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے، ایف سی آئی ملک بھر میں سبھی ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو اناج پہنچا رہا ہے


یکم اپریل 2021 سے ایف سی آئی کے ذریعے اناج کے 4005 ریک لوڈ کیے گئے ہیں

Posted On: 13 JUL 2021 3:29PM by PIB Delhi

حکومت ہند کووڈ-19 وبائی مرض کے دوران غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لوگوں کو مفت اناج مہیا کرانے کا اب تک سب سے لمبا پروگرام چلا رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کو 5 مہینے یعنی جولائی سے نومبر 2021 تک کے لیے بڑھا دیا ہے اور پی ایم جی کے اے وائی-IV (جولائی- نومبر 2021) کے تحت 198.79 لاکھ میٹرک ٹن غذائی اجناس کی اضافی تقسیم کی گئی ہے۔

پی ایم جی کے اے وائی-IV (جولائی- نومبر 2021) کے تحت 31 ریاستوں یعنی آندھرا پردیش، انڈمان اور نکوبار، اروناچل پردیش، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، دادر اور نگر حویلی اور دمن اور دیو، دہلی، گجرات، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، جھارکھنڈ، کرناٹک، کیرالہ، لداخ، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، اوڈیشہ، راجستھان، سکم، تمل ناڈو، تلنگانہ، تریپورہ، اترپردیش، اتراکھنڈ اور مغربی بنگال نے اناج اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ 12 جولائی، 2021 تک 15.30 لاکھ میٹرک ٹن مفت اناج ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ذریعے اٹھا لیا گیا ہے۔

پی ایم جی کے اے وائی-IV کی کامیاب عمل آوری کے لیے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے پہلے ہی تمام ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں وافر مقدار میں اسٹاک مہیا کرا دیا ہے۔ فی الحال مرکزی پول کے تحت 583 لاکھ میٹرک ٹن گیہوں اور 298 لاکھ میٹرک ٹن چاول (کل 881 لاکھ میٹرک ٹن اناج) دستیاب ہے۔

پردھان منتری غریب کلیان یوجنا-III (مئی- جون 2021) کے تحت فوڈ کارپوریشن آف انڈیا نے سبھی 36 ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو 78.26 لاکھ میٹرک ٹن مفت اناج کی سپلائی کی ہے۔

فوڈ کارپوریشن آف انڈیا (ایف سی آئی) سبھی ریاستوں/ مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حکومتوں کو مناسب سپلائی یقینی بنانے کے لیے پورے ملک میں اناج پہنچا رہا ہے۔ یکم اپریل 2021 سے ایف سی آئی کے ذریعے اناج کے 4005 ریک لوڈ کیے گئے ہیں۔

*****

ش  ح –  ق ت –  ت  ع

U:6497

 

 


(Release ID: 1735183) Visitor Counter : 218