وزیراعظم کا دفتر

وزیراعظم 19؍فروری کو کیرالہ میں بجلی اور شہری سیکٹر کے اہم پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے

Posted On: 17 FEB 2021 8:57PM by PIB Delhi

وزیراعظم جناب نریندر مودی 19؍فروری 2021 کو شام ساڑھے چار بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کیرالہ میں بجلی اور شہری سیکٹر کے اہم پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس موقع پر کیرالہ کے وزیراعلیٰ کے ساتھ ساتھ بجلی کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج)اور نئی و قابل تجدید توانائی اور ہاؤسنگ اور شہری امور کے مرکزی وزیر مملکت بھی موجود رہیں گے۔

پُگلور- تریشور پاور ٹرانسمیشن پروجیکٹ:

وزیراعظم 320 کے وی پگلور (تمل ناڈو)- تریشور (کیرالہ) بجلی ٹرانسمیشن پروجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ یہ ایک وولٹیج سورس کنورٹر ( وی ایس سی) پر مبنی ہائی وولٹیج ڈائرکٹ کرنٹ (ایچ وی ڈی سی) پروجیکٹ ہے اور  اس میں بھارت کا پہلا ایچ وی ڈی سی لنک ہے، جس میں جدید وی ایس سی تکنیک کا استعمال کیا گیا ہے۔ 5070 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ، یہ مغربی علاقے سے 2000 میگاواٹ بجلی بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گا اور کیرالہ کے لوگوں کے لئے لوڈ میں اضافے کو پورا کرنے میں مدد کرے گا۔ اس وی ایس سی پر مبنی سسٹم میں اوور ہیڈ لائنوں کے ساتھ ایچ وی ڈی سی          ایکس ایل پی ای  (کراس لنکڈپالی  ایتھلین) کیبل کا انٹیگریشن ہوتا ہے اور روایتی ایچ وی ڈی سی نظام کے مقابلے 35 سے 40 فیصد کم زمین کی ضرورت ہوتی ہے۔

کاسرگوڑشمسی توانائی پروجیکٹ:

وزیراعظم 50 میگاواٹ کا سرگوڑ شمسی توانائی پروجیکٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اِسے قومی شمسی توانائی مشن کے تحت فروغ دیا گیا ہے۔ کاسر گوڑ ضلعے کے  پیولیک، مینجا اور چِپّر گاؤوں میں 250 ایکڑ سے زیادہ زمین پر پھیلے اِس پروجیکٹ کی تعمیر مرکزی حکومت کے تقریباً 280 کروڑ روپے کی مدد سے کی گئی ہے۔

مربوط کمان اور کنٹرول سینٹر:

وزیراعظم ترواننت پورم میں مربوط کمان اور کنٹرول سنٹر کی بنیاد رکھیں گے۔ 94 کروڑ روپے کی لاگت سے  تعمیر ہونے والے اس سینٹر کے قیام کا مقصد ترواننت پورم میونسپل کارپوریشن کے لئے اسمارٹ سالیوشن فراہم کرانا ہے۔ ساتھ ہی یہ ہنگامی صورتحال میں کوآرڈی نیٹیڈ کارروائی کے سینٹر کے طور پر کام کرے گا۔

اسمارٹ سڑک پروجیکٹ:

وزیراعظم ترواننت پورم میں اسمارٹ سڑک پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اندازاً 427 کروڑ روپے کی لاگت کا یہ پروجیکٹ ترواننت پورم کی موجودہ 37 کلو میٹر سڑکوں کو عالمی معیار کے اسمارٹ سڑکوں میں تبدیل کر دے گا، جس میں سڑک اور  جنکشن میں  بہتری کے ساتھ ساتھ پول سے گئے تاروں وغیرہ کو زمین کے اندر  کیا جانا شامل ہے۔

اَرو وِکارا میں آبی ٹریٹمنٹ پلانٹ:

وزیراعظم اے ایم آر یو ٹی مشن کے تحت ارووکارا میں بنے  75 ایم ایل ڈی (ملین لیٹر یومیہ)آبی ٹریٹمنٹ پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ یہ ترواننت پورم کے لوگوں کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی کو فروغ دے گا اور ارووکارا میں موجودہ ٹریٹمنٹ پلانٹوں میں رکھ رکھاؤ کا کام چلنے کی صورت میں شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کو برقرار رکھنے  میں مددگار ہوگا۔

*************

 

ش ح۔ف ا۔ک ا

U- 1688


(Release ID: 1698959) Visitor Counter : 249